(Last Updated On: )
کھارے پانی کی برف
اس محبت کی طرح ہوتی ہے
جو بس اندر ہی اندر
چرکے لگاتی رہتی ہے
وہ عورت
مینرل پانی سے بنی
برف کی ڈلی جیسی تھی
بہت عرصہ ہوا
میں برف کا استعمال نہیں کرتا
مگر
کسی نہ کسی محفل میں
کوئی نا کوئی
مینرل پانی سے بنی
برف کی ڈلی جیسی عورت
برف سمیت جام بڑھا دیتی ہے
جام میں پڑی برف کی ڈلی
اتنی حسین لگتی ہے
کہ
جیسے ہی مشروب
اور
برف ایک ہوتے ہیں
میں بوٹم اپ کر لیتا ہوں
بس پھر
کھارے پانی سے بنی برف
میرے اندر
چرکے لگاتی رہتی ہے