(Last Updated On: )
"کالا موتیا"
یہ ایک نہاں بیماری ہے
ریاستی دشمن کی خفیہ جیسی
ہماری بصارت کی دنیا میں
دبے پاؤں آتی ہے
اور روشنی کے ہر راستے پر ناکہ لگاتی ہے
ہماری نگاہوں کے چراغ
دھیرے دھیرے
اندھی کھائیوں میں گرنے لگتے ہیں
اور
بصارتوں کا آسمان
سکڑتے سکڑتے
ایک طشتری سا ہو جاتا ہے
ہم
اس طشتری میں قید ننھے دیوتاؤں سے
مرادیں مانگتے رہتے ہیں
خوشحالی کی اور خوشیوں کی
اور ہر بلا سے پناہ کی
یہ جانے بنا
کہ حادثوں کے سانپ
ہماری تنگ نگاہی کے سیاہ جنگلوں سے نکل کر
ہماری جانب لپک رہے ہیں