(Last Updated On: )
گرمی کا جب موسم آئے
ساتھ پسینہ لو بھی لائے
جوں ہی نہاؤ آتا ہے پسینہ
گرمی سے ہے مشکل جینا
سورج آگ ہے یوں برساتا
اس کو رحم نہیں ہے آتا
انساں چرند پرندے سارے
گرمی سے بے حال بچارے
لیکن گرمی جب بھی آئے
اچھے اچھے پھل بھی لائے
تربوزہ خربوزہ لیچی
آم و بیل اور گنّا ککڑی
ٹھنڈی ٹھنڈی جو ہے گنڈیری
گرمی میں ہے لگتی اچھی
فالسہ آلو چہ آلو بخارا
ان کا شربت لگتا اچھا
گرمی کے یہ پھل ہیں سارے
سب کے من کو بھاتے پیارے
لسّی خوب مزہ ہے دیتی
ٹھنڈی قلفی لگتی اچھی
ٹھنڈا ٹھنڈا میٹھا شربت
گرمی سے دیتا ہے راحت
گرمی گر نہیں ہوتی بھیّا
شربت بالکل لطف نہ دیتا
کولر اے سی اور یہ پنکھا
گرمی میں کیوں اچھا لگتا
گرمی جاڑا اور ہے برسات
الله نے یہ دی ہے سوغات
لطف ہے ان کا خوب اٹھاؤ
کھا پی کر ہے موج اڑاؤ
****
ارشاد احمد ارشاد