1965 میں ایک فلم آئی نام تھا "وقت”۔ اس فلم میں ایک گانا تھا "اے میری زہرہ جبیں، تجھے معلوم نہیں، تو ابھی تک ہے حسیں اور میں جواں ۔ تجھ پہ قربان میری جان میری جان”.
یہ گیت منا ڈے نے گایا۔ بعد میں اس گیت کےکئی ری مکس بھی مشہور ہوئے۔ گیت میں شاعر اپنے محبوب کو زہرہ جبیں کہہ رہا ہے۔ یعنی زہرہ کیطرح روشن پیشانی والی ۔۔ زہرہ کی طرح کیوں اور اس کا کیا مطلب ہے؟ زہرہ دراصل نظامِ شمسی کا دوسرا سیارہ ہے جو عطارد کے بعد آتا ہے۔ اسے صبح یا شام کا ستارہ بھی کہا جاتا ہے کہ یہ اکثر غروب آفتاب کے وقت یا طلوع آفتاب سے پہلے تک نمودار رہتا ہے۔ اور یہ آسمان میں چمکنے والا سب سے روشن سیارہ ہے۔ مگر زہرہ اس قدر روشن کیوں ہے کہ صدیوں سے شاعروں نے اپنے محبوب کے لیے اسے استعارہ بنا چھوڑا؟
اسکی وجہ ہے زہرہ کی فضا دبیز گہرے بادل ہیں جو دراصل اس سیارے کو جہنم بنا دیتےہیں۔ گو زہرہ سورج سے فاصلے میں عطارد کے مقابلے میں دور ہے مگر یہ نظامِ شمسی کا گرم ترین سیارہ ہے جہاں اسکی سطح پر دن کا درجہ حرارت 464 ڈگری سینٹی گریڈ تک چلا جاتا جو سیسے(Lead) کو بھی پگھلانے کے لیے کافی ہے۔ سو یہاں کوئی سیسہ پلائی دیوار بنا بھی لے تو وہ پگھل جائے گی۔
زہرہ کی فضا دراصل کاربن ڈائی آکسائڈ سے بھری ہے اور اسکے بادل گندھک کے تیزاب سے بنے ہیں۔اس سیارے پر روز تیزاب کی بارش ہوتی ہے۔ کاربن ڈائی آکسائیڈ چونکہ سورج کی روشنی کو جذب کرتی ہے اس وجہ سے سیارہ زہرہ بے حد گرم ہے۔ برسبیل تذکرہ زمین پر آج ماحولیاتی آلودگی کے باعث فضا میں گرین ہاؤس گیسیں بڑھ رہی ہیں جیسے کہ کاربن ڈائی آکسائڈ اور اگر انسانوں نے اسکے اخراج کو نہ روکا تو مستقبل میں زمین بھی زہرہ کی طرح اس قدر گرم ہو سکتی ہے کہ یہاں زندگی ناپید ہو جائے۔
زہرہ کے بادلوں پر جب سورج کی روشنی پڑتی ہے تو اس میں سے 70 فیصد روشنی بادلوں سے ٹکرا کر واپس خلا میں منعکس ہو جاتی ہے۔اسکے مقابلے میں جب زمین پر اسکے بادلوں اور سمندر کے پانیوں پر سورج کی روشنی پڑتی ہے تو 30 فیصد روشنی واپس خلا میں منعکس ہو کر جاتی ہے۔ گویا زہرہ زمین سے دو گنا زیادہ روشنی کو منعکس کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب اس پر سورج کی روشنی پڑتی ہے تو یہ رات کے آسمانوں میں زمین پر سے سب سے روشن دکھائی دیتا ہے اور تبھی گیت میں منا ڈے اپنے محبوب کو زہرہ جبیں کہہ کر مخاطب کرتا ہے۔
حالات کے دھارے
ہر شخص کی نوجوانی میں ایک ایسا وقت یا ایسا لمحہ ضرور آتا ہے، جب نوجوان لڑکے، لڑکیوں میں جذباتیت...