شکیلؔ بدایونی
نام شکیل احمد،تخلص شکیلؔ اور تاریخی نام عبدالغفار احمد۔ ۳؍اگست ۱۹۱۶ء کو بدایوں میں پیدا ہوئے۔ ولد جمیل احمد سوختہ قادری بدایونی، ابتدائی تعلیم اردو، فارسی اور عربی کی ہوئی۔ ۱۹۳۶ ء میں میٹرک مشن ہائی اسکول ، شیخوپورہ (بدایوں) سے کیا۔ ۱۹۴۲ء میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے بی اے کا امتحان پاس کیا۔ اس کے بعد مرکزی حکومت ہند کے محکمۂ سپلائی میں کلرک بھرتی ہوگئے۔ وہ دلی میں ۱۹۴۶ء تک رہے۔ فروری ۱۹۴۶ء میں شکیل ایک مشاعرے کے سلسلے میں بمبئی گئے۔ مشہور فلم ساز کاردار کے ایما پر مستقل طور پر بمبئی میں سکونت اختیار کرلی۔ شکیل نے سو سے زیادہ فلموں کے اردو ، ہندی اور پوربی زبانوں میں گیت لکھے ۔ انھوں نے گیتوں سے بہت روپیہ کمایا۔ شکیل کو ذیابطیس کی موروثی شکایت تھی۔ وہ ۲۰؍ اپریل ۱۹۷۰ء کو بمبئی میں انتقال کرگئے۔ وہ ضیاء القادری سے مشورہ سخن کرتے تھے۔ ان کی زندگی میں ان کے ادبی خدمات کے اعتراف میں غالب صدی تقریبات کے سلسلے میں گورنر یوپی (شری گوپال ریڈی) نے ان کے وطن بدایوں میں شکیل روڈ کا افتتاح کیا۔