پروین شاکر
نام سیّدہ پروین شاکر، تخلص پروینؔ 24 نومبر 1952ء میں کراچی میں پیدا ہوئیں ۔ان کے آباء و اجداد ، چندن پٹی لہیریاسرائے ضلع دربھنگہ(بہار) ہندوستان کے رہنے والے تھے ۔ تقسیم کے بعد ان کے والدین پاکستان ہجرت کر گئے ۔والد سیّد ثاقب حسین بھی شاعر تھے اور شاکرؔ تخلص کرتے تھے ۔ اسی نسبت سے وہ شاکر لکھتی تھیں ۔ ابتدا میں مینا تخلص کرتی تھیں۔ پندرہ برس کی عمر میں شاعری کی ابتدا ہوئی ۔پہلی نظم روزنامہ جنگ میں شائع ہوئی ۔1968ء میں جامعہ کراچی سے انگریزی ادب اور لسانیات میں ایم اے کیا۔1971میں پروین نے جنگ میں ذرائع ابلاغ کا کردار کے موضوع پر ڈاکٹریٹ کی ڈگری لی ۔ہارورڈ یونیورسٹی امریکہ سے انہوں نے بینک ایڈ منسٹریشن میں ایم اے کیا ۔ عبداللہ گرلز کالج میں انگریزی کی لکچرر ہوئیں ۔سول سروس کے امتحان میں کامیاب ہوئیں۔کسٹم اینڈ ایکسائز کے محکمے میں کسٹم کلکٹر ہوئیں۔ ان کی شادی ان کے خالہ زاد بھائی ڈاکٹر نصیر علی سے ہوئی، لیکن 1989 میں علیحدہ گی ہوگئیں۔ بیٹے کا نام سیّد مرادعلی رکھا جسے گیتو بھی کہا جاتا تھا۔ پروین، احمد ندیم قاسمی سے بے حد متاثر تھیں اور انہیں عمو جان کہا کرتی تھیں۔پہلا مجموعہ ” خوشبو“ انہی کے نام منسوب ہے ۔ 26دسمبر 1994ء کو اسلام آباد کے نزدیک ایک ٹریفک حادثے میں ان کا انتقال ہوگیا ۔