نوابزادہ نصر اللہ خان ناصر
نوابزادہ نصراللہ خان پاکستان کے معروف سیاستدان اور بہت پائے کے شاعر تھے اور ناصر تخلص کرتے تھے ۔نوابزادہ نصراللہ خان کا تعلق پٹھانوں کی لیلیزیئ شاخ سے تھا اور ان کے آبا و اجداد اٹھارویں صدی میں مظفر گڑھ کے علاقہ میں آباد ہوئے تھے۔ مظفرگڑھ سے تقریبا بیس کلومیٹر دور خان گڑھ کے علاقہ میں نوابزادہ نصر اللہ کا آبائی گھر اور زرعی زمین واقع ہے۔متحدہ ہندوستان میں انگریز حکومت نے نوابزادہ نصراللہ کے والد سیف اللہ کو انیس سو دس میں نواب کے خطاب سے نوازا اور گیارہ گاؤں الاٹ کیے تھے۔
نوابزادہ نصراللہ کا شمارتحریک آزادی پاکستان کے عظیم رہنماؤں میں ہوتا ہے۔مجلسِ احرار کے سیکرٹری جنرل بھی رہے اور بعد ازاں پاکستان جمہوری پارٹی کی بنیاد رکھی جس کے تادم مرگ سربراہ رہے۔نواب زادہ نصر اللہ خاں کا یہ طرہ امتیاز رہا کہ انہوں نے سا ری زندگی اصولوں کی سیاست کی اورنظریات پر کبھی سمجھوتہ نہ کیا، یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے سیاسی نظام اور مضبوط جمہوری سسٹم کے حوالے سے آپ کی کاوشوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔