جوش ملیح آبادی
جوشؔ ملیح آبادی ، نام شبیّر احمد خاں، تبدیل شدہ نام شبّیر حسن خاں، تخلص جوشؔ۔ ۵؍دسمبر ۱۸۹۸ء کو ضلع ملیح آباد (یوپی) میں پیدا ہوئے۔ جوش نے شعری فضا میں آنکھ کھولی۔ جوش کی شاعری تیرہ سال سے شروع ہوگئی تھی۔ ابتدا میں عزیز لکھنوی سے اصلاح لی، مگر بعد میں اپنے وجدان و ذوق کو رہبر بنایا۔ والد کے انتقال کے بعد جوش سینیئر کیمبرج سے آگے تعلیم حاصل نہ کرسکے۔ جوش جامعہ عثمانیہ حیدرآباد دکن کے دار الترجمہ میں کافی عرصہ ملازم رہے۔ اس کے بعد دہلی سے اپنا رسالہ ’کلیم‘ جاری کیا۔ بعد ازاں حکومت ہند کے رسالہ ’’آج کل‘‘ کے مدیر اعلا منتخب ہوئے۔ آزادی کے بعد بھی جوش کچھ عرصہ ہندوستان میں رہے۔ اس کے بعد پاکستان آگئے اور اردو ترقیاتی بورڈ، کراچی کے مشیر خاص مقرر ہوئے۔ کچھ عرصے بعد ملازمت کا یہ سلسلہ منقطع ہوگیا۔ ۲۲؍فروری ١٩٨٢ء کو انتقال کرگئے۔