جون ایلیا
نام سیّد جون اصغر اور تخلص جونؔ تھا۔ ۱۴؍دسمبر ۱۹۳۱ء کو ایک علمی وادبی خاندان بھارت کے شہر امروہہ میں پیدا ہوئے۔ رئیس امروہوی اور سیّد محمد تقی ا ن کے بڑے بھائی تھے۔ ابتدائی تعلیم اپنے والد شفیق حسن ایلیا کی سرپرستی میں حاصل کی۔ادیب کامل(اردو)، کامل(فارسی) ، فاضل(عربی) کے امتحانات پاس کیے۔اردو ، فارسی اور عربی زبانوں پر جونؔ ایلیا کو یکساں عبور حاصل تھا۔ ۱۹۵۷ء میں بھارت سے ہجرت کرنے کے بعد کراچی میں سکونت اختیار کی۔۱۹۶۳ء سے ۱۹۶۸ء تک اسماعیلیہ ایسوسی ایشن پاکستان کے شعبۂ تالیف کے نگراں رہے۔ ۱۹۶۸ء میں اردو ڈکشنری بورڈ سے وابستہ ہوئے۔ ۱۹۷۰ء میں انھوں نے زاہدہ حنا سے شادی کی۔ دونوں مل کر ایک عرصہ تک ’’عالمی ڈائجسٹ‘‘ نکالتے رہے۔ بعد میں دونوں میں علیحدگی ہوگئی۔ ۸؍نومبر ۲۰۰۲ء کو کراچی میں اس جہان فانی سے رخصت ہوگئے۔