اصغر گونڈوی
اصغر گونڈوی ، نام سیّد اصغر حسین، اصغرؔ تخلص۔ یکم مارچ ۱۸۸۴ء کو پیدا ہوئے۔ وطن ضلع گورکھپور(گونڈہ) تھا۔ دینی تعلیم کے بعد باقاعدہ تعلیم کا آغاز ہوا، مگر نامساعد حالات کی وجہ سے وہ مدرسے میں زیادہ تعلیم حاصل نہ کرسکے۔ البتہ خدا دادذہانت ، مطالعہ اور شوق کی بدولت عربی اور فارسی میں اچھی خاصی استعداد پیدا کرلی تھی۔ شروع میں کچھ غزلیں وجد بلگرامی، امیرؔ مینائی اور تسلیمؔ لکھنؤی کو دکھائیں۔ حصول معاش کے سلسلے میں کچھ عرصہ ادبی مرکز، لاہور سے وابستہ رہے۔ کچھ عرصہ انڈین پریس الہ آباد میں رسالہ ’’ہندوستانی ‘‘ کے مدیر رہے۔ چشموں کا کاروبار بھی کیا۔اصغرگونڈوی نہایت نفاست پسند ، خلیق اور وسیع المشرب شخص تھے۔ اصغرکا کلام کم ہے ، مگر منتخب ہے ۔ ان پر فالج کا حملہ ہوا اور وہ ۳۰ ؍ نومبر ۱۹۳۶ء کو اللہ کو پیارے ہوگئے۔ انھیں الہ آباد میں حضرت شیخ محب اللہ کے مزار کے احاطے میں سپرد خاک کیا گیا۔