آج – یکم ؍ جون؍١٩٨١
سر زمین مالیگاؤں کے منفرد لب و لہجہ کے لیے معروف نعت خواں شاعر” عطاؔ یار علوی صاحب “ کا یومِ ولادت…
نام عطاء المصطفیٰ تخلص عطاؔ یار علوی، والد محمّد اسمٰعیلؔ یار علوی یکم جون ١٩٨١ء کو محنت کشوں کے شہر مالیگاؤں میں پیدا ہوئے ۔ ابتدائی عصری تعلیم مقامی دی لائٹ ہائی اسکول مالیگاؤں سے حاصل کی ، ابتدائی دینی تعلیم قدیم درس گاہ خانقاہ اشرفیہ مالیگاؤں سے حاصل کی ۔ شرفِ تلمذ جناب عبدالعزیز ادیبی مالیگاؤی سے حاصل ہوا ۔
عطاؔ یار علوی کے دو نعتیہ مجموعہ کلام شائع ہو چکے ہیں جن کے نام یہ ہیں :
میرا نبی ﷺ ذیشان، سرکار ﷺ کا جلوہ
پیشکش : اعجاز زیڈ ایچ
معروف شاعر عطاؔ یار علوی کے یومِ ولادت پر منتخب اشعار بطورِ خراجِ تحسین…
مجھ پہ مولا کا ایسا کرم ہوگیا
میں بھی مدّاحِ شاہِ امم ہوگیا
—
ہر وقت مہکتا ہے گلزار محمّدﷺ کا
فردوس کا ثانی ہے دربار محمّدﷺ کا
—
مَیں نے دربار میں واضح جو کیا عیبِ غزل
تخلیہ کہہ کے شہنشاہِ سخن روٹھ گئے
—
ہیں آشنا مرے آباء سخن کی دولت سے
مَیں اپنے شہر کا سب سے امیر زادہ ہوں
—
گالیاں سُن کر دعائیں جو دِیا کرتے رہے
پیکرِ مہر و وفا اے رحمتِ عالم ہیں آپ
—
میرے لفظوں کو محبّت کی گواہی مل جائے
مجھ کو بھی مملکتِ شعر کی شاہی مل جائے
—
جب تک ہے سانس ذکرِ شہِ بحر و بر نہ چھوڑ
کہتا ہے دل کہ مدحتِ خیرالبشر نہ چھوڑ
—
سر تا پا آپ نور کے پیکر شہِ حجاز
کیسے ہو کوئی آپ کا ہمسر شہِ حجاز
—
اہلِ باطل دہرِ فانی کی ہیں الفت کے حریص
اہلِ حق ہیں ہادیِٔ حق کی محبت کے حریص
—
شان و شوکت سے غرض ہے اور نہ شہرت سے غرض
ہم ثنا خوانوں کو ہے آقاﷺ کی مدحت سے غرض
—
تیری عظمت ابنِ آدم اک طرف
شانِ سرکارِ دوعالم اک طرف
—
وہ باز آنہ سکے گا کبھی عداوت سے
جسے نہیں ہے کوئی واسطہ محبت سے
—
بلند حوصلے سرکش ہَوا کے دیکھتے ہیں
چلو چراغِ محبت جلا کے دیکھتے ہیں
—
اسے نہیں ہے عطاؔ مجھ پہ اعتبار مگر
وہ اعتبار کے قابل ہے کیا کِیا جائے؟
—
اف! یہ جینا بھی کوئی جینا ہے
موت کی یاد بھی نہیں آتی
—
گمنام جب تھے آپ تو شیریں بیان تھے
شہرت ملی تو آپ کا لہجہ بدل گیا
—
سنا ہے بزمِ ادب میں ہے دبدبہ اس کا
جسے ادب کا ابھی تک "الف" نہیں آتا
—
اپنے محور سے ہٹ گیا سورج
تم نے چاہا پلٹ گیا سورج
—
مَیں بھی خسرو کی طرح شعر کہوں رقص کروں
کاش! مجھ کو کوئی محبوبِ الٰہی مل جائے
—
عاجزی تجھ کو سیکھنا ہے اگر
تو فقیروں کے ساتھ بیٹھا کر
عطاؔ یار علوی
انتخاب : اعجاز زیڈ ایچ