محبت کرنے والے ہر دور میں پیدا ہوتے رہتے ہیں اور نفرت کرنے والے بھی ، مگر فرق یہ ہے کہ محبت کرنے والے مر کر بھی نہیں مرتے بلکہ پیار اور محبت کے حوالے سے ہمیشہ زندہ رہتے ہیں جبکہ نفرت کرنے والے لوگ زندہ ہوتے ہوئے بھی مر جاتے ہیں اور مرنے کے بعد مٹ جاتے ہیں ۔ تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ کئی بادشاہوں نے محبت کی خاطر تخت و تاج کو ٹھکرا کر اپنے محبوب اور اپنی محبت کو ہی تاج و تخت اور دولت قرار دیا ہے ۔ بہت سے لوگ محبت میں ایک دوسرے کی خاطر موت کو گلے لگا لیتے ہیں اور بہت سے لوگ اپنے محبوب اور محبت کھو جانے کی صورت میں اپنی تمام زندگی محبوب کی یاد میں گزار لیتے ہیں اور ان کی تمام تر زندگی سوگ میں گزرتی ہے ایسے ہی افراد میں موجودہ دور کی عالمی شہرت یافتہ اٹلی کی سپر ماڈل پیٹرا ، محبت میں بھی " سپر ماڈل " بن گئی ہے ۔
پیٹرا کی داستان محبت بھی ماضی کی عشقیہ داستانوں کی طرح افسوسناک اور دلگداز ہے ۔ پیٹرا 24 جون 1979 کو چیک جمہوریہ( چیکو سلواکیہ ) کے ایک چھوٹے سے قصبے میں پیدا ہوئی ۔ اس کی خوبصورتی کو دیکھ کر اس کی ماں روزینا اور باپ اولڈیچ نے پیار سے اس کو موم کی گڑیا کہنا شروع کر دیا ۔ اس کے والدین نے کہا چوں کہ ہماری یہ بیٹی بہت خوب صورت ہے اس لیئے، اس کے لیئے ہمیں اس چھوٹے سے قصبے کو چھوڑ کر کسی بڑے شہر میں جانا پڑے گا تاکہ ہم اس کی بہتر تعلیم ، تربیت اور پرورش کر سکیں ۔ چند برس بعد اس کے والدین اپنی موم کی گڑیا کو ساتھ لے کر اٹلی منتقل ہو گئے ۔ وہاں اس کی بہتر تعلیم، تربیت اور پرورش کا انتظام کیا گیا ۔ پیٹرا کو اشتہارات کی دنیا کا ماڈل بننے کا شوق پیدا ہوا چناں چہ اس سلسلے میں اشتہارات کی ایک معروف کمپنی نے خوب صورت لڑکیوں کا مقابہ حسن کا انعقاد کیا جس میں پیٹرا نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی ۔ اس کے بعد بطور ماڈل اس کی زندگی کا ایک طویل سفر شروع ہوا جس میں اسے کامیابی ملتی گئی اور اس کا شمار دنیا کی صف اول کی ماڈل گرلز میں ہونے لگا اور اس کے اعتراف میں 2002 میں برطانوی میگزین Sports Illustrated کے سرورق پر اس کی تصویر شایع کر دی گئی جو کہ اس کی کامیابی کا واضح ثبوت بن گئی ۔ اسی دوران اس کی ملاقات برطانیہ سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ فیشن فوٹو گرافر سائمن سے ہوئی ۔ سائمن 6 اکتوبر 1971 کو برطانیہ میں پیدا ہوا ۔ سائمن کی مصوری کا کمال یہ تھا کہ وہ جس کی بھی تصویر بناتا اس کی تصویر بولتی ہوئی محسوس ہوتی تھی ۔ان دونوں کی ملاقات دوستی میں بدل گئی اور پھر ان کی یہ دوستی محبت میں تبدیل ہو گئی ۔
دونوں عالمی شہرت یافتہ شخصیات یعنی پیٹرا اور سائمن نے زندگی بھر ساتھ رہنے کی غرض سے شادی کا فیصلہ کر لیا ۔ ماڈل کی دنیا میں پیٹرا اور فیشن فوٹو گرافی کی دنیا میں سائمن پہلے نمبر پر تھا ۔ دونوں کے پاس دولت کی کوئی کمی نہیں تھی لیکن اگر ان کے پاس کوئی کمی تھی تو وہ محبت کی کمی تھی وہ بھی اب ان کو حاصل ہو گئی تھی مگر اس محبت کی دولت کو ہمیشہ اپنے پاس رکھنے کے لئے شادی کا فیصلہ کیا تھا ۔ دسمبر 2004 میں پیٹرا کو اپنے پیشہ ورانہ امور کے سلسلے میں بینکاک جانا تھا لیکن وہ سائمن کے بغیر نہیں جانا چاہ رہی تھی جبکہ سائمن کا بھی یہی ارداہ تھا چناں چہ دونوں بینکاک چکے گئے ۔ پیٹرا نے اپنا پروگرام اٹینڈ کیا ۔ پروگرام ختم ہونے کے بعد انہوں نے مزید چند روز وہاں رہنے کا پروگرام بنایا اور ہوٹل میں 10 روز کے لئے کمرہ بک کر لیا ۔ 26 دسمبر 2004 کو بینکاک کے پرندوں کی غیر معمولی پرواز کو دیکھ کر پیٹرا گھبرا گئی اس نے سائمن سے کہا کہ مجھے پرندوں کی اس غیرمعمولی پرواز سے ایک انجانا سا خوف محسوس ہو رہا ہے اور پھر ایسا ہی ہوا ۔ اچانک گڑگڑاہٹ کی آواز آئی جو زلزلے کی وجہ سے ہوئی تھی ۔ ان دونوں نے ایک دوسرے کو تھام لیا لیکن پھر یکایک ہوٹل میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی اور پھر کچھ لمحوں بعد یہ گرتے پڑتے ہوٹل سے نیچے آ گئے مگر یہاں پر پانی کا ایک غیر متوقع ریلا آ گیا جس نے دونوں کو بہا دیا ۔ پیٹرا نے پانی کی چلتی لہروں میں ایک درخت کو مضبوطی سے پکڑ لیا مگر سائمن نہ جانے کہاں رہ گیا تھا ۔ پیٹرا کو بعد میں ریسکیو کر لیا گیا مگر وہ سائمن کا نہایت بے چینی سے انتظار کرتی رہی 3 روز بعد پانی کے ریلے سے سائمن کی تیرتی ہوئی لاش مل گئی ۔ پیٹرا پر تو جیسے قیامت گزر گئی ۔ وہ دن اور آج کا دن ۔ پیٹرا نے خود کو سائمن کی موت پر زندگی بھر سوگ منانے کے لئے وقف کر دیا اور سیاہ لباس پہننا شروع کر دیا ۔ اس نے سائمن کے بعد کسی اور سے شادی کا تصور ہی اپنے ذہن سے نکال دیا ۔ سائمن کی یاد میں اس نے ایک ناول لکھا ہے ۔ اس ناول کی کتاب کی لاکھوں کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں ۔ پیٹرا آج تک سیاہ لباس پہنے سائمن کا سوگ منا رہی ہے ۔ دنیا کے جھمیلوں میں اس کا جی نہیں لگتا وہ آج کے دور کی محبت کی ایک لازوال داستان کی تفسیر بنی ہوئی ہے ۔