امجد فرید صابری بھی کل عازمِ سفر ہوئے اور یوں ایک اور ستارہ ہم سے بچھڑ گیا۔ مزاح اور کرکٹ کے علاوہ شخصیات پر لکھنا بھی ہمارا دل پسند مشغلہ ہے اور کچھ عظیم لوگوں پر لکھنے کا ہمارا ارادہ بھی ہے مگر ہم کبھی امجد صابری پر لکھیں گے یہ تو ہمارے وہم و گمان میں بھی نہ تھا۔ ۔ انسان روز ہی قتل ہو رہے ہیں اور ان میں سے ہر جان بلاشبہ قیمتی ہے اور اس کا کوئی نعم البدل اس کے خاندان کے پاس نہیں ہوتا مگر کچھ لوگ ایسے ہی ہوتے ہی کہ جن کے قتل پر بندہ حیرت کی تصویر بن جاتا ہے کہ کیا ان کو بھی قتل کیا جا سکتا ہے۔ دل کل شام سے از حد افسردہ و دکھی ہے اور ایسا دکھ آخری بار معین اختر صاحب کی وفات پر ہواتھا اوراگر قتل کی بات کی جائے تو حکیم محمد سعید صاحب کے قتل پر۔ امجد توایک بے ضرر سے انسان تھے۔