مدیر کے قلم سے
شعور کا سفر
خدائے وحدہ لا شریک کابے حد احسان اور شکر ہے کہ سہ ماہی”شعور و اِدراک” کے دوسرے سال کا پہلا شمارہ ( جنوری تا مارچ 2021ء ) آپ تک پہنچانے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔
خدائے لم یزل کا صد ہا شکر کہ “شعوروادراک” کی اشاعت کا پہلا سال مکمل ہوچکا ہے ۔ الوحید ادبی اکیڈمی خان پور کے پلیٹ فارم سے شروع ہونے والا یہ علمی و ادبی سفر ، تخلیق ، شعوروآگہی اور جدو جہد کا عزم لیے ، تاریخ، تہذیب اور زبان و ادب کی تلاش کے لیے ، فن اور فن کار کی کاوشوں کا ادراک کیے ، علمی ، ادبی ، ثقافتی سر گرمیوں کی ترویج و اشاعت کے لیے سرگرمِ عمل ہے ۔
خطہ ٔ بہاولپور علم و ادب کی آب یاری اور شادابی کے حوالے سے ایک بھر پور تاریخ رکھتا ہے ۔ یہاں کے ادیبوں ، فنکاروں کے ساتھ ساتھ سماجی ، ثقافتی اور مذہبی شخصیات کی قلم ، کتاب اور زبان کے لیے کی گئیں کوششیں اور خدمات ناقابلِ فراموش ہیں ۔ یقینا تخلیقات کا یہ سفر صدیوں پر مشتمل ہے ۔ جس کا احاطہ چندلفظوں میں ناممکن ہے ۔ ہم اپنے اکابرین اور اہلِ قلم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں کہ جنہوں نے اس خطے کی علمی و ادبی سیرابی کے لیے اپنی جملہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کامیابیوں اور کامرانیوں کے جھنڈے گاڑے ۔
الحمد للہ “شعوروادراک” کے ذریعے شعور و آگہی کا سفر استقامت سے جاری ہے ۔
” شعور و اِدراک” کا پانچواں شمارہ آپ کے ہاتھوںمیںہے۔ انسانی بساط و کوشش کے تحت اہم اور منفرد موضوعات پر مشتمل تحریریں ، علم وادب اور تاریخ سے متعلق آگاہی کو سامنے رکھتے ہوئے حصہ نثر و نظم میں بھر پورتحریریں شامل کی گئی ہیں ۔
خصوصی گوشہ “سیّد محمد فاروق القادریؒ” بھی اس شمارے کا حِصّہ ہے۔ جس میں نامور عالمِ دین ، محقق ، ادیب وشاعر ، مترجم ، مصنف اور انشاء پرداز علامہ سیّد محمد فاروق القادری رحمتہ اللہ علیہ کی ہمہ جہت شخصیت اور علمی و ادبی تخلیقات پرنامور اہلِ قلم کی بھر پور اور جامع تحریروںسے سجا گلدستہ شامل ہے ۔
خصوصی گوشہ ٔ حفیظ شاہد
“شعوروادراک” کے آئندہ شمارہ نمبر ۶ ( اپریل تا جون ۲۰۲۱ء ) میں خصوصی گوشہ اُستاد الشعراء ، چھ شعری مجموعوں اور کلیات “ختمِ سفر سے پہلے” کے خالق حفیظ شاہد(مرحوم) کے فن و شخصیت کے حوالے سے شامل ہوگا۔
“گوشہ حفیظ شاہد” کے لیے مضامین اور دیگر تحریریں نظم اور نثر میں جلد از جلد ارسال فرمائیں۔
“شعور و اِدراک” میں کیا شامل ہے ، آپ کیا پڑھنا چاہتے ہیں ، اس پر ضروراپنی بات کیجئے۔
“شعور و اِدراک” کے صفحات اُردو ، پنجابی اور سرائیکی زبان و اَدب سے منسلک قلم کاروں ، فن کاروں اور دانش وروں کے لیے حاضر ہیں ۔ قلم اُٹھائیے اور اپنے علاقے ، ادب اور زبان و بیان پر کچھ لکھئے۔
آپ کی قیمتی آرا اور تجاویز کا منتظر رہوں گا۔
والسلام
۱۵۔ مارچ ۲۰۲۱ء
محمد یوسف وحید