اپنے گھر والوں سے کہیے کہ وہ آپ کو آج رات گھر سے نکال دیں
جی ہاں- آپ کو آج رات گھر سے نکل جانا ہے- اگر آپ خود نہیں نکلتے تو آپ کے گھر والوں کو چاہیے کہ آپ کو آج رات گھر سے نکال دیں- اس کی وجہ یہ ہے کہ آج کل آسمان پر سورج غروب ہونے کے بعد ایسا شو چل رہا ہے جو اگلے چند دنوں میں ختم ہو جائے گا اور اس کے بعد سنہ 2035 تک نظر نہیں آئے گا- آج کل مریخ زمین سے اتنے کم فاصلے پر ہے اور اس وجہ سے اتنا روشن نظر آ رہا ہے جتنا سنہ 2003 کے بعد کبھی نہیں آیا- اس وقت مریخ نہ صرف زمین کے بہت قریب ہے بلکہ اپنے بیضوی مدار میں سورج کے بھی بہت نزدیک ہے- اس وجہ سے یہ اتنا روشن ہے کہ اس نے مشتری کو بھی ماند کر دیا ہے-
یہی نہیں بلکہ سورج غروب ہونے کے فوراً بعد زہرہ بھی مغربی افق پر انتہائی روشن ہے – چنانچہ اگر آپ سورج غروب ہونے کے گھنٹہ ڈیڑھ گھنٹہ بعد باہر جائیں اور آسمان کی طرف نظر دوڑائیں تو آپ کو مغربی افق پر زہرہ اور مشرقی افق پر مریخ دیکھنے کو ملے گا جن کی افق سے اونچائی تقریباً برابر ہو گی- ان دنوں کو اگر ایک قوس کی شکل میں آپس میں ملائیں تو اسی قوس پر آپ کو مشتری (جو زہرہ اور مریخ کے بعد تیسرا سب سے روشن فلکی جسم ہے) اور زحل بھی نظر آئیں گے-
چند دن پہلے ہم نے چاند گرہن کا شاندار منظر ملاحظہ کیا تھا- اس وقت اگرچہ چاند اور مریخ دیکھنے میں پاس پاس تھے لیکن ہماری توجہ چاند پر ہی مرکوز تھی- اب چاند چونکہ مریخ کے بہت بعد طلوع ہوتا ہے اس لیے اب ہم مریخ کو اس کی پوری آب و تاب کے ساتھ دیکھ سکتے ہیں- اگرچہ مریخ تقریباً ساری رات آسمان پر رہے گا لیکن زہرہ سورج غروب ہونے کے کچھ گھنٹے بعد غروب ہو جائے گا- اس کے علاوہ چاند کے طلوع ہونے کے بعد چاند کی روشنی کی وجہ سے مریخ کی روشنی کچھ کم معلوم ہونے لگے گی- اس لیے اس پورے منظر کا لطف لینے کے لیے سورج غروب ہونے کے ڈیڑھ گھنٹہ بعد کا وقت بہترین رہے گا-
یہ تحریر فیس بُک کے اس پیج سے لی گئی ہے۔