آج – 8/ نومبر 1935
غزل ،قطعہ، نظم اور بنیادی طنز و مزاح کی شاعری کے مشہور، اردو و پنجابی زبان کے شاعر” انورؔ مسعود صاحب “ کا یومِ ولادت…
نام محمد انور مسعود اور تخلص انورؔ ہے۔ ۸؍نومبر ۱۹۳۵ء کو کنجاہ گجرات(پنجاب) میں پیدا ہوئے۔ ۱۹۶۲ء میں ایم اے (فارسی) کرنے کے بعد تدریس کے پیشے سے منسلک ہوگئے۔گورنمنٹ کالج راولپنڈی میں اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر فائز رہے۔اردو اور پنجابی دونوں زبانوں میں شعر کہتے ہیں۔بنیادی طور پر وہ طنزومزاح کے شاعر ہیں، مگر منہ کا ذائقہ بدلنے کے لیے سنجیدہ مضامین میں بھی شاعری کرتے ہیں۔ ان کی تمام طنزیہ ومزاحیہ شاعری قطعہ کی صورت میں ہے۔ ان کی تصانیف کے نام یہ ہیں:
’ میلہ اکھاں دا‘ (پنجابی) اس پر رائٹرزگلڈ اور بک فاؤنڈیشن نے انعامات دیے۔
’’قطعہ کلامی‘‘ (مجموعہ قطعات)، ’اک دریچہ ایک چراغ‘، ’میلی میلی دھوپ‘، ’غنچہ لگا کھلنے‘، ’تقریب‘ (مجموعہ مضامین)۔
بحوالۂ:پیمانۂ غزل(جلد دوم)،محمد شمس الحق،صفحہ:305
پیشکش : اعجاز زیڈ ایچ
✧◉➻══════════════➻◉✧
معروف پاکستانی شاعر انورؔ مسعود کے یومِ ولادت پر منتخب اشعار بطورِ خراجِ تحسین…
آئنہ دیکھ ذرا کیا میں غلط کہتا ہوں
تو نے خود سے بھی کوئی بات چھپا رکھی ہے
—
آستینوں کی چمک نے ہمیں مارا انورؔ
ہم تو خنجر کو بھی سمجھے ید بیضا ہوگا
—
اردو سے ہو کیوں بیزار انگلش سے کیوں اتنا پیار
چھوڑو بھی یہ رٹا یار ٹوئنکل ٹوئنکل لٹل اسٹار
—
اس وقت وہاں کون دھواں دیکھنے جائے
اخبار میں پڑھ لیں گے کہاں آگ لگی تھی
—
پلکوں کے ستارے بھی اڑا لے گئی انورؔ
وہ درد کی آندھی کی سر شام چلی تھی
—
دل جو ٹوٹے گا تو اک طرفہ چراغاں ہوگا
کتنے آئینوں میں وہ شکل دکھائی دے گی
—
ساتھ اس کے کوئی منظر کوئی پس منظر نہ ہو
اس طرح میں چاہتا ہوں اس کو تنہا دیکھنا
—
میں اپنے دشمنوں کا کس قدر ممنون ہوں انورؔ
کہ ان کے شر سے کیا کیا خیر کے پہلو نکلتے ہیں
—
ڈوبے ہوئے تاروں پہ میں کیا اشک بہاتا
چڑھتے ہوئے سورج سے مری آنکھ لڑی تھی
—
ہمیں قرینۂ رنجش کہاں میسر ہے
ہم اپنے بس میں جو ہوتے ترا گلا کرتے
—
دنیا بھی عجب قافلۂ تشنہ لباں ہے
ہر شخص سرابوں کے تعاقب میں رواں ہے
—
کیسی کیسی آیتیں مستور ہیں نقطے کے بیچ
کیا گھنے جنگل چھپے بیٹھے ہیں اک دانے کے بیچ
—
اسے تو پاس خلوصِ وفا ذرا بھی نہیں
مگر یہ آس کا رشتہ کہ ٹوٹتا بھی نہیں
—
کوئی تخلیق بھی تکمیل نہ پائے مری
نظم لکھ لوں تو مجھے نام نہ آئے رکھنا
●•●┄─┅━━━★✰★━━━┅─●•●
انورؔ مسعود
انتخاب : اعجاز زیڈ ایچ