Dr Abdul Hameed Nayyer exposes Ansar Abbasi's lies:
آج جنگ کے کالم میں میں انصار عباسی نے اپنی روایتی تنگ نظری کا مظاہرہ کرنے کے لئے پروفیسر عبدالسلام کے بارے میں کئی جھوٹی باتوں کا سہارا لیا۔ میں اس کا جواب دینا چاہتا ہوں۔ آپ سب اس کی تشہیر میں حصہ لیں تو ان کا جھوٹ بے اثر ہو سکے گا۔
https://jang.com.pk/…/228619-ansar-abbasi-column-2016-12-08…
انصار عباسی کی تحریر میں متعدد جھوٹ شامل ہیں، جن کی تردید ضروری ہے۔
۱۔ صاحبزادہ یعقوب علی خان سے منسوب واقعہ صریحاً جھوٹ ہے۔ سنہ 1997 میں اسلام آباد کلب کی ایک ضیافت میں جس میں صاحبزادہ یعقوب علی خان سمیت کئی نامور دانشور موجود تھے، صاحبزادہ سے امریکی سٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے اس واقعے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے اسے مکمل جھوٹ قرار دیا اور کہا کہ ایسا کوئی واقعہ کبھی ہوا ہی نہیں۔ اس ضیافت میں جو اس زمانے کے مشہور کالم نویس آئی حسن کی اسی ویں سالگرہ کے موقعے پر تھی موجود افراد میں اردشیر کاوس جی، ڈاکٹر اقبال احمد، ڈاکٹر مبشر حسن، ڈاکٹر عنایت اللہ، ڈاکٹر ایس ایم نسیم وغیرہ شامل تھے۔ میں خود بھی وہاں موجود تھا، اور صاحبزادہ یعقوب علی خان کی تردید خود اپنے کانوں سے سنی۔
۲۔ یہ بات بھی حقائق کے بالکل بر عکس ہے کہ پروفیسر عبد السلام نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی مخالفت کی۔ حقیقت یہ ہے کہ سلام صاحب نے پاکستانی ایٹم بم کی ابتدائی کوششوں میں خود اہم حصہ لیا۔ میرا تعلق فزکس سے ہے، اور میرے فزکس کے متعدد دوستوں نے اس کام میں براہ راست حصہ لیا تھا، ان کی گواہی پیش کرنا چاہتا ہوں۔ پروفیسر سلام نے اپنے شاگرد پروفیسر ریاض الدین کوسنہ1972 میں اس کام پرلگایا کہ وہ ایٹم بم کی امپلوژن کی ریاضی پر دسترس حاصل کریں تاکہ بم کا ڈیزائن تیار ہو سکے۔ اس کام کے لئے ڈاکٹرریاض الدین نے اپنے پی ایچ ڈی کے شاگرد مسعود احمد اور اپنے ایک اور دوست ریاضی دان پروفیسر منیر احمد رشید کو شامل کیا۔ سلام صاحب نے ان تینوں کو اٹلی کے شہر ترئستے میں قائم اپنے انٹرنیشنل سینٹر فار تھیوریٹیکل فزکس میں جگہ فراہم کی، جہاں وہ سلام صاحب کی نگرانی میں کام کرتے رہے۔ یہی کام بعد میں پاکستانی ایٹم بموں کے ڈیزائن کی بنیاد بنا۔ ڈاکٹر مسعود احمد اس کام کو اپنی ٹیم کے ساتھ کرتے رہے۔ سنہ 1998کے چھ کے چھ ایٹمی دھماکے ان کے ڈیزائن کردہ تھے۔ ڈاکٹر مسعود احمد حیات ہیں، اور ان سے ان تمام حقائق کی تصدیق کی جا سکتی ہے۔ ڈاکٹر ثمر مبار ک مند بھی اس کی تصدیق کریں گے۔
۳۔ یہ بھی قطعاً غلط بیانی ہے کہ سنہ 1974کے بعد سلام صاحب اپنے نوبل انعام تک پاکستان نہیں آئے۔ پروفیسر عبدالسلام کو پاکستان سے شدید محبت تھی، اور پاکستان میں فزکس سے تعلق رکھنے والے افرد کی انہوں نے جس طرح سرپرستی کی، اس کی گواہی اس شعبے سے متعلق افراد دیں گے۔ سنہ 1976میں پروفیسر عبدالسلام نے اپنے شاگرد پروفیسر ریاض الدین کے ہمراہ نتھیاگلی سمر کالج کی بنیاد رکھی، جو پاکستان کے علاوہ اطراف کے ممالک کے ہزاروں سائنسدانوں کو فیض یاب کر چکا ہے، اوراب تک کر رہا ہے۔ اس کالج کے ابتدائی سالوں میں سلام صاحب اپنی حد درجہ مصروفیات کے باوجود خود ہر سال آتے تھے اور اپنی ذاتی کوششوں سے دنیا کے اعلیٰ ترین سائنسدانوں کو اس میں لیکچر دینے پر آ مادہ کرتے تھے۔ پاکستان تو کیا، شاید ہندوستان میں بھی کوئی ایسا ادارہ نہ ہوگا جہاں اتنی بڑی تعداد میں نوبل انعام یافتہ سائنسدان آئے ہوں۔ چنانچہ یہ بات بھی صریحاً گمراہ کن اور بد نیتی پر مشتمل ہے کہ پروفیسر عبدالسلام پاکستان سے ناراض ہو کر سنہ 1974سے لے کر 1979 تک ملک واپس نہیں آئے۔
۴۔ یہ بیان کہ سنہ 1974میں قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دینے کے بعد پروفیسر عبدالسلام ا حتجاجاً پاکستان چھوڑ کر انگلستان منتقل ہو گئے بھی گمراہ کن ہے، اس لئے کہ سلام صاحب تو پاکستان سے اپنی سکونت انگلستان سنہ پچاس کی دہائی کے اوائل ہی میں منتقل کر چکے تھے۔ یہان یہ بات قابل ذکر ہے کہ سنہ 1974کے بعدبھی پروفیسر عبدالسلام نے کبھی اپنی پاکستانی شہریت ترک نہیں کی، اور پاکستان میں سائنس کے فروغ کے لئے کام کرتے رہے۔
چنانچہ صاحب تحریر اگر نفرت انگیز خیالات پھیلانے سے گریز کریں اور مثبت سوچ کو فروغ دیں تو ان کا قوم پر بڑا احسان ہوگا۔
https://www.facebook.com/farooq.sulehria/posts/10154396527258052