امریتا پریتم کی داستان
امریتا پریتم پنجابی ادب کی عظیم ترین شاعرہ تھی ۔اس عظیم ترین اور انوکھی شاعرہ نے اپنے ایک محبوب کے نام آخری خط لکھا تھا ،وہ محبوب کون تھے ،کہانی کے آخر میں ان کا نام بھی سامنے آجائے گا اور اس کے علاوہ امریتا پریتم کی حقیقی محبت کے بارے میں بھی کچھ منفرد باتیں اس کہانی میں شئیر کی جائیں گی ۔لیکن سب سے پہلے میں امریتا کا وہ آخری خط سناتا ہوں جو مجھے بہت دلکش لگتا ہے ۔یہ خط نہیں ایک شاہکار ہے ۔ملاحظہ فرمایئے۔۔۔۔میں تجھے پھر ملوں گی،کہاں ،کیسے ،پتہ نہیں،شاید تمہارے خیالوں کی چنگاری بنکر ،تمہارے کینوس پر اتروں گی،یا شاید تمہارے کینوس پر ریکھا بنکر،خاموش تمہیں دیکھتی رہوں گی،میں تجھے پھر ملوں گی،کہاں ،کیسے ،پتہ نہیں،یا سورج کی رو بنکر،تیرے رنگوں میں گھلتی رہوں گی ،یا رنگوں کی بانہوں میں بیٹھ کر ،تیرے کینوس پر بچھ جاؤں گی،پتہ نہیں ،کیسے ،کس طرح،پر تجھے ضرور ملوں گی ۔یا پھر ایک جھرنا بنوں گی،جیسے جھلنے سے پانی اڑتا ہے،یہ پانی کی بوندیں تیرے جسم پر ملوں گی،اور ایک شیتل احساس بنکر ،تیرے سینے سے لگوں گی ،میں اور کچھ نہیں جانتی ،پر اتنا جانتی ہوں ،کہ وقت جو بھی کرے گا ،یہ جنم میرے ساتھ ملے گا،یہ جسم ختم ہوتا ہے،تو سب کچھ ختم ہوجاتا ہے ،یہ یادوں کے دھاگے ،کائنات کی لمحوں کی طرح ہوتے ہیں ،میں ان لمحوں کو چنوں گی،اور ان دھاگوں کو سمیٹوں گی ،میں تجھے پھر ملوں گی،کہاں ،کیسے ،پتہ نہیں،پر میں تجھے پھر ملوں گی ۔۔۔۔یہ وہ خط ہے جسے پڑھ کر میں امریتا پریتم پر کہانی لکھنے پر مجبور ہوا ۔امریتا وہ خاتون ہیں ،جس نے صرف تاریخ کا مطالعہ نہیں کیا ،بلکہ تاریخ کا جبر اور ظلم بھی برداشت کیا ہے ۔تاریخ کو لاش کی طرح دیکھا ہے اور اس تاریخ کے چلتے پھرتے انسانوں کو لاشوں کی صورت میں دیکھا ہے ۔امریتا اس تاریخ کا حصہ بنی ،جس نے 1947 میں لاکھوں انسانوں کو بغیر کسی گناہ کے ماردیا ۔مرنے والے کون تھے ،اس بارے میں اردو کے عظیم افسانہ نگار منٹو نے کچھ ایسا کہا تھا ۔منٹو نے کہا تھا ،یہ مت کہو کہ ایک لاکھ مسلمان اور ایک لاکھ ہندو مارے گئے ۔یہ کہو دو لاکھ انسان مارے گئے ۔امریتا نے تقسیم ہند کے دوران مرنے والے لاکھوں انسانوں کے درد کو اپنی ایک لازوال اور شاہکار پنجابی نظم میں بیان کیا تھا ۔اس درد سے مزین نظم کا نام تھا ،اج اکھاں وارث شاہ نوں۔قبراں وچوں بول،تےاج کتاب عشق دا،کوئی اگلہ ورقا کھول۔امریتا پریتم ایک خوبصورت اور معصوم خاتون تھی ،جو بدقسمتی سے یا خوش قسمتی سے اس علاقے میں پیدا ہوئی جو اب پاکستان کا حصہ ہے ۔1919 میں پاکستان میں پیدا ہوئی اور تقسیم ہند کا قتل عام دیکھتے دیکھتے دلی جابسی۔اس انوکھی اور لاڈلی لڑکی کی شادی سولہ سال کی عمر میں پریتم سنگھ سے کردی گئی ۔شادی کے بعد امریتم کور امریتا پریتم بن گئی ۔اب شادی ہوگئی ،وہ بھی ارینج میرج ،جس میں امریتا کی مرضی شامل نہ بھی ،لیکن امریتا کے گھر والوں کی مرضی و منشاء کا عمل دخل تو تھا ۔محبت کے بغیر شادی ہونے کے غم نے امریتا کو لفظوں سے کھیلنے کا ہنر دے ڈالا ۔شادی شدہ تھی ،لیکن محبت کر بیٹھی اور وہ بھی اردو ادب کے ایک عظیم شاعر اور نغمہ نگار سے ۔اس کے بارے میں بھی آگے چل کر بتاؤں گا کہ وہ صاحب کون ہیں ؟ایسی بے پناہ محبت کی ،کہ پریشانیاں بڑھ گئی ،غم اور درد میں اضافہ ہوگیا اور اس کا علاج کچھ یوں کیا کہ اپنے شوہر کو چھوڑ دیا ۔یہ تھا انیس سو ساٹھ کا زمانہ ۔لیکن پریتم سنگھ سے ان کے دو بچے تھے ۔دو بچے تھے تو کیا ہوا،کہتی تھی ،محبت تو وہ اس شاعر سے کرتی ہیں ،جس کے لئے شوہر سے طلاق لی ہے ۔مرتے دم تک امریتا نے اس شاعر سے محبت نبھائی اور خوب نبھائی ۔کہا تو یہ بھی جاتا ہے کہ امریتا کو یکطرفہ محبت تھی ،لیکن یہ بھی کہا جاتا ہے کہ اس شاعر نے بالی وڈ کے لئے جتنے بھی نغمے لکھے ،ان تمام نغموں میں امریتا کا عکس تھا ۔وہ شاعر بھی ان سے محبت کرتا تھا ۔اس شاعر نے کسی اور خاتون سے بھی دل لگایا ،اس وجہ سے امریتا کا دل ٹوٹا اور ایسا ٹوٹا کہ امریتا دنیا کی عظیم ترین ادبی شخصیت بن گئیں ۔اس کے بعد امریتا کی زندگی میں ایک اور انسان آیا ۔وہ اس سے محبت تو نہیں کرتی تھی ،لیکن بغیر شادی کے ان کے ساتھ پنتالیس برس رہیں ،اس پر انہیں گالیاں بھی پڑیں ،دھمکیاں بھی دی گئیں ،لیکن وہ اس انسان کے ساتھ رہیں ۔کہانی میں اس انسان کا بھی زکر آنے کو ہے ۔ایک دلچسپ بات یہ ہے کہ جس کے ساتھ امریتا پنتالیس سال رہیں ،اس کے ساتھ جسمانی رشتہ بھی نبھایا اور وہ شخص جانتا تھا کہ امریتا کو فلاں شاعر سے محبت ہے ۔اس کے باوجود وہ امریتا سے بے پناہ محبت کرتا ہے ۔1980 میں وہ شاعر جس سے امریتا کو عشق تھا ،وہ دل کادورہ پڑنے سے مر گیا ،اس شاعر کا مرنا امریتا کے لئے عظیم ترین سانحہ تھا ۔وہ تنہا ہو گئی تھی ،وہ خود کہتی تھی کہ اب وہ برباد ہو گئی ہیں ۔امریتا دنیا کی ایک خوبصورت ترین خاتون تھی،لیکن ان کے الفاظ بھی بہت خوبصورت تھے ۔پنجابی ادب جب تک زندہ وسلامت ہے ،امریتا اس وقت تک زندہ و سلامت ہیں ۔کیا کمال خاتون تھی ،گیارہ برس کی عمر میں ماں مر گئی ،باپ سنیاسی بن گیا ،ان کے باپ کا نام کرتار سنگھ تھا ۔سول برس کی عمر میں شادی ہو گئی ۔کہا جاتا ہے کہ ان کا رنگ سفید تھا ،پتلے پتلے ہونٹ تھے ،چال میں مستی اور شرارت تھی اور بدن میں محبت کی آگ تھی اور روح میں روحانیت تھی ۔سردار پریتم سنگھ بچپن کا رشتہ تھا ،وہ ساری عمر رہا ،اس کی وجہ یہ ہے کہ پریتم کا نام امریتا کے نام کے ساتھ ہمیشہ چمٹا رہا ،بلکہ امریتا کی پہچان امریتا پریتم تھی ۔1960 میں دو بچوں کی ماں امریتا پریتم چالیس برس کی ہو چلی تھی ،اج اکھاں وارث شاہ نوں ،ان کی یہ نظم پاکستان میں بھی بہت مقبول ہوئی ۔اردو ادب کے ایک بڑے نام احمد ندیم قاسمی نے اس نظم کے بارے میں یہ تبصرہ فرمایا تھا کہ تقسیم سے دکھی لاکھوں لوگ یہ نظم اپنی جیبوں میں رکھتے تھے اور دن میں دس دس بار پڑھتے تھے اور روتے تھے ۔یہ نظم پاکستانی فلموں میں بھی استعمال کی گئی ۔تقسیم کے بعد پاکستان سے بھارت دلی گئی تو دل پاکستان میں اس عظیم شاعر کے سپرد کرکے آئیں تھی جس کا نام دنیا ساحر لدھیانوی کے نام سے جانتی ہے ۔اس کہانی کو تھوڑا آگے چل کر تفصیل سے بتاتا ہوں ۔تقسیم ہند ہو گیا ،امریتا دلی آگئی ،براڈ کاسٹر بن گئی ،پنجابی ادب تخلیق کرنا شروع کردیا ،پنجابی میں شاہکار نظمیں ،کہانیاں لکھنا شروع کردیں ،اتنی خوبصورت اور حسین شاعرہ تھی کہ نوجوان ان سے ملنے کے لئے ٹرپتے رہتے تھے ۔کئی ایوارڈ سمیٹے ،1986 سے 1992 تک بھارتی راجیا سبھا کی رکن رہی ۔امریتا جب لاہور میں رہتی تھی تو پنجابی ادب میں ان کا ڈنکا بجتا تھا ۔وہ لاہور میں بھی بہت مقبول تھی۔ان کے نام کے لاہور کے علاوہ پاکستان کے ان علاقوں میں بھی چرچے تھے جہاں پنجابی بولی اور سمجھی جاتی تھی ۔لاہور کے پاس ایک علاقہ تھا ،یا ایک گاؤں تھا ،جہاں وہ کسی تقریب میں گئی اور محبت کر بیٹھی ،شاید اس علاقے یا گاؤں کا نام پریت نگر تھا ،جہاں انہوں نے ساحر کو پہلی مرتبہ دیکھا تھا ۔امریتا اس محبت کے بارے میں کہتی ہیں کہ ساحر کے لفظوں کا جادو تھا یا اس کی خاموش نظروں کا کہ انہیں ساحر سے عشق ہو گیا ۔کہتی ہیں ساحر لاہور میں جب بھی ان سے ملتا تھا ۔خاموش بیٹھا رہتا تھا ۔وہ چپ چاپ سگریٹ پیتا ،اور آدھی سگریٹ پی کر بجھا دیتا ،اور پھر ایک نیا سگریٹ سلگا دیتا ۔جب وہ چلا جاتا تو سگریٹ کے ٹکڑے وہاں اس کے گھر میں رہ جاتے ،وہ ان سگریٹ کے ٹکڑوں کو سنبھال کر الماری میں رکھ دیتی تھی ۔پھر اکیلے میں ایک ایک ٹکڑے کو ہاتھ لگاتی تھی اور ایسا محسوس ہوتا ،جیسے وہ ساحر کے ہاتھ کو چھو رہی ہو ۔ساحر اور امریتا کا مسئلہ یہ تھا کہ دونوں زاتی زندگی کے بوجھ میں دبے تھے ۔ساحر نے ایک نظم لکھی تھی اور فریم کراکر امریتا کو بھجوادی تھی ۔اس نظم کا نام تھا تاج محل ۔امریتا نے مرتے دم تک وہ نظم سینے سے لگا کر رکھی ۔نظم کا کچھ حصہ سنا دیتا ہوں ۔ان گنت لوگوں نے دنیا میں محبت کی ہے ،کون کہتا ہے کہ صادق نہ تھے جذبے ان کے ،لیکن ان کے لئے تشہیر کا سامان نہیں ،کیونکہ وہ لوگ بھی اپنی ہی طرح مفلس تھے ،یہ چمن زار ،یہ جمنا کا کنارہ ،یہ محل ،یہ منقش درو و دیوار،یہ محراب،یہ داغ،اک شہنشاہ نے دولت کا سہارا لیکر ،ہم غریبوں کی محبت کا اڑایا ہے مزاق،میرے محبوب کہیں اور ملا کر مجھے ۔ساحر اور امریتا ملتے رہے ،ایک دوسرے کی دعوتیں کرتے رہے ،لیکن خوموش رہے ۔دونوں کشمکش میں رہے ،دونوں زندگی سے تنگ تھے ،لیکن مجبور تھے ۔اس لئے تو ساھر کا ایک گیت کچھ یوں تھا ،مجھے بھول بھی جاؤ تو یہ حق ہے تم کو ،میری بات اور ہے ،میں نے محبت کی ہے ۔امریتا خود کہتی ہیں کہ ان کے اور ساحر کے درمیان نوسو میل کا فاصلہ تھا ،یہ نوسو میل لمبا ایک ریگستان تھا جو ہم دونوں کے سامنے تھا ۔اس وجہ سے دونوں اپنے آپ سے لڑتے رہے ۔1960 میں شوہر سے علیحدہ ہوئی ،بھاگی بھاگی فون کرنے گئی ،لیکن راستے میں ایک اخبار کی سرخی پڑھ لی ،جس میں یہ لکھا تھا کہ اردو کے عظیم شاعر ساحر لدھیانوی کی زندگی میں ایک اور حسینہ آگئی ہیں ۔یہ خبر امریتا پریتم پر پہاڑ بن کر ٹوٹی ۔اس کے بعد امریتا نے پنجابی ادب کو وہ دیا کہ جو ہزار سالہ تاریخ میں کسی اور پنجابی کے شاعر نے نہیں دیا ۔امریتا کو بہت صدمہ پہنچا ۔پھر امریتا کی زندگی میں ایک اور انسان کی انٹری ہوئی ۔اس کا نام تھا امروز ۔امروز جانتا تھا کہ امریتا کو ساحر سے عشق تھا ،لیکن وہ پروا نہ کرتا ۔وہ کہتا کہ اگر اس کو ساحر سے عشق ہے تو مجھے اس سے ہے ۔اس میں امریتا کا کیا دوش ۔پھر یہ تینوں آپس میں ملتے بھی تھے ،اکھٹے بیٹھ کر پیتے بھی تھے ۔امریتا کہتی تھی خدا مارنا مجھے چاہتا تھا مار ساحر کو دیا ۔ساحر کی موت پر امریتا بکھر کر رہ گئی ۔اندر جیت جسے دنیا امروز کہتی ہے ،یہ امروز دیوانہ بنا اور ایسا کہ جس کی کوئی مثال نہیں ۔یہ بھی فلمی انداز میں امریتا کی زندگی میں داخل ہوا ۔امریتا پریتم کہتی ہیں کہ ان کے اور ساحر کے درمیان دو دیواریں تھی جس کی وجہ سے وہ اکھٹے نہ ہو سکے ۔ایک خاموشی کی دیوار تھی ،جو ہمیشہ برقرار رہی ،دوسری دیوار زبان کی دیوار تھی ،میری زبان پنجابی تھی ،میں پنجابی کی شاعرہ تھی اور ساحر اردو زبان کا شاعر تھا ۔ان دیواروں نے ہمیشہ ہمیں جدا کئے رکھا ۔اس رشتے کا اس سے دردناک انجام اور کیا ہوسکتا تھا ۔امروز عظیم مصور تھا اور امریتا عظیم ترین پنجابی ادب کی شاعرہ ۔دونوں کی خوب نبھی ۔امروز سکوٹر پر امریتا کو آل انڈیا ریڈیو چھوڑنے جاتا تھا اور کہتا تھا کہ امریتا اس کی پیٹھ پر اپنی انگلیوں سے ساحر ساحر لکھتی رہتی تھی ۔وہ کہتا تھا پاگل پن کی حد تک امریتا کو ساحر سے عشق تھا ۔سکوٹر سے دونوں پھر کار پر آگئے ،پھر اکھٹے رہنے لگے ،پھر جسمانی تعلقات میں استوار ہوئے ،اکھٹے کھانا بناتے ،اکھٹے رہتے ۔لیکن امروز کہتا امریتا کو عشق صرف ساحر سے تھا اور اس حقیقت سے وہ واقف تھا ۔اور اس حقیقت کو انجوائے کرتا تھا ۔اس کے بعد دنیا نے امریتا کا وہ دور بھی دیکھا جو ایک سپر اسٹار کا دور تھا ۔دولت تھی ،شہرت تھی ،امریتا کے قلم کا جھنڈہ دنیا بھر میں لہرارہا تھا ۔نظمیں ہر عام و خاص میں مشہور ہو گئی تھی ۔لیکن ساحر کی موت نے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے امریتا کو غم زدہ لباس پہنا دیا تھا ۔امریتا کا ایک دلچسپ جملہ ہے جو مجھے ہمیشہ پسند آتا ہے ،لیکن اس جملے کی سمجھ ابھی آئی ہے ،وہ کہتی ہیں دنیا کے تمام انسانوں میں روحانیت ایک ہوتی ہے ،لیکن مذاہب کئی ہوتے ہیں ۔یہ تھا امریتا پریتم کی زندگی کا حقیقی احساس جس نے اسے عظیم بنادیا ۔شاید 1990 میں انہوں نے ایک اور جملہ کسی تقریب کے دوران بولا تھا ،وہ یہ تھا کہ اس جدید دنیا میں انسان اور انصاف کے درمیان ابھی بہت لمبافاصلہ ہے۔اس لئے تمام انسانوں کے لئے انصاف کا خواب دیکھنا ناممکن ہے ۔نئی صدی آرہی تھی ،پرانی صدی جارہی تھی ،امریتا پریتم اب اسی سال کی ہو چکی تھی ۔امروز کا ساتھ ان کے ساتھ تھا ۔31 اکتوبر 2005 کے دن وہ انتقال کر گئی ۔امریتا نے وہ آخری خط جس کا زکر میں نے شروع میں کیا تھا ،وہ امروز کے نام لکھا تھا ۔میں تمہیں پھر ملوں گی ،کہاں ،کس طرح ،نہیں جانتی ۔یہ دن امروز کے لئے بہت دردناک تھا ۔امریتا نے جس سے عشق کیا ،وہ پہلے مرچکا تھا اور جس نے امریتا سے عشق کیا ،اسی کی گود میں امریتا نے دم توڑا۔یہ تھی امریتا پریتم کی داستان ۔اگر اچھی لگے تو انجوائے کریں ،اور اگر کچھ برا لگے تو میں معذرت چاہتا ہوں ۔
Amrita Pritam
Born: August 31, 1919,, Pakistan
یہ تحریر فیس بُک کے اس پیج سے لی گئی ہے۔