آپﷺ پر مولا نبوّت کا ہوا ہے اِختتام
آپ ﷺ کے گھر پر ہوئی اللہ کی نعمت تمام
درحقیقت ہے اِمامت اِس گھرانے ہی کانام
آسماں کرتا ہے جُھک کے،اِن کی عظمت کوسلام
اللہ اللہ ، ملّت ِ اسلام کے بارہ امام
سَیّدہ ، خاتون ِ جنّت ، مادر ِ آل ِرسول
دُختر ِ شاہ ِ دوعالم ، فاطمہ زھرا بتول
آیہء تطہیر خود خیر النساء ، اُم الامام
آسماں کرتا ہے جُھک کے،اِن کی عظمت کوسلام
اللہ اللہ ، ملّت ِ اسلام کے بارہ امام
باب ِ شہر ِ علم،مولود ِ حرم ، شیر ِ خدا
دست ِ یزداں ، بائے بسم اللہ ، فخر ِ مصطفیٰ
حضرت ِ مولا علی، سارے اماموں کے امام
آسماں کرتا ہے جُھک کے،اِن کی عظمت کوسلام
اللہ اللہ ، ملّت ِ اسلام کے بارہ امام
قابل ِ تحسین ہے عجز و تواضع و اِنکسار
کر نہیں سکتے محاسن بھی حَسَن کے ہم شمار
حلم پیکر ، عِلم پرور، پرتو ِ خیرالانام
آسماں کرتا ہے جُھک کے،اِن کی عظمت کوسلام
اللہ اللہ ، ملّت ِ اسلام کے بارہ امام
غیرفانی ہے یقیناً یہ مقام ِ ارجمند
دے کے سر انسانیت کوکردیا ہے سربلند
حُریت کوآپ نے بخشا ہے دُنیا کو پیام
آسماں کرتا ہے جُھک کے،اِن کی عظمت کوسلام
اللہ اللہ ، ملّت ِ اسلام کے بارہ امام
سجدہ ریزی بوالحَسَن سجاد کا معمول تھا
کربلا میں جو بچا باقی، یہی وہ پھول تھا
آپ ہی سے تو ملا نسل ِ محمد ﷺ کودوام
آسماں کرتا ہے جُھک کے،اِن کی عظمت کوسلام
اللہ اللہ ، ملّت ِ اسلام کے بارہ امام
علم کا گہرا سمندر ، معرفت کا آفتاب
جن کے استفسار پر ہیں بو حنیفہ لاجواب
شان ِ باقر مرحبا ، بھیجا محمد نے سلام
آسماں کرتا ہے جُھک کے،اِن کی عظمت کوسلام
اللہ اللہ ، ملّت ِ اسلام کے بارہ امام
فلسفہ، منطق، جفر، جغرافیہ، سائنس ، نجوم
مجتمع اِک ذات ِ بابرکات میں سارے علوم
جعفر ِ صادق کاخوشہ چیں فقہ کا ہر اِمام
آسماں کرتا ہے جُھک کے،اِن کی عظمت کوسلام
اللہ اللہ ، ملّت ِ اسلام کے بارہ امام
دھوپ میں سب جلتے لوگوں کے لئے اِک سائبان
عبد ِ صالح ، صبر کا پیکر ، تحمّل کی چٹان
زیست کاظم کی اسیری میں ہوئی ساری تمام
آسماں کرتا ہے جُھک کے،اِن کی عظمت کوسلام
اللہ اللہ ، ملّت ِ اسلام کے بارہ امام
عابد و زاہد، سخی، فیاض، شب بیدار کون
دے کے قرآں کے حوالے کرتا ہے گفتار کون
علم ِ رویا میں رضا کا معتبر ہے سب سے نام
آسماں کرتا ہے جُھک کے،اِن کی عظمت کوسلام
اللہ اللہ ، ملّت ِ اسلام کے بارہ امام
تھے تقی اپنے زمانے کے بڑے حاجت روا
صاحب ِ کشف و کرامت ، حامل ِ فہم و ذکا
فیض یاب ہوتا رہا ہے آپ سے ہر خاص و عام
آسماں کرتا ہے جُھک کے،اِن کی عظمت کوسلام
اللہ اللہ ، ملّت ِ اسلام کے بارہ امام
اُس زمانے میں نہ تھا جوّاد سا کوئی سخی
متقی تھے آپ ، دُنیا میں یوں کہلائے تقی
یحیی بن اکثم بتا ، تھا ان کا کیا علمی مقام؟
آسماں کرتا ہے جُھک کے،اِن کی عظمت کوسلام
اللہ اللہ ، ملّت ِ اسلام کے بارہ امام
بومحمد ،عسکری، ہادی ،زکی ،ابن الرضا
کون علمی مرتبت میں دوسرا ہے آپ سا
فہم سے بالا و برتر حجۃ اللہ کا مقام
آسماں کرتا ہے جُھک کے،اِن کی عظمت کوسلام
اللہ اللہ ، ملّت ِ اسلام کے بارہ امام
ہے مِرا ایمان گرچہ آج غائب ہیں ضرور
حشر سے پہلے یقیناً آپ کا ہوگا ظہور
حضرت ِ مہدی امام المختتم ، حل ّ المہام
آسماں کرتا ہے جُھک کے،اِن کی عظمت کوسلام
اللہ اللہ ، ملّت ِ اسلام کے بارہ امام
عالم ِ اسلام کے بارہ اِماموں کو سلام
منقبت نگار: سید عارف معین بلے