اجنبی موت سے ایک ملاقات
( اپنی دوست سائرہ شیرازی کے نام،)
اگر تم
موت میں زندہ رہنا چاہتے ہو
تو
پہلی موت کے بعد
فوری
دوسری موت کی تلاش میں نکل پڑو
پہلی موت کو
ایک اجنبی موت کی طرح قبول کرو
پہلی موت
کچھ شروع نہیں کرتی
تمہیں کچھ نہیں دیتی
پہلی موت صرف
تمہاری
زندگی لینے آتی ہے
یہ دوسری موت ہے
جو تمہیں
زندگی سے روشناس کراتی ہے
تم جیسے جیسے نئی سےنئی موت سے
ملتے جاو گے
ہر موت تمہیں
نہ چھینے جانے والی
زندگی دیتی جائے گی
موت کے بغیر زندگی
زندگی کے بغیر موت
دونوں ہی لا یعنی ہیں
لایعنیت سے چھٹکارا پانے کے لیے
لایعنیت کو مکمل اپنانا پڑتا ہے
کیا
کامیو کی موت واقعی
ایک کار حادثے میں
ہوئی تھی
کیا کامیو کی موت
ایک لایعنی موت تھی
میں ایسا نہیں سمجھتا
کامیو کی موت
گرم گھاس کی سرسراہٹ
اور
تمہارے بوسے
میرے اندر
ایک دھمک پیدا کرتے رہتے ہیں
یہ دھمک
مجھے اس لایعنیت سے بچائے رکھے گی
جس کی وجہ سے مجھے
ایک ہی محبت کے
ایک ہی قسم کے بوسوں سے
محبت کے
لایعنیت میں بدل جانے کا
خدشہ لگا رہتا ہے
مجھے یقین ہے
گرم گھاس کی سرسراہٹ
تمہارے بوسے
اور یہ دھمک
مجھے لایعنی زندگی
اور
لایعنی موت
سے بچائے رکھے گی
جیسے
کامیو کو کارحادثے کی موت نے
لایعنیت سے بچائے رکھا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسعود قمر
نوٹ! البرٹ کامیو گو الجیریا میں پیدا ہوا مگر اس نے اپنی زندگی کا
پیشتر حصہ فرانس میں گزارا ۔ اور زیادہ تر اس نے فرینچ زبان میں ہی لکھا اسی لیے وہ فرینچ ادیب کے طور پہ جانا جاتا ہے۔
کامیوفلسفہ کے ” لایعنیت” Absurdism
کے مکتبہ فکر سے تعلق رکھتا تھا۔
پچھلے دنوں بہت عرصے بعد میں نے کتاب پڑھنی شروع کی ۔ میں البرٹ کامیو کا ڈرامہ غلط فہمی پڑھ رہا تھا ابھی آدھے ڈرامے میں ہی تھا کہ یہ نظم بننا شروع ہو گی لہذا یہ نظم اسی ڈرامے کی دین ہے۔
اردو زبان میں اسم کی تعریف
۱۔ اسم اسم وہ لفظ ہے جو کسی کا نام ہو۔ اس کی دو قسمین ہین ۱۔ خاص ۲۔ عام...