تو صاحب ! ہم نے ایک انٹرویو لینے کی ٹھانی ۔۔۔واضح ہو کہ ہم نہ کسی اخبار کے نامہ نگار ہیں اور نہ ہی کسی مجلہ کے ایڈیٹر ،بس اپنی تفنن طبع کے ہاتھوں مجبور کہ اس نے کیا کیا نہ کام کروائے ۔۔ ہم نے جوتیاں بھی چٹخائیں،چپلیں بھی گھسیں اور قلم بھی توڑے ۔ مگر ہاتھ آئی وہی گمنامی کہ مشاہیر نے اپنے گراں قدر سرمائے میں اور اضافہ کرلیا ۔۔سچ ہے کچھ کائیاں مٹی کو بھی سونا بنانے کا فن جانتے ہیں ۔۔اور اس سے بھی زیادہ ہتھیانے کا ۔۔۔دوسروں کی خون دل سے لکھی تحریروں سے اپنی داستان رنگین کرلیتے ہیں ۔بعض تو باقاعدہ مفلوک الحال شعراء کی ٹیم رکھتے ہیں ۔
کچھ سے مکھڑے ۔۔تو دوسرے سے انترے۔۔تو تیسرے سے باقی نغمہ ہائے گل۔۔جو قلاش کی زندگی کا چراغ گل ہونے سے بچاتا ہے اور تمام عالم میں سر تال سے سجا نغمہ دھوم مچاتا ہے ۔۔اس میں بے چارے شاعر کا کیا جاتا ہے کہ نام کا سکہ چلنا اہم ہے کہ گھر میں چولھا جلنا اہم ہے ۔قوال تالیاں پیٹ پیٹ کر شعراء کے کلام کو چباتے ہیں ۔۔مطلب سناتے ہیں اور چونی چھاپ سامعین کے نوٹوں کے ہار سے لد جاتے ہیں ۔شعراء کی کھیپ کسی چائے خانے میں یا چنڈو خانے میں قلم توڑ اور روشنائی پی۔۔بلکہ بہت کچھ پی کر شہ پاروں کو جنم دیتی ہے ۔جو سارقیں ومتشاعروں کی نذر ہوکر انھيں گوشۂ گمنامی میں ڈھکیل مانگے کا اجالا لینے والوں کے شبستانوں کو منور اور انھیں نامور کی صف میں لا کھڑا کرتی ہے ۔۔۔۔کس کس کا ذکر کیا جائے ۔۔۔کون کون سے نام گنوائے جائیں کہ اس میں کچھ پردہ نشینوں کے بھی نام آئے ہیں ۔
تو صاحب نظر ٹھہری جا کے ایک مشہور شاعر پر کہ چلو ہم بھی اس کے کندھے پر چڑھ کر اپنا قد بڑھا لیتے ہیں ۔۔۔۔کچھ داؤپیچ و ہتھکنڈے بھی سیکھ لیتے ہیں کہ دوسروں کے تجربات سے کچھ سیکھنے پر فرد جرم عائد تو نہیں ہوتی ۔اب ہم اتنے بھی گئے گزرے یا قدر ناشناس نہیں کہ ۔۔۔زمانہ شناس بھلے نہ ہوں ۔۔۔مگر قافیہ شناس و مردم شناس ضرور ہیں ۔یہ اور بات ہے کہ کچھ گہرے اور سپاٹ قافیوں نے ہمارا قافیہ تنگ کردیا اور ہم ان کا جغرافیہ سمجھنے کے چکر میں اپنے جغرافیائی ماحول کے خطہ روم سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔۔۔بس صاحب ، پڑھا تھا کہ انسان غلطیاں کر کر کے ہی کچھ سیکھتا ہے ۔۔سو ہم نے ایک اور حسین بھول کر ۔۔دامن میں کچھ پھول سمیٹنے کی سوچی۔۔کہ مشہور شاعر سے سیکھا جائے کہ اس کی شہرت کی کچھ وجہ تو ہوگی ؟۔۔۔ہر مرد کی شہرت کے پیچھے کسی عورت کا ہاتھ ہوتا ہے ۔۔۔مگر ۔۔زمانۂ حال میں بہت سے ہاتھ ہوتے ہیں ۔۔۔
(جاری ہے ۔۔ )