یہ ہم سب اچھے سے جانتے ہیں کہ ڈالفن اور وھیل سمندری جانوروں کا ایک ایسا گروہ ہے جو ایک مچھلی نہیں بلکہ ایک میمل ہے۔ میمل وہ جاندار ہوتے ہیں جو انڈے کے بجائے پیدائش کے وقت بچے دیتے ہیں اور انکے بچے، ماں کے اندر جسم میں ہی پرورش پاتے ہیں۔ پھر ماں ان بچوں کا خیال رکھتی ہے اور ان کا نرسنگ پیریڈ شروع ہوتا ہے ، جس میں ماں اپنے نو زائدہ بچوں کو دودھ پلاتی ہے جسکی مدت ایک سال سے دو سال تک ہوتی ہے۔
ڈالفن بھی ایک پلاسینٹل placental میمل ہے (ایک نلکی نما ساخت ہے جو حمل کے تیسرے ماہ ظاہر ہوتی ہے اور رحم کی اندرونی دیوار کے ساتھ ملحق ہوتی ہے، اسکو آنول بھی کہتے ہیں۔ انسان خود ایک پلاسینٹل میمل ہے اور ہمارے بے بیز بھی آنول نال Umbilical Cord کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں)۔ ڈالفن کی بھی انسانوں کی طرح پیدائشی ناف ہوتی ہے، لیکن انکا جسم کیونکہ پانی میں تیرنے کی وجہ سے اسٹریم لائن ہوتا ہے، اس لیے انکی ناف، بالکل پیٹ کے ساتھ ہموار رہتی ہےاور بظاہر دکھائی نہیں دیتی، کیونکہ ڈالفن اپنی پشت کے بل پانی میں تیرتی ہیں۔ تو یہ بس ایک ہلکا سا سوراخ رہ جاتا ہے، جہاں ڈالفن کا بے بی اپنی پیدائش سے پہلے اپنی ماں کے پیٹ سے اپنی غذا کو حاصل کررہا ہوتا ہے۔ تصویر میں آپکو بے بی ڈالفن ، پلاسینٹا اور آنول نال سے جڑا دکھائی دے رہا ہے۔
ایک باٹل نوز Bottle nose ڈالفن میں مدت حمل، 12 مہینے کی ہوتی ہے۔لیکن مختلف ڈالفن کی انواع میں یہ مدت مختلف بھی ہوسکتی ہے۔ ایک مادہ ڈالفن ہر دو سال بعد ایک بچھڑے کو جنم دے سکتی ہے، لیکن بعض اوقات یہ دورانیہ تین سال تک کا بھی دیکھا جاتا ہے، خصوصا وہ ڈالفن جو کسی جگہ انسانی قید جیسے زو یا ایمیوزمنٹ پارک میں رکھی ہوتی ہیں۔ کبھی کبھی چھ سال بعد ایک باٹل نوز ڈالفن (تصویر والی) دوبارہ حاملہ ہوسکتی ہے۔ بچھڑے ، پانی میں ہی پیدا ہوتے ہیں۔ پیدائش کے وقت بے بی ڈالفن کی دم پہلے ماں کے پیٹ سے باہر آتی ہے، پھر باقی جسم۔ بے بی کے جسم سے آنول نال بھی جڑی ہوتی ہے، جو بعد میں علیحدہ ہوجاتی ہے۔ پیدائش کے وقت ایک بڑی ڈالفن بھی ماں اور بچے کی نگرانی کررہی ہوتی ہے، جو نر یا مادہ دونوں میں سے کوئی ایک ہوتی ہے۔ تاکہ پیدائش کے وقت اس مادہ کو دوسرے جانوروں سے بچایا جاسکے، یہ رویہ اور میملز میں بھی دیکھا جاتا ہے۔
دودھ پلانے کی مدت:
• ڈالفن کے اپنے بچے کو دودھ پلانے کی مدت عموما 18 سے 24 مہینے تک ہوتی ہے۔ ڈالفن کے دودھ پلانے کا سب سے زیادہ مدت کا ریکارڈ ، سارا سوٹا بے ، فلوریڈا امریکہ Sarasota Bay, Floridaمیں دیکھا گیا، جو کہ سات سال تک دیکھا گیا۔
• ڈالفن کے بچھڑے، پانی کے اندر ہی اپنی ماں کا دودھ پیتے ہیں، لیکن بہت گہرائی میں نہیں بلکہ سطح سمندر کے قریب۔ انکی ماں کے پیٹ کے نچلے حصے سے ڈالفن کی چھاتی نما ابھار سےنکلے ہوتے ہیں، جسکے نپلز کو بچھڑے چوستے ہیں۔
• مختلف زو لاجیکل پارکس میں ڈالفن کے اپنے بچوں کی پیدائش کے چھ گھنٹے بعد ہی دودھ پلاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ ایک بچھڑا ، 4 سے 8 گھنٹے میں قریبا 4 دفعہ اپنی ماں کا دودھ پیتا ہے۔ ہر دودھ پلانے کا عمل 10 سے 20 سیکنڈ تک طویل ہوسکتا ہے۔ اور یہ دن میں 3 سے 8 دفعہ ہر گھٹنے میں ہورہا ہوتا ہے۔
• ڈالفن کا دودھ 33 فیصد چکنائی، 6.8 فیصد پروٹین اور 58 فیصد پانی پر مشتمل ہوتا ہے۔ کچھ لیکٹوز lactose کی مقدار بھی ڈالفن کے دودھ میں ہوتی ہے۔ یہ دودھ ، دالفن کے بچھڑے کے اوپر ایک چکنائی کی موٹی تہہ جسکو blubber کہتے ہیں، تیزی سے چڑھانے میں مدد دیتا ہے اور اسکے زریعے ڈالفن کے بچھڑے تیزی سے نشونما پاتے ہیں۔
جب ڈالفن کا بے بی اپنی ماں کے پیٹ میں ہوتا ہے تو ماں کے یوٹرس میں بہت کم جگہ ہوتی ہے جو بچے کو اپنے اندر رکھنے کے ناکافی ہوتی ہے۔ اسکے نتیجے میں اور پیدائش میں آسانی کے لیے ڈالفن کے بے بی کی دم عارضی طور پر مڑی ہوئی ہوتی ہے اور اسکی دم نرم کری ہڈی cartilaginous سے بنی ہوتی ہے، جسکو بچہ ، اپنی ماں کے پیٹ میں موڑ کر رکھتا ہے۔ لیکن پیدائش کے عمل میں یہ خود بخود سیدھی ہوجاتی ہے۔
ڈالفن، ایک وقت میں ایک ہی بچہ دیتی ہے، اسکے یہاں جڑواں، یا ایک سے زیادہ بچے نہیں ہوتے۔ مختلف ڈالفن کی انواع ایک سے چھ سال کے بعد ایک ہی بچہ دیتی ہیں۔ باٹل نوز ڈالفن دو سے تین سال ایک ہی بچہ دینے کے قابل ہوتی ہیں۔