عافیت کا تعلق دولت سے نہیں، اور نہ ہی کسی منصب و طاقت سے ہے۔ عین ممکن ہے‘ ایک شخص کے پاس دولت کی ریل پیل ہو لیکن وہ عافیت کے سائبان سے نکل چکا ہو۔ عین ممکن ہے‘ ایک شخص طاقت اور شہرت کے کسی منصب ِ جلیلہ پر فائز ہو ‘لیکن دَرپردہ اُس کا پردہ فاش ہو چکا ہو۔ عافیت ایک متوسط اور غیر معروف خاندان کی میراث بھی ہو سکتی ہے۔ عین ممکن ہے‘ ایک مزدور کا کچا گھروندااُس کے لیے جنت ہو، اس کی نیک سیرت بیوی گھر کے دروازے پر اُس کا استقبال کرے، اُس کی چارپائی کے گرد اُس کے لیے پانی کا چھڑکاؤ کرے، اپنے ہاتھ کی تازہ روٹی اپنے سامنے بٹھا کر کھلائے ، اور اِس اثنا کسی فرمائش یا گلے شکوے سے اُس کی سماعتوں کو آلودہ نہ کرے، اُس کے سامنے اس کے بچے کلکاریاں مارتے ہوئے اُس کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کریں… اور اِس کے برعکس بھی ممکن ہے۔عین ممکن ہے‘ کسی نوتعمیر سوسائیٹی کے گارڈن نما بنگلے میں ہر قسم کی آسائش و آلائش مہیا ہو‘ لیکن بچے باپ کے گستاخ، بیوی منہ بسورے ہر وقت منہ میں گلے شکوے کی گلوری رکھے نظر آئے اور صاحب بہادر اپنے دفتر کی پریشانی کو پیشانی کی سلوٹوں کی صورت چڑھائے خانساماں کے ہاتھ کا کھانا زہر مار کر رہا ہو، غرض ‘ کہنے اور دیکھنے کو گھر لیکن حقیقت میں مکان ۔۔۔۔ اس مکان کا ہر مکیں محسن کشی کرے اور اپنی اپنی اَنا کی سولی پر لٹکا رہے، اور دوسروں کو لٹکائے رکھے،یعنی وہ خودو عافیت میں رہے ‘ اور نہ دوسروں ہی کو رہنے دے۔۔۔۔اور اِس کے برعکس بھی ممکن ہے۔
ایک وقت تھا‘اوریہ زیادہ دُور کا وقت نہیں‘ جب بڑے بوڑھے دُعا دیا کرتے تھے’’رب تجھے تھانے ، کچہری، ہسپتال سے بچائے‘‘ اِس محاورہ نما دُعا پر غور کریں تو عافیت اور آفت دونوں کا مفہوم سمجھ میں آجاتا ہے۔ پنجاب کی بُوباس سے آشنا لوگ پنجابی کے ایک لفظ سے بخوبی واقف ہیں، اللہ نہ کریں اس لفظ کے معنی سے کبھی واسطہ پڑے… وہ لفظ ہے’’ پڑتھو‘‘… یعنی اچھے بھلے بیٹھے ہوئے تھے ، اچانک’’ پڑتھو‘‘ پڑ گیا۔ اگرچہ اُردو میں کہہ سکتے ہیں‘ افتاد پڑگئی ، لیکن اُردو کی روائتی ملائمت میں اِس مفرس اُفتاد میں عافیت کے لمحے کایک لخت رخصت ہونے کا مفہوم شامل نہیں۔ بہر طور عافیت کے مفہوم پر غور کرنا چاہیے اور اس کی دُعا کرنی چاہیے۔ مسنون دعاؤں میں ایک معروف دُعا ہے ’’ اللّٰھم اِنّی اسئلک العَفوَ و العافیۃ فی الدّین والدّنیا ولآخرۃ‘‘ ( اے اللہ ! میں تجھ سے معافی اور عافیت کا طلب گار ہوں، دین ، دنیا اور آخرت میں)۔ عفو اور عافیت میں گہرا تعلق ہے۔ معافی مانگنے اور معاف کر دینے سے انسان عافیت میں داخل ہو جاتا ہے۔یہاں غور طلب بات یہ ہے کہ دنیا کے ساتھ ساتھ دین اور آخرت میں بھی عافیت مانگی جا رہی ہے ۔ آخرت میں عافیت کی ضرورت تو اَز بس ہوگی…کہیں ایسا نہ ہو کہ نجات کے لیے اچانک ایک نیکی کم پڑ جائے اور ہم اس کے لیے مارے مارے پھرتے رہیں۔ وہاں عافیت اُسے نصیب ہو گی ‘جسے شفاعت نصیب ہو گئی۔ دین کے معاملات میں بھی عافیت مانگنے کی دعا سکھائی گئی ہے، یعنی دین کے فرائض آسانی اور خوش اسلوبی سے اَدا ہوتے رہیں، توفیق ِ الٰہی نیک اعمال میں شامل ِ حال رہے۔ دین کو آسان بیان کرنے والے عافیت اور سلامتی کی طرف بلا رہے ہیں۔ حکم ہے کہ دین میں آسانی پیدا کرو، خوش خبری سناؤ ، یعنی اللہ کی رحمت سے مایوس نہ کرو۔ رحمت کے مقابلے میں انسانوں کو فارمولے کے حوالے کرنے والے مبلغ دین دوست ہیں نہ انسان دوست ۔۔۔ بلکہ یہ مشکل پسندلوگ ماننے والوں کو مشکل میں ڈالنے والے ہیں، انہیں خوش خبری کی بجائے عذاب کی خبر دیتے ہیں۔ کفار کے لیے بیان کیے گئے عذاب کو کلمہ گو کے لیے بیان کرتے ہیں۔ دراصل دین انسان کو اس دنیا میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے آیا ہے، انسان کی گردن کو بے جا بوجھوں سے آزاد کرنے کے لیے آیا ہے، اس لیے دین میں کسی مڈل مین (پاپائیت) کا تصور نہیں۔ ہر کلمہ گو اِس کلمے کی برکت سے براہ ِراست عبادت کر سکتا ہے، دُعا کر سکتا ہے، اپنے خدا سے اپنا رابطہ استوار کر سکتا ہے۔ واسطہ اور وسیلہ ہدایت کے لیے چاہیے ہوتا ہے، یہ پیغامِ ہدائت کو شعوری سطح پر سمجھنے کے لیے ہمیں ایک رول ماڈل کے طور پر درکار ہو تا ہے۔ یہاں توفیق کا تصور سمجھنے کی ضرورت ہے۔ توفیق نیک ارادے اور نیک عمل کے درمیان حائل بیرونی رکاوٹوں کو دُور کرنے کی ایک خدائی مدد کا نام ہے۔ جہاں تک ثواب کا تعلق ہے ‘ مومن کے لیے یہ خصوصی عنایت ہے کہ وہ نیک نیت کر لے تو نیک عمل کے پایہ تکمیل تک پہنچنے سے پہلے بغیر بھی اُس کے نامہ اعمال میں اُس کا اجر لکھ دیا جاتا ہے۔ ایک حدیث ِ مبارکہ کے مطابق مومن کی نیت اس کے عمل سے بہتر ہے۔ عین ممکن ہے‘ میری نیت میں مسجد کی تعمیر شامل ہو لیکن بیرونی دنیا میں اسبابِ دنیا مہیا نہ ہو رہے ہوں کہ زمان و مکاں کی کڑیوں کو جوڑے رکھنا ، انہیں ایک خاص وقت تک ہم آہنگ رکھنامیر ے اختیار میں نہیں۔ ہو سکتا ہے ٗ میں مکان پر غلبہ پا لوں ٗلیکن زمان میری دسترس سے بہر حال باہر ہی رہے گا۔ جب توفیق مل جاتی ہے تو اسبا ب کی دنیا میں اسباب و نتائج کی کڑیا ں ملنا شروع ہوجاتی ہیں اور نیک ارادہ عمل کی دنیا میں جائے تکمیل تک پہنچ جاتا ہے۔ بے وضو شخص اپنی نماز ادا نہ کرنے کی وجہ توفیق کا نہ ملنا قرار نہیں دے سکتا ہے، کیونکہ اس کی نیت باوضو ہی نہ تھی۔جس نے ٹکٹ ہی نہ لیا تھا‘ اسے گاڑی کیسے ملتی۔ جس کی نیت میں فتور ہو ‘ وہ مواقع میسر نہ آنے کا شکوہ نہیں کر سکتا۔ یہ کائنات ہمارے ارادے پر لبیک کہتی ہے۔ ارض و سماء کے مسخر ہونے کا یہی مفہوم ہے۔ وگرنہ اِس بسیط و عمیق خلا کے کسی گوشے میں چہل قدمی کرکے واپس آنے کو خلا کی تسخیر کہنا ایک حیران کن حد تک مضحکہ خیز بیان ہے۔
دنیا میں عافیت کا مفہوم یہ ہے کہ انسان کی جان مال اور عزت بغیر کسی اضافی تگ و دَو کے محفوظ رہے۔ وہ ضروریات ِ زندگی کے لیے کسی کادست نگر نہ ہو… دینے والا ہاتھ ہو، لینے والا نہ ہو۔ کسی دولت کی نمائش کے بغیر بھی اُس کا بھرم قائم رہے، کسی شہرت کے سنگھاسن پر براجمان ہوئے بغیر بھی لوگ اُس کی عزت کرنے میں آسانی محسوس کریں، کسی منصب دار کی منت سماجت کے بغیر بھی اُس کے کام ہوتے رہیں۔ کُنج ِ عافیت حاصل کرنے کے لیے بیرونی عناصر کے تعاون سے پہلے اندرونی عوامل میں ایک گونہ اعتدال چاہیے ۔عافیت کے لیے حالات سے زیادہ خیالات کی یکسوئی ضروری ہوتی ہے۔ مرشدی حضرت واصف علی واصفؒ کا قول ہے’’ پریشانی حالات سے نہیں‘ خیالات سے پیدا ہوتی ہے‘‘۔ گوشۂ عافیت کی تعمیر میں قناعت ، صبر اور توکل ایک کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔لالچ ، حسد اور نفرت ‘ عافیت کی پناہ گاہ سے بے دخل کردیتے ہیں۔ شکر گزاری عافیت کی پناہ گاہ کو مضبوط کرتی ہیں۔اسلام سلامتی ہے… اس لیے جو شخص اسلام کے اصولوں پرچلتا ہے ، شریعت ِ مطہرّہ پر عمل کرتا ہے، اِخلاقِ محمدی ؐ کے آثار اپنے کردار میں نافذ کرتا ہے ‘ وہ سلامتی اور عافیت میں رہے گا۔ اپنے اولی الامر کی حکم عدولی کرنے والا عافیت سے نکل کر آفت میں داخل ہو گا۔
عام طور پر انسان کو عافیت کا منّ و سلویٰ راس نہیں آتا۔ انسان طعامِ واحد کی ناشکرگزاری کرتا ہے اور زعم ِ آگہی زمانہ میں اپنی کوشش کی کدال کندھے پر رکھے اپنے لیے ساگ ، اناج اور پیاز اُگانے کے لیے نکل کھڑا ہوتا ہے۔جونہی انسان اعلیٰ کے بدلے میں ادنیٰ طرزِ حیات کا انتخاب کرتا ہے ‘ وہ عافیت سے نکل کر آفت کے حوالے ہو جاتا ہے۔ آفت یہ ہے کہ اُس کے سر سے عافیت کا سائبان اُٹھا لیا جائے۔ آفت ِ زمانہ یہ ہے کہ انسان کو سبب اور نتیجے کے حوالے کر دیا جائے اور کسی معتبر ذات کا حوالہ اُس کے تعارف سے چھین لیا جائے۔
آفت اور آزمائش میں فرق ہے۔۔۔۔ اور یہ بہت بڑا فرق ہے۔ آفت انسان خود مول لیتا ہے، اپنے کردار و افکار میں مسلسل افراط وتفریط کے سبب! حکم ہے کہ خود کو اپنے ہاتھوں سے ہلاکت میں نہ ڈالو۔ ہاتھوں کی گرہیں دانتوں سے کھولنی پڑتی ہیں۔ آزمائش آسمان سے نازل ہوتی ہے… آزمائش کے لیے ربّ ذوالجلال اپنے خاص بندوں کا انتخاب کرتا ہے، یوں سمجھ لیجئے کہ انعام یافتگان کو مزید انعام عطا کرنے کے جواز کے طور پر وہ اپنے بندوں کو آزمائش سے گزارتا ہے۔ اُس کے بندے بھوک اور خوف ، اپنی محنتوں کے ثمر کے ضیاع اور پھر مال اور اولاد کے نقصان پر صبر کرتے ہیں… اور اِس کے صلے میں وہ اُنہیں اپنے قربِ مزید سے نوازتا ہے۔ "انّ اللہ مع الصابرین" صابرین اُس کی خاص معیت میں ہیں۔ غالب کے اِس مصرعے میں ’’انّا للہ وانّا اِلیہ راجعون‘‘ کا ترجمہ ہی گویا سمودیا گیا ہے:
ع ہم اُس کے ہیں ‘ہمارا پوچھنا کیا
( روزنامہ "نئی بات" میں ہفتہ وار کالم "عکسِ خیال" بروز بدھ 30 ستمبر 20 ء)
wasifcentre@gmail.com
حالات کے دھارے
ہر شخص کی نوجوانی میں ایک ایسا وقت یا ایسا لمحہ ضرور آتا ہے، جب نوجوان لڑکے، لڑکیوں میں جذباتیت...