14 فروری 1998
سلام دعا
میڈم نازی
میں آپ کا بہت بڑا فین ہوں
یہ ایک جملہ میرے احساسات کے ساتھ انصاف نہیں کرتا
ہم پانچ دوستوں نے مل کے پاکستانی فلم "بہاراں" دیکھنے کی ٹھانی۔ ہمارے گاؤں سے نزدیک ترین سینما ہال کوئی سوا دو سو کلومیٹر دور ہے، اس لیے قریبی فلم سٹور سے فلم بھی کرائے پہ لی اور وی سی آر بھی آپ کو عجیب لگا ہو گا، ہے ناں مگر ہمارے ادھر ایسے ہی چلتا ہے
ثاقب کی بیٹھک میں ہم نے سینما کا ماحول بنا لیا کہ سب کھڑکیاں دروازے بند، گھپ اندھیرا اور فلم چل رہی ہے۔ فلم کے تیسرے منٹ اور بیالیسویں سیکنڈ پہ فلم کی ہیروئین کی انٹری ہوتی ہے۔ کریم کلر کی ساڑھی پہ جابجا خوبصورت رنگوں کے پھول کڑھے ہوئے، کھلے سرخی مائل بال سورج کی روشنی میں ہوا میں اڑتے ہوئے، جیسے ابھی آگ پکڑ لیں گے
آپ کے سکرین پہ آنے کے منٹ سیکنڈز بھی یاد ہیں مجھے، آپ تو پھر آپ ہیں۔ سو یہ جملہ کہ میں آپ کا بہت بڑا فین ہوں ،ناکافی ہے
جانے یہ اخبارِ نوجہاں والے واقعی یہ خط آپ تک پہنچائیں گے کہ نہیں۔۔ لکھا تو یہی تھا کہ "اپنے محبوب فنکار کو خط لکھیں، آپ کا خط ہم پہنچائیں گے" اب جانے وہ کیسے پہنچائیں گے یہ خط آپ تک بیٹھک کے گھپ اندھیرے کی انگلیاں ہوتیں تو وہ بھی آپ کو خط لکھتا۔ لکھتا کہ اس شام ساری بیٹھک میں آپ ہی تھیں۔ لکھتا کہ جب یہ گیت "یہ نظر ان نظاروں سے ناراض ہے" چل رہا تھا تو سویٹزرلینڈ کے وہ برف پوش پہاڑ، وہ سبزے سے سجی وادی اور وادی کے بیچوں بیچ ناچتی ندی ، سب اس بیٹھک میں تھے
بیٹھک کے گھپ اندھیرے کا خط آپ تک کون ، کیسے پہنچائے گا
ورنہ وہ گھپ اندھیرا لکھتا کہ فلم میں جب جب آپ ہنسی ہیں،بیٹھک کے فرش پہ بیٹھے 'ندیم' کے ہونٹ مسکرائے ہیں۔ آپ کی آنکھوں کی نمی پہ، اس کی آنکھوں سے وہ سویٹزرلینڈ کی وادی کی ندی بہہ نکلی ہے
کیا آپ یہ خط پڑھ رہی ہیں؟ کیا واقعی اخبارِ نوجہاں والوں نے اپنے محبوب فنکار تک خط پہنچانے کا وعدہ پورا کیا ہے یا پھر یہ بھی غریب کی محبت کا مذاق ہے
کیا محبوب فنکار اپنے چاہنے والوں کے رقعوں کا جواب بھی دیتے ہیں؟ میں نے آج تک کسی کو خط نہیں لکھا، کبھی بھی نہیں۔ سکول میں چھٹی کی درخواست لکھوانا سکھایا تھا، مگر خط کیسے لکھتے ہیں، یہ کبھی نہیں سکھایا
پتا نہیں میں کیا کیا لکھ گیا ہوں، برا لگے تو پہلے خط کی پہلی غلطیاں سمجھ کے معاف کر دیجیے گا۔ رات بہت ہو چکی ہے۔ صبح جلدی اٹھوں گا کہ ڈاک خانے سب سے پہلے پہنچوں
اب آخر میں کیا لکھوں؟ آپ کا فین؟ آپ کا چاہنے والا؟ نہیں یہ شاید آپ کو اچھا نہیں لگے گا۔ آپ کا سب سے بڑا فین؟ کیا لکھوں، کچھ سمجھ نہیں آ رہا
ہاں اپنا پتا لکھ دیتا ہوں، مجھے امید تو رہے گی
پہلی بار خط لکھنے والا
ندیم عالم
ڈاکخانہ بمقام سَدراں
براستہ سُفنا پور
ضلع و تحصیل منڈی تصور آباد