آج – 21/دسمبر 1834
اردو کے ممتاز ترین شاعروں میں شمار، متصوفانہ فکر کے معروف شاعر” آسیؔ غازی پورہ صاحب “ کا یومِ ولادت…
آسیؔ غازی پورہ، ۲۱ دسمبر ۱۸۳۴ء کو سکندر پور ضلع بلیا (یو۔پی) میں ہوئی ۔ نام محمد عبدالعلیم تھا ۔ پہلے عاصیؔ تخلص اختیار کیا پھر آسیؔ ۔ ابتدائی تعلیم اپنے نانا سے حاصل کی اس کے بعد جونپور چلے گئے اور مولانا عبدالحلیم فرنگی محلی سے معقولات کی تعلیم حاصل کی ۔ عاصی ایک ماہر طبیب بھی تھے ۔ انہوں نے طب کی کوئی رسمی تعلیم حاصل نہیں کی تھی بلکہ اپنے ذوق اور ذاتی مطالعے سے اس فن میں مہارت حاصل کی ۔ طالب علمی کے زمانے ہی سے شعر وسخن میں دلچسپی تھی ۔ ناسخ کے شاگرد افضل الٰہ آبادی سے مشورہ سخن کیا ۔ آسی کا دیوان ’’ عینُ المعارف ‘‘ کے نام سے شائع ہوا ۔ ۲۴ جنوری ۱۹۱۷ء کو غازی پور میں انتقال ہوا ۔
آسی کی شاعری متصوفانہ فکر کا تخلیقی بیان ہے ۔ آسی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ میر درد کے بعد تصوف کے موضوعات کو شاعری میں برتنے والے وہ سب سے کامیاب شاعر ہیں۔
پیشکش : اعجاز زیڈ ایچ
✧◉➻══════════════➻◉✧
ممتاز شاعر آسیؔ غازی پورہ کے یوم ولادت پر منتخب اشعار بطور خراجِ تحسین…
دل دیا جس نے کسی کو وہ ہوا صاحبِ دل
ہاتھ آ جاتی ہے کھو دینے سے دولتِ دل کی
—
میری آنکھیں اور دیدار آپ کا
یا قیامت آ گئی یا خواب ہے
—
اسی کے جلوے تھے لیکن وصالِ یار نہ تھا
میں اس کے واسطے کس وقت بے قرار نہ تھا
—
اے جنوں پھر مرے سر پر وہی شامت آئی
پھر پھنسا زلفوں میں دل پھر وہی آفت آئی
—
وہ پھر وعدہ ملنے کا کرتے ہیں یعنی
ابھی کچھ دنوں ہم کو جینا پڑے گا
—
لبِ نازک کے بوسے لوں تو مسی منہ بناتی ہے
کفِ پا کو اگر چوموں تو مہندی رنگ لاتی ہے
—
خدا سے ترا چاہنا چاہتا ہوں
میرا چاہنا دیکھ کیا چاہتا ہوں
—
بیمارِ غم کی چارہ گری کچھ ضرور ہے
وہ دردِ دل میں دے کہ مسیحا کہیں جسے
—
وہ خط وہ چہرہ وہ زلفِ سیاہ تو دیکھو
کہ شام صبح کے بعد آئے صبح شام کے بعد
—
زخم دل ہم دکھا نہیں سکتے
دل کسی کا دکھا نہیں سکتے
—
حرص دولت کی نہ عز و جاہ کی
بس تمنا ہے دلِ آگاہ کی
—
اتنا تو جانتے ہیں کہ عاشق فنا ہوا
اور اس سے آگے بڑھ کے خدا جانے کیا ہوا
—
وہاں پہنچ کے یہ کہنا صبا سلام کے بعد
کہ تیرے نام کی رٹ ہے خدا کے نام کے بعد
—
تابِ دیدار جو لائے مجھے وہ دل دینا
منہ قیامت میں دکھا سکنے کے قابل دینا
—
تو محوِ گل بن و گلزار ہو گیا آسیؔ
تری نظر میں جمال خیالِ یار نہ تھا
●•●┄─┅━━━★✰★━━━┅─●•●
آسیؔ غازی پورہ
انتخاب : اعجاز زیڈ ایچ