یہ نمبر تو آپ خود بتا سکتے ہیں لیکن کیا آپ یہ بتا سکتے ہیں کہ اس نمبر کا مطلب کیا ہے؟ اس کا تعلق جو کے دانوں سے ہے لیکن وہ کیسے؟ اس کے لئے ایک چکر ذرا ماضی کا۔
جوتے بنانے کی تاریخ ہزاروں سال پرانی ہے۔ آج تک ملنے والے سب سے پرانے جوتے نو سے دس ہزار سال پہلے کے ہیں جو لکڑی کی چھال کے بنے ہوئے سینڈل تھے جبکہ چمڑے کے سب سے پرانے جوتے آرمینیا سے ملے ہیں جو ساڑھے پانچ ہزار سال پہلے کے تھے۔ انڈیا، مصر، چین، جاپان، افریقہ اور شمالی امریکہ میں ان جوتوں کی اپنی تاریخ ہے جبکہ دائیں اور بائیں پاؤں میں جوتے کا فرق ڈیزائن ملنے کے سب سے پرانی تاریخ روم کے فوجیوں کے جوتوں کی ہے۔
جوتوں کے فیشن وقت اور جگہوں کے حساب سے بدلتے رہے لیکن ہر جوتا انفرادی طور الگ الگ بنایا جاتا تھا۔ صنعتی انقلاب کے بعد اس کی صنعت بھی انیسویں صدی میں شروع ہوئی۔ نپولین کی جنگوں کے دوران مارک برونل نے پہلی بار فوجی بوٹ بڑی تعداد میں بنانے کا طریقہ نکالا۔ 1812 میں اس کی فیکٹری لگائی اور برٹش حکومت کو بیچنا شروع کئے۔ اس کی صنعتی پروڈکشن کے بعد جوتوں کے سائز کو سٹینڈرڈائز کرنے کی ضرورت محسوس ہوئی۔
انیسویں صدی میں برطانیہ میں استعمال ہونے والا پیمائش کا سکیل انچ تھا۔ انچ کے یونٹ کے ابتدا سکاٹ لینڈ سے ہوئی تھی اور اس کا مطلب انسانی انگوٹھے کے ناخن کے نچلے حصے کی پیمائش تھی۔ تین لوگوں کی اوسط نکال کر اس کو سٹینڈرڈ مانا جاتا۔ چودہویں صدی میں برطانیہ کے شاہ ایڈورڈ دوئم کے دور میں اس کی تعریف بدل دی گئی۔ ایک انچ کا مطلب یہ تھا کہ جَو کے تین خشک اور گول دانے لمبائی کے رخ ساتھ ساتھ رکھے جائیں۔ ان کا سائز ایک انچ کہلائے گا۔
جوتوں کے سائز میں ایک سائز کا فرق رکھنے کے لئے جو کے ایک دانے کے فرق کو معیار بنایا گیا جو کہ تعریف کے لحاظ سے ایک انچ کا ایک تہائی تھا۔ صفر سائز کا مطلب یہ کہ پیر کا پیدائش کے وقت کا سائز۔ اس کی پیمائش ایک 'ہاتھ' رکھی گئی جو کہ چار انچ یا بارہ جو کے دانوں کے برابر کا یونٹ تھا۔ جو کہ بڑھ کر ساڑھے تیرہ کے سائز پر دوبارہ ایک پر ری سیٹ ہو جاتا۔ اب آپ اپنے جوتے کا سائز جَو کے دانوں کے حساب سے کیلکولیٹ کر سکتے ہیں۔
انچ کی تعریف 1959 میں میٹر سے منسلک کر دی گئی۔
برِصغیر سمیت کئی سابقہ برطانوی کالینیوں میں جوتے کے سائز کا یہی سٹینڈرڈ رائج ہے۔ لیکن نہ ہی جوتے بنانے والوں کو اور نہ ہی پہننے والوں کو اس زرعی جنس سے اس تعلق کا علم ہے۔ تمام قدیم روایتی پیمائشی یونٹس کا تعلق یا تو انسان کے جسم سے ہے یا پھر زراعت سے رہا ہے۔
اب آپ سے دو سوال۔
میٹر خود کیا ہے؟ (اس کا جواب روشنی کی رفتار سے ہے)۔
ایک میٹر، ایک میٹر ہی کیوں ہے؟ (اس کا تعلق قطب شمالی کے خطِ استوا سے فاصلے اور فرانس اکیڈمی کے سات سال جاری رہنے والی ایک مہم سے ہے)۔
ایک انچ کی تعریف، بریٹیکنیکا انسائکلوپیڈیا سے
https://www.britannica.com/science/inch
جوتے کے سائز کے بارے میں
https://en.wikipedia.org/wiki/Shoe_size
جوتوں کی اپنی تاریخ کے لئے
https://en.wikipedia.org/wiki/Shoe
یہ تحریر فیس بُک کے اس پیج سے لی گئی ہے۔