عالمی اردو مجلس نے کشمیر میں کیا شاندار اور کامیاب محفل مشاعرہ کا انعقاد
وادی کے نامور اور معزز شعرا ئے کرام نے کی شرکت
پریس ریلز۱۰ جون ۲۰۱۹
عالمی سطح پر اردو زبان وادب کو فروغ دینے کیلئے قائم مرکزِعالمی اردو مجلس جموں وکشمیر یونٹ کے زیر اہتمام راولپورہ سرینگر میں جشن عید اور محفل مشاعر ہ کا انعقاد کیا گیا ۔اس تقریب میں کلچر اینڈ سائنس فائونڈیشن کا تعاون بھی حاصل تھا ۔ اس تقریب کی صدارت معروف پرڈیوسر ڈاکٹرنذیر احمد نے کی ۔ثقافتی مرکز کے صدر مبارک احمد مبارک مہمان خصوصی،تعمیل ارشاد کے مدیر ناظم نذیر مہمان ذی وقار اور شہباز ہاکباری اعزازی مہمان کی حیثیت سے ایوان صدارت میں موجود تھے ۔تقریب کا آغا ز حنیف ترین نے تلاوت کلام پاک سے کیا اور اس کے بعد عائشہ تنویر نے نعت شریف پڑھا۔۔مرکز عالمی اردو مجلس کشمیر یونٹ کے صدر ڈاکٹر حنیف ترین نے میزبانی کے فرائض انجام دئے اور مہمانوں کا والہانہ استقبال کیا ۔انھوں نے مرکز عالمی اردو مجلس کے بنیادی اغراض و مقاصد اور جشن عید کے حوالے سے مختصر تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجلس عالمی سطح پر اردو زبان کو فروغ دینے اور اس کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھانے کی سعی کرتی رہے گی۔ محفل مشاعرہ میں وادی کے اردو ،کشمیری اور فارسی کے نامور شعراء اور ادب نواز شخصیات نے شرکت کی ۔ مشاعرہ میں حنیف ترین ،بشیر چراغ اور ڈاکٹر شبنم رفیقی نے مرحلہ وار نظامت کے فرائض انجام دئے ۔مشاعرے میں جن شعرا نے اپنی تخلیقات پیش کرکے حاضرین مجلس کو محظوظ کیا ۔ان میں مقبول فیروزی ،ساگر سرفراز ،پرویز مانوس ،مجید مسرور ،نورالدین ہوش ،ڈاکٹر ہلال ،شوکت تلگامی ،امتیاز بزاز ،عادل اشرف ،ڈاکٹر علی محمد نشتر ،غلام محی الدین المعروف مھدہ میر، خورشید قریشی ،پروفیسر پیرزادہ ریاض ،سہیل سالم ،عاشق ادیب ،فاروق عطیب ،عارض ارشاد ،محبوب نوگامی ،مسرت حمید وغیرہ شامل تھے ان کے علاوہ بُک پرموشن ٹرسٹ اور اردو کونسل کے نمائندہ خاص شبیر ماٹجی اور دیگر دانشور وں نے شرکت کی ۔
مشاعرے کے اختتام پر ناظم نذیر، شہباز ہاکباری، مبارک احمد نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔جس میں انہوں نے عالمی اردو مجلس کے منتظمین کو مبارکباد دی جو اردو زبان کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہیں ۔اردو مجلس کے زعماء بالخصوص صدرڈاکٹر حنیف ترین ، کشمیر یونٹ کے چیرمین بشیر چراغ اور جنرل سکریٹری غلام نبی کمار کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے اس جشن کا انعقاد کیا اور ہمیں بھی خدمت کا موقع فراہم کیا ۔اس موقع پر ڈاکٹر شبنم رفیقی، مجید مسرور اور ڈاکٹرنذیر احمد نے وادی کی ادبی،سماجی اور فلاحی تنظیموں کی آپسی یکجہتی پر زور دیا تاکہ اردو زبان اور ادب کی مشترکہ طور پر خدمات انجام دی جا سکیں۔انہوں نے مجلس کے زعماء بالخصوص حنیف ترین کو خراج تحسین پیش کیا اور اردو کی آبیاری کرنے پر ان کو مبارکباد دی ۔مجلس کے اختتام پر شمع صحافت شہید شجاعت بخاری کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کی مغفرت وجنت نشینی کیلئے دعا کی گئی ۔