آج – 17؍نومبر 1950
پاکستان کے معروف، براڈکاسٹر، ادیب، صحافی، مرثیہ نگار، محقق، اور شاعر ”صفدرؔ ہمدانی صاحب“ کا یومِ ولادت…..
صفدرؔ ہمدانی لاہور کے ایک علمی اور ادبی گھرانے میں 17؍نومبر 1950ء میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد مصطفی علی ہمدانی ممتاز براڈ کاسٹر تھے۔ صفدرؔ ہمدانی نے ابتدائی تعلیم لاہور میں ہی حاصل کی اور گریجویشن بھی ایف سی کالج، لاہور سے کی۔ اس کے بعد جامعہ پنجاب سے صحافت میں ایم۔ اے کیا۔ 1973ء میں ریڈیو پاکستان سے بطور پروڈیوسر وابستہ ہوئے۔ دورانِ ملازمت ریڈیو اکیڈمی میں بھی خدمات انجام دیں اوربیرون ملک ریڈیو پالینڈ اور چار سال تک ریڈیو جاپان میں بھی خدمات انجام دیں۔ نیز جب 1992ء میں برطانیہ میں رہائش اختیار کی تو تقریباً انیس برس تک بی بی سی اردو سے وابستہ رہے۔ صفدرؔ ہمدانی پچھلے دو عشروں سے لندن میں سکونت پزیر ہیں اور وہیں پہلے چار سال تک القمر آن لائن اور پھر 2008ء میں عالمی اخبار کے نام سے ای-اخبار کا اجرا کیا ہے۔
بحوالہ: ویکیپیڈیا
پیشکش : شمیم ریاض
ممتاز ترین شاعر صفدرؔ ہمدانی کے یوم ولادت پر منتخب اشعار بطور خراجِ عقیدت…
تجھے یہ زعم ہے تو توڑ ڈالے گا مجھے اک دن
تجھے خود بھی نہیں معلوم کتنا آزمائے گا
———
تبدیلیوں کے شوق کا نشہ اُتر گیا
موسم خوشی کا آئے بنا ہی گزر گیا
———
صفدرؔ یہ سانحہ بھی ہوا ہے ہمارے ساتھ
انصاف کی تحریک میں انصاف مر گیا
———
پھر گلے لگ کے مجھے پُشت میں مارا خنجر
میں نے تو اس سے فقط ہاتھ ملایا تھا ابھی
———
مُجھ میں آسیب بسا ہے صفدرؔ
جو بھی ملتا ہے بچھڑ جاتا ہے
———
اُس نے مرے خمیر میں مٹی لگائی ہے کمال
رہتا ہے اک عجب سکوں صفدرؔ مجھے عذاب میں
———
چند یہ سانس ہیں اور وہ بھی ادھارے صفدرؔ
مجھ سے باتیں کیا کرتے ہیں ستارے صفدرؔ
دیکھنا ہم بھی خزاں زادے بکھر جائیں گے
زندگی پتوں کی مانند ہے پیارے صفدرؔ
———
زرد پتے چار سو صفدرؔ مرے بکھرے ہوئے
کل میں کتنی دیر تک دالان میں بیٹھا رہا
———
مُحسن کُشی کا عہد کہ ہوتا نہیں ہے ختم
صفدرؔ ہم اپنے قتل کے مُجرم خود آپ ہیں
———
تیرے بغیر ہم نے گزاری ہے ایسے عید
جیسے سفر میں شامِ غریباں گزر گئی
———
سچ کا علم لپیٹ دوں مرنے سے پیشتر
اس راہ میں اٹھائے خسارے تمام عمر
———
موت کی اک الگ سی ہے خوشبو
خود کُشی کا ہے ذائقہ ہی الگ
———
مرے چراغ نے سورج کا راستہ روکا
مرے چراغ نے پھرآپ خود کُشی کر لی
———
وہ جانِ غزل قبر میں بھی ہو گی مرے ساتھ
ہو جائے گی اب قید اس الہام پہ مُجھ کو
———
تنہا ہوں اور فخر ہے تنہائی پر مجھے
صفدرؔ ہجوم کا کبھی حصہ نہیں رہا
⭕➖❄ ❄➖⭕
صفدرؔ ہمدانی
✍ انتخاب : شمیم ریاض