آج – 05؍اکتوبر 2005
مشہور و معروف شاعر” قیصرؔ الجعفری صاحب “ کا یومِ وفات…
اصل نام زبیر احمد، قلمی نام قیصر الجعفری، ١٤؍ستمبر ١٩٢٦ء کو پیدا ہوئے۔
شہر ممبئی کا علاقہ ممبرا میں، علاقائی کارپوریشن نے ان کے اعزاز میں ایک سڑک کو قیصر الجعفری سڑک نام رکھا ہے۔
5؍ اکتوبر 2005ء کو قیصرؔ الجعفری ممبرا، ممبئی میں انتقال کر گئے۔
✨ پیشکش : اعجاز زیڈ ایچ
፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤
معروف شاعر قیصرؔ الجعفری کے یوم وفات پر ان کی دو غزلیں بطور خراجِ عقیدت…
دیواروں سے مل کر رونا اچھا لگتا ہے
ہم بھی پاگل ہو جائیں گے ایسا لگتا ہے
کِتنے دنوں کے پیاسے ہوں گے یارو سوچو تو
شبنم کا قطرہ بھی جن کو دریا لگتا ہے
آنکھوں کو بھی لے ڈوبا یہ دل کا پاگل پن
آتے جاتے جو ملتا ہے تُم سا لگتا ہے
اِس بستی میں کون ہمارے آنسو پُونچھے گا
جو ملتا ہے اُس کا دامن بھیگا لگتا ہے
دنیا بھر کی یادیں ہم سے ملنے آتی ہیں
شام ڈھلے اِس سونے گھر میں میلہ لگتا ہے
کِس کو پتھر ماروں قیصرؔ کون پرایا ہے
شیش محل میں اِک اِک چہرا اپنا لگتا ہے
●━─┄━─┄═•✺❀✺•═┄─━─━━●
تمہارے شہر کا موسم بڑا سہانا لگے
میں ایک شام چرا لوں اگر برا نہ لگے
تمہارے بس میں اگر ہو تو بھول جاؤ مجھے
تمہیں بھلانے میں شاید مجھے زمانہ لگے
جو ڈوبنا ہے تو اتنے سکون سے ڈوبو
کہ آس پاس کی لہروں کو بھی پتا نہ لگے
وہ پھول جو مرے دامن سے ہو گئے منسوب
خدا کرے انہیں بازار کی ہوا نہ لگے
نہ جانے کیا ہے کسی کی اداس آنکھوں میں
وہ منہ چھپا کے بھی جائے تو بے وفا نہ لگے
تو اس طرح سے مرے ساتھ بے وفائی کر
کہ تیرے بعد مجھے کوئی بے وفا نہ لگے
تم آنکھ موند کے پی جاؤ زندگی قیصرؔ
کہ ایک گھونٹ میں ممکن ہے بد مزہ نہ لگے
●•●┄─┅━━━★✰★━━━┅─●•●
قیصرؔ الجعفری
انتخاب : اعجاز زیڈ ایچ