آج – 28؍جون 1928
اردو ادبِ اسلامی کے ممتاز ترین شعراء کی صف میں نمایاں اور معروف شاعر” ابوالمجاہدؔ زاہد صاحب “ کا یومِ ولادت…
نام زاہد علی اور تخلص ابوالمجاہدؔ وہ 28؍جون 1928ء کو ریاست اترپردیش کے ضلع لکھیم پور کھیری میں پیدا ہوئے۔
آپ نے مدرسہ عالیہ رام پور میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی ، 1942ء سے شاعری کا شوق پیدا ہوا تو 1943ء میں علامہ سیمابؔ اکبر آبادی مرحوم کی شاگردی نے اس کو مہمیز لگائی ، آپ نے اردو کے ایک قدیم ترین ہفت روزہ ’’دبدبۂ سکندری‘‘ میں نائب مدیر اور لکھنؤ کے معروف ادبی ماہنامہ ’’نئی نسلیں‘‘ کے مرتب کی حیثیت سے بھی خدمت انجام دی ، آپ نے مرکزی درسگاہ اسلامی رام پور اور جامعۃ الصالحات رام پور میں بھی تدریسی خدمت انجام دی ہے۔
آپ نے اردو شعر و شاعری کی صنف نظموں ، غزلوں اور خاص کر نعتوں میں بہت کچھ کلام کہا ہے ، پہلا شعری مجموعہ ’’ تگ و تاز ‘‘ اور دوسرا مجموعہ ’’ یدِ بیضا ‘‘ کے نام سے زیورِ طبع سے آراستہ ہو کر خاص و عام دادِ مقبولیت حاصل کر چکا ہے۔
2009ء میں ابو المجاہدؔ زاہد کا انتقال کر گئے۔
✨🌹 پیشکش : اعجاز زیڈ ایچ
🍁🎉 معروف شاعر ابوالمجاہد زاہدؔ کے یومِ ولادت پر منتخب کلام بطور خراجِ عقیدت… 🎉🍁
ایک ہو جائیں تو بن سکتے ہیں خورشید مبیں
ورنہ ان بکھرے ہوئے تاروں سے کیا کام بنے
—
ہنگامِ تہجد پیشِ خدا خاصانِ خدا ہی روتے ہیں
یہ لذتِ گریہ عام نہیں جو سوتے ہیں وہ کھوتے ہیں
اللہ کی نافرمانی اور اللہ کی نصرت کے خواہاں
ہیں اہلِ حرم کتنے ناداں گیہوں کے لئے جَو بوتے ہیں
کیا ذکر نماز و روزے کا مظلوم ہیں کل دنیا والے
ہے رنج تجھے کچھ پھولوں کاہم سارے چمن کو روتے ہیں
زنداں ہو کہ پھانسی کا جھولا باطل کی اطاعت کیا معنیٰ
دنیا کو نظر میں کیا لائیں جو طالبِ عقبیٰ ہوتے ہیں
دنیا کے لئے جو ائے زاہدؔ لائے تھے پیامِ بیداری
خود مصلحتوں کے دامن میں وہ صاحبِ ایماں سوتے ہیں
—
تجدید روایاتِ کہن کرتے رہیں گے
سر معرکۂ دار و رسن کرتے رہیں گے
وہ دورِ خزاں ہو کہ بہاروں کا زمانہ
ہم یاد تجھے جانِ چمن کرتے رہیں گے
رنگین ترے ذکر سے ہم شعر و سخن کو
ائے جانِ سخن مرکزِ فن کرتے رہیں گے
اس آبلہ پائی پہ بھی ہم تیری طلب میں
طئے جادۂ آلام و محن کرتے رہیں گے
دنیا ہمیں دیوانہ سمجھتی ہے تو سمجھے
ہم عام غمِ دل کا چلن کرتے رہیں گے
جلتے ہیں جسے سن کے اندھیرے کے پرستار
ہم عام وہی طرزِ سخن کرتے رہیں گے
گلشن میں نہ ہم ہوں گے تو پھر سوگ ہمارا
گل پیرہن و غنچہ دہن کرتے رہیں گے
زاہدؔ بہ تقاضائے وفا طرحِ یقیں پر
ہم کوششِ تعمیرِ وطن کرتے رہیں گے
🌹 ابوالمجاہد زاہدؔ🌹
انتخاب : اعجاز زیڈ ایچ