آج – یکم؍جون 2019
معروف شاعر ” بشیرؔ فاروقی صاحب “ کا یومِ وفات…
بشیر الدین احمد فاروقی نام اور بشیر فاروقی قلمی نام ۔ 20؍مئی1939ء کو لکھنو میں پیدا ہوئے۔بی۔اے اور ادیب کامل کی اسناد حاصل، انگریزی اور سنسکرت زبانوں کا علم ہے ۔ان کی شاعری کو فراق گورکھپوری ،مجروح سلطان پوری ،کیفی اعظمی اور عنوان چشتی جیسے ادیبوں نے تحسین کی نگاہ سے دیکھا ہے۔
بشیر فاروقی،یکم؍جون 2019ء کو انتقال کر گئے ۔
شعری مجموعوں پر اترپردیش اردو اکیڈمی سمیت کئی ایوارڈ ملے ہیں۔ ’سناٹے کی آواز،حادثوں کے درمیان،شفق رنگ چاندنی ،تذکرۂ مراد اللہ شاہ نقشبندی اور پروں کے درمیان ان کی تصانیف ہیں۔
پیشکش : اعجاز زیڈ ایچ
═══════════════════
معروف شاعر بشیرؔ فاروقی کے یوم وفات پر منتخب کلام بطور خراجِ عقیدت…
دھوپ رکھ دی تھی مقدر نے سرہانے میرے
عمر بھر آگ میں جلتے رہے شانے میرے
میں ترے نام کا عامل ہوں وہ اب جان گئے
حادثے اب نہیں ڈھونڈھیں گے ٹھکانے میرے
چاند سی ان کی وہ خوش رنگ قبا وہ دستار
ان کی درویشی پہ قربان خزانے میرے
موج رنگ آئی کچھ اس طور کہ دل جھوم اٹھا
ہوش گم کر دئے سرمست حنا نے میرے
پھر کوئی لمس مرے جسم میں شعلے بھر دے
پھر سے یوں ہو کہ پلٹ آئیں زمانے میرے
جا تجھے چھوڑ دیا اے غم دوراں میں نے
ورنہ خالی نہیں جاتے ہیں نشانے میرے
ایسا لگتا تھا کہ لوٹ آئے ہیں گزرے ہوئے دن
مل گئے تھے مجھے کچھ دوست پرانے میرے
زندگی دیکھ لی میں نے تری دنیا کہ جہاں
وقت نے چھین لئے خواب سہانے میرے
اب میں ساحل پہ نہیں میں ہوں تہہ آب رواں
شہر در شہر ہیں ہونٹوں پہ فسانے میرے
گر پڑا سیل حوادث مرے قدموں پہ بشیرؔ
ہاتھ تھامے جو بزرگوں کی دعا نے میرے
●━─┄━─┄═•••••═┄─━─━━●
لوگو ہم چھان چکے جا کے سمندر سارے
اس نے مٹھی میں چھپا رکھے ہیں گوہر سارے
زخم دل جاگ اٹھے پھر وہی دن یار آئے
پھر تصور پہ ابھر آئے وہ منظر سارے
تشنگی میری عجب ریت کا منظر نکلی
میرے ہونٹوں پہ ہوئے خشک سمندر سارے
اس کو غمگین جو پایا تو میں کچھ کہہ نہ سکا
بجھ گئے میرے دہکتے ہوئے تیور سارے
آگہی کرب وفا صبر تمنا احساس
میرے ہی سینے میں اترے ہیں یہ خنجر سارے
دوستو تم نے جو پھینکے تھے مرے آنگن میں
لگ گئے گھر کی فصیلوں میں وہ پتھر سارے
خون دل اور نہیں رنگ حنا اور نہیں
ایک ہی رنگ میں ہیں شہر کے منظر سارے
قتل گہہ میں یہ چراغاں ہے مرے دم سے بشیرؔ
مجھ کو دیکھا تو چمکنے لگے خنجر سارے
✦•───┈┈┈┄┄╌╌╌┄┄┈┈┈───•✦
بشیرؔ فاروقی
انتخاب : اعجاز زیڈ ایچ