آج – 2؍مارچ 2013
معروف پاکستانی خاتون شاعرہ” شبنمؔ شکیل صاحب “ کا یومِ وفات…
نام شبنم عابد علی اور تخلص شبنمؔ ہے۔ ۱۲؍مارچ۱۹۴۳ء کو لاہور میں پیدا ہوئیں ۔ یہ عابد علی عابد کی صاحب زادی ہیں۔ اسلام آباد میں درس وتدریس سے وابستہ رہیں۔ ان کی تصانیف کے نام یہ ہیں:
’شب زاد‘، ’اضطراب‘ (شعری مجموعے)، ’تقریب کچھ تو‘ (مضامین)، ’نہ قفس ، نہ آشیانہ‘ (افسانے)۔ انھیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔
٢؍مارچ ٢٠١٣ء کو شبنمؔ شکیل کراچی میں انتقال کر گئیں ۔
بحوالۂ:پیمانۂ غزل(جلد دوم)،محمد شمس الحق،صفحہ:366
پیشکش : اعجاز زیڈ ایچ
✦•───┈┈┈┄┄╌╌╌┄┄┈┈┈───•✦
معروف شاعرہ شبنمؔ شکیل کے یوم وفات پر منتخب اشعار بطور خراجِ عقیدت…
مجبور ہیں پر اتنے تو مجبور بھی نہیں
جب ان کو بھول جائیں وہ دن دور بھی نہیں
—
بات ایما و اشارت سے بڑھی آپ ہی آپ
اس کی قربت میں بہلنے لگا جی آپ ہی آپ
—
تنہا کھڑے ہیں ہم سرِ بازار کیا کریں
کوئی نہیں ہے غم کا خریدار کیا کریں
—
وہاں بھی زہر زباں کام کر گیا ہوگا
کہ آدمی تھا وہ باتوں سے ڈر گیا ہوگا
—
سفر کی آخری منزل کے راہبر ہم ہیں
ہمارے ساتھ چلو گرد رہ گزر ہم ہیں
—
ان کی شرمندۂ احسان سی ہو جاتی ہے
یہ نظر مل کے پشیمان سی ہو جاتی ہے
—
یہ میرا عجز کہ دل میں اسے اترنے دیا
یہ اس کا مان کہ مانگی نہیں اجازت بھی
—
ذوقِ نظر کو اذنِ نظارہ نہ مل سکا
تنہا کبھی وہ انجمن آرا نہ مل سکا
—
ہاتھ نہ آئی دنیا بھی اور عشق میں بھی گمنام رہے
سوچ کے اب شرمندہ ہیں کیوں دونوں میں ناکام رہے
—
گئے برس کی یہی بات یادگار رہی
فضا غموں کے لیے خوب سازگار رہی
—
منظر سے کبھی دل کے وہ ہٹتا ہی نہیں ہے
اک شہر جو بستے ہوئے دیکھا ہی نہیں ہے
—
ہم تو گواہ ہیں کہ غلط تھا لکھا گیا
کیا فیصلہ ہوا تھا مگر کیا لکھا گیا
—
دل میں خوں اور آنکھ میں پانی بہت
ایک تھوڑی سی پریشانی بہت
—
دوستوں کا ذکر کیا دشمن ہیں جب بدلے ہوئے
شہر میں تو اب نظر آتے ہیں سب بدلے ہوئے
—
چلتی رہتی ہے تسلسل سے جنوں خیز ہوا
جلتا رہتا ہے مگر پھر بھی کہیں ایک دیا
—
موسم کے پاس کوئی خبر معتبر بھی ہو
موج ہوا کے ساتھ ترا نامہ بر بھی ہو
—
ہیں مناظر سب بہم پردہ نظر باقی نہیں
سامنے منزل ہے لیکن رہ گزر باقی نہیں
—
یہ سلسلے بھی رفاقت کے کچھ عجیب سے ہیں
کہ دور دور کے منظر بہت قریب سے ہیں
—
چلتے رہے تو کون سا اپنا کمال تھا
یہ وہ سفر تھا جس میں ٹھہرنا محال تھا
●•●┄─┅━━━★✰★━━━┅─●•●
شبنمؔ شکیل
انتخاب : اعجاز زیڈ ایچ