میرا دوست شہر کے دوسرے کونے میں رھتا تھا اس لئے کبھی کبھی ھی ملاقات ھوتی تھی آج وہ خاص طور پر مجھے ملنے آیا تھا اور اپنے علاقے کے ایک بہت مقدس اور روحانی ہادری کی تعریف کر رھا تھا۔
پادری صاحب کی دعا میں بہت روحانیت ھے یار ، ھر مرض کی شفاء ان کے ھاتھوں میں ھے، کینسر، ٹی بی، شگر، بدروحیں، ھائپاٹئٹس، دل کے وال ھوں یا خراب گردے، جادو ٹونے کا مکمل توڑ بھی ھے ان کے پاس، نوکری کا مسلئہ یا چھوکری کا سب کے لئے وہ دعا کرتے ھیں اور مسئلہ حل ھوجاتا ھے، لوگ دور دور سے ان کے پاس آتے ھیں، فون پر بھی دعا کرتے ھیں اور اب تو ٹی وی پر بھی ایزی لوڈ کے ذریعے دعا کرتے ھیں ۔۔۔
ایزی لوڈ ؟ میں نے حیرانگی سے پوچھا ،
ھاں، ھر بیماری اور مسئلے کی الگ فیس ھوتی ھے،جتنی بڑی بیماری اتنی لمبی دعا اور اتنا بڑا ھدیہ۔۔۔جتنا بڑا مسئلہ دعا کے لئے اتنا بڑا ھدیہ، اور ھدیہ خود نہیں لیتے بلکہ ان کے اکاونٹ میں ایزی لوڈ کے ذریعے ڈالنا پڑتا ھے۔
اچھا میں بےدلی سے گہری سانس چھوڑی،
تمھارا بھی کوئ مسئلہ تھا؟ اس نے پوچھا
ھاں یار تمھیں تو پتہ ھے اماں اتنے عرصے سے بیمار ھے شوگر ، دل کا عارضہ، گردوں میں تکلیف اور کمزوری الگ رھتی ھے اب تو نظر بھی بہت کمزور ھو گئی ھے، میں نے اسے بتایا۔
یار اماں پادری صاحب کی دعا سے شفایاب تو ھو جاے گی مگر دعا بہت لمبی ھوگی اور ھدیہ بھی بڑا ھوگا، اس نے بتایا۔
کتنا ھوگا؟ میں نے پوچھا
پچاس ھزار تک لگ جائیں گے پر اماں پاوں پر چل کر گھر جاے گی، اس نے خوش ھوکر کہا
ٹھیک ھے کل چلتے ھیں، میں نے کہا
اس نے کہا، کل نہیں اگلے ھفتے
کیوں؟ میں نے حیران ھو کر پوچھا
یار وہ پادری صاحب کی بیوی کے دل کا ایک وال خراب ھے اسے ٹھیک کرانے لندن گیا ھوا ھے اگلے سینیچر کے دن وہ آجاے گا تب چلیں گے،
میں نے دل میں سوچا خدا کے نیک بندوں کے بھی کتنے دکھ ھوتے ھیں اور سنیچر کا انتظار کرنے لگا
"