آج – 28؍جون 1932
ماہر تعلیم، سماجی کارکن، برصغیر کی نامور خاتون شاعرہ” رحمت النساء نازؔ صاحبہ “ کا یومِ ولادت…
رحمت النساء نازؔ، ٢٨؍جون ١٩٣٢ء کو بنگلور، کرناٹک ( سابق ریاست میسور ) برطانوی ہندوستان میں پیدا ہوئیں۔ دسویں جماعت تک تعلیم میسور سے ہی حاصل کی، اس کے بعد جلد ہی ان کی شادی ڈاکٹر محمد غوث شریف سے طے پائی۔ قیامِ پاکستان کے کچھ ماہ بعد یکم جنوری 1948ء کو اپنے شوہر اور چھوٹے بھائی کے ہمراہ بنگلور سے ہجرت کرکے کراچی آگئیں۔ اور یہاں تعلیم کا سلسلہ دوبارہ شروع کر کے کراچی یونیورسٹی سے ایم اے، بی ایڈ کیا اور بعد ازاں درس و تدریس سے منسلک ہوئیں۔
شاعری کا شغف بچپن سے رہا۔ جب پاکستان آئیں تو شہر کی دیگر ادبی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ریڈیو پاکستان کے مشاعروں میں بھی شرکت کی۔ اُ ن کا کلام پاکستان اور بھارت کے کئی اردو اخبارات میں باقاعدگی سے چھپتا رہا۔
٩؍جولائی ٢٠٠٨ کو رحمت النسا ناز صاحبہ کی وفات کے بعد ان کی کتاب کی مکمل تدوین و اشاعت کا کام ان کے بیٹے سیف اللہ سیفی اور ان کے بھائی سید ضیا الحق(ضیا کرناٹکی)صاحب نے کیا۔ کتاب کا اجرا اتوار 7؍جولائی 2013ء کو اُن کے پیدائشی شہربنگلور میں ہوا اورضیا کرناٹکی صاحب کے ادارہ برائے آرٹ،سوشل اور ادبی ترقی ”الصدا“ نے کیا ہے۔
✨ پیشکش : اعجاز زیڈ ایچ
፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤
✨ نامور خاتون شاعرہ رحمت النساء نازؔ کے یومِ ولادت پر منتخب کلام بطورِ خراجِ عقیدت…
جب دل کا درد منزلِ شب سے نکل گیا
محسوس یہ ہوا کوئی طوفان ٹل گیا
اب تو ہے صرف آمدِ فصلِ بہار یاد
دل ایک پھول تھا جو سرِ شاخ جل گیا
جب تک کسی کا نقشِ کفِ پا ہمیں ملا
ہم سے کچھ اور دور زمانہ نکل گیا
▔▔▔▔▔▔▔▔▔▔▔▔▔▔▔
رنج و الم کی کوئی حقیقت نہ پوچھیے
کتنی ہے میرے درد کی عظمت نہ پوچھیئے
کتنے لگے ہیں زخمِ جگر پر کسے خبر
ڈھائی ہے کس نے کتنی قیامت نہ پوچھیئے
اشکوں نے راز دل کا کیا جب کبھی عیاں
کتنی ہوئی ہے مجھ کو ندامت نہ پوچھیئے
●•●┄─┅━━━★✰★━━━┅─●•●
رحمت النساء نازؔ
انتخاب : اعجاز زیڈ ایچ