18؍جون 1947*
عصرِ حاضر کے معروف شاعر” خالدؔ شریف صاحب “ کا یومِ ولادت…
نام محمد شریف اور تخلص خالدؔ ہے۔ ۱٨؍جون ۱۹٤٧ء کو انبالہ(بھارت) میں پیدا ہوئے ۔ ایم اے (معاشیات)، ایم اے (اردو ادب)،ایم اے (فارسی ادب) اور ایل ایل بی کیا۔۱۹۸۴ء تک بطور انکم ٹیکس آفیسر ملازم رہے۔ ۱۹۸۵ء سے تا حال اشاعت کتب سے متعلق ہیں۔ ’’ماورا پبلشنگ ہاؤس‘‘ لاہور کے مالک ہیں۔ ان کی تصانیف کے نام یہ ہیں:
’’نارسائی‘، ’رت ہی بدل گئی‘، ’اردو کی شاہ کار غزلیں‘ (مرتب)۔ بحوالۂ:پیمانۂ غزل(جلد دوم)،محمد شمس الحق،صفحہ:374
پیشکش : اعجاز زیڈ ایچ
✦•───┈┈┈┄┄╌╌╌┄┄┈┈┈───•✦
معروف شاعر خالدؔ شریف کے یوم ولادت پر منتخب اشعار بطور خراجِ تحسین…
ناکام حسرتوں کے سوا کچھ نہیں رہا
دنیا میں اب دکھوں کے سوا کچھ نہیں رہا
—
بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رت ہی بدل گئی
اک شخص سارے شہر کو ویران کر گیا
—
آسماں جھانک رہا ہے خالدؔ
چاند کمرے میں مرے اترا ہے
—
خالدؔ میں بات بات پہ کہتا تھا جس کو جان
وہ شخص آخرش مجھے بے جان کر گیا
—
آنکھ کس لفظ پہ بھر آئی ہے
کون سی بات پہ دل ٹوٹا ہے
—
آج سے اک دوسرے کو قتل کرنا ہے ہمیں
تو مرا پیکر نہیں ہے میں ترا سایہ نہیں
—
زخم رسنے لگا ہے پھر شاید
یاد اس نے کیا ہے پھر شاید
—
وہ تو گیا اب اپنی انا کو سمیٹ لے
اے غم گسار دستِ دعا کو سمیٹ لے
—
اسے تو کھو ہی چکے پھر خیال کیا اس کا
یہ فکر کیسی کہ پھر ہوگا حال کیا اس کا
—
اب ترا ذکر کریں گے نہ تجھے یاد کبھی
ہاں مگر دل کے دھڑکنے پہ کسے قابو ہے
—
جذبے تمام کھو گئے لمحوں کی دھول میں
اب دل میں دھڑکنوں کے سوا کچھ نہیں رہا
●•●┄─┅━━━★✰★━━━┅─●•●
خالدؔ شریف
انتخاب : اعجاز زیڈ ایچ