رانا محمد گلزار خاں کپور تھلوی
ولد: چوہدری محمد بخش راجپوت
جائے ولادت : کپور تھلہ ، جالندھر ، ہندوستان
تاریخ ولادت : 1938ء
تاریخ وفات : 06/اکتوبر 1996ء
جائے وفات ؛ فیصل آباد پاکستان
آخری آرام گاہ : چک 87 گ ب براہ ڈجکوٹ ضلع فیصل آباد، پاکستان
ملازمت ؛ بس کنڈیکٹر (جی ٹی ایس)
اولاد ؛ چار بیٹے ، دو بیٹیاں
ادب میں اولاد * ڈاکٹراظہار احمد گلزار (شاعر ، ادیب، محقق )۔۔۔بیٹا
رانا محمّد گلزار خان کپور تھلوی مرحوم کی یادیں اور ان کی کالم نگاری۔۔۔۔۔۔۔۔
کالم ایک صحافتی اظہاریہ ہے ۔۔”کالم "کے لغوی معنی قطار، کھمبا ،ستون، مینار اور صفحہ کا حصہ ہیں ۔۔انگریزی میں یہ لفظ فوج سے آیا ہے یہاں فوج کے ایک نظم کے ساتھ کھڑے ہونے یا چلنے کو کالم کہا جاتا ہے۔کالم کے اسلوب سے متعلق یہ بات ہمیشہ ذہن نشین رہنی چاہیے کہ کالم مزاحیہ بھی ہو سکتا ہے اور سنجیدہ بھی ۔۔۔یہ کسی ایک مخصوص موضوع پر بھی ہوسکتا ہے اور اس میں مختلف اخلاق و آداب اور دوسرے امور پر کسی قسم کی بحث ،دلائل اور مشورے بھی ہو سکتے ہیں ۔اردو ادب میں مختلف اثرات کا لازوال شاہکار موجود ہیں ۔شاعری افسانہ نگاری مکتوب نگاری تنقید نگاری وغیرہ کے ذریعے فنکاروں نے اپنے فن کے جلوے دکھائے ہیں ۔اسی طرح ادب کے افق پر کچھ فنکار ایسے بھی نمودار ہوئے جنہوں نے کالم نگاری کو مافی الضمیر کی ادائیگی کا وسیلہ بنایا ۔اور اس کے ذریعہ سماج کے مختلف مسائل اور ادب کی گوناں گوں جہات پر لکھنے کی روایت قائم کی ۔۔ فیصل آباد اس حوالے سے بڑا بد قسمت رہا کہ ایوب خان ،ذوالفقار علی بھٹو اور ضیاء الحق نے یہاں کے مالکان اور کارکنان صحافیوں کو مراعات نہیں دیں مگر تمام مالکان ان معیاری صحافت کے حوالے سے اپنی کوئی خاص پہچان پیدا نہ کر سکے۔۔
اخبارات میں کالم کی اہمیت سے کسی کو بھی انکار نہیں ۔۔روزانہ اخبارات میں سے بہت سے مستقل کالم چھپتے ہیں ۔اور ان کالموں کے قارئین بھی مستقل ہیں ۔۔جو انہیں روزانہ پڑھتے ہیں ۔۔فیصل آباد بھی ایک اہم صحافتی مرکز ہے یہاں سے شائع ہونے والے اخبارات میں بھی کالم شائع ہوتے رہتے ہیں ۔۔۔فیصل آباد سے متعلق کالم نگاروں میں حسن نثار، رفعت سروش ، شبیر احمد قادری ،ریاض احمد پرواز ، یوسف سپرا ،ڈاکٹر غلام حسین زاہد ،پروفیسرغلام شوق، رانا طارق سرور، علی اختر ،اعجاز تبسم، ریاض احمد قادری ، رانا ریاض احمد ،احمد شہباز خاور ، ملک یٰسین ، اظہار احمد گلزار ، اشرف اشعری اور رانا محمّد گلزار کپور تھلوی کے نام نمایاں ہیں ۔ رانا محمّد گلزار خان کپور تھلوی ایک مرنجان مرنج شخصیت کے مالک ایک درد دل رکھنے والے صاف گو ، اور جری تخلیق کار تھے ۔۔۔،رانا محمّد گلزار کپور تھلوی جی ٹی ایسکے محکمہ میں بطور بس کنڈیکٹر سرکاری ملازم تھے اور ملازمت کے ساتھ ساتھ قلم و قرطاس سے اپنا تعلق جوڑے رکھا ۔۔۔۔فکری طور پر وہ ایک کہانی کار اور کالم نگار تھے ۔۔۔رانا گلزار کپور تھلوی کو کالم نگاری کی طرف مائل کرنے کا تمام کریڈٹ روزنامہ ” ڈیلی بزنس رپورٹ ” کے چیف ایڈیٹر اور مالک عبد الرشید غازی کو جاتا ہے جنہوں نے آپ کو اخبار میں کالم لکھنے کی طرف مائل کیا ۔۔وہ ڈیلی بزنس رپورٹ کے دفتر میں آ کر فارغ وقت گزارتے تھے ۔کیوں کہ ان کا محکمہ ڈیلی بزنس رپورٹ کے دفتر کے سامنے تھا۔۔ وہیں سے انھوں نے کالم نگاری کی ابتدا کی۔۔’ کہانی کاری کی طرف تو وہ پہلے ہی سے منسلک تھے۔
رانا محمّد گلزار خان کپور تھلوی کے کالم شگفتہ اور لطیف پیراے انداز میں گندھے ہوتے تھے بظاہر یہ کالم ہلکے پھلکے انداز میں سفر کرتے ہیں مگر ان کے باطن میں ایک ایسی فکر رواں دواں تھی ، جس کا اندازہ کالموں کے ان موضوعات سے ہوتا ہے جو ان کے کالموں کے اندر کی صورتحال کو اجاگر کرتے ہیں ۔۔ان کے یہ کالم ڈیلی بزنس رپورٹ میں تسلسل سے شائع ہوتے تھے ۔ انہوں نے اپنے اظہار خیال کے لئے معاشرے کے چھوٹے سے مگر اہم موضوعات کو منتخب کیا ۔۔رانا صاحب کا قلم۔ ۔۔۔۔قلم کے بجائے ایک ایسا نشتر تھا جو معاشرتی ناہمواری کے پودے کو کاٹ ڈالنے میں مصروف رہا ۔۔انہوں نے اپنی تحریروں میں سماج کے مکروہ چہرے پر بے انتہا تھپڑ رسید کیے ہیں ۔۔۔ان کے کالم محض کالم ہی نہیں بلکہ ٹوٹتی بکھرتی قدروں کے نوحے ہیں ۔۔سماجی معاشرتی زوال کے مرثیہ ہیں ۔۔۔ماحول میں بکھری ہوئی فضائی، سماجی، روحانی اور معاشی آلودگی کے کرب ہیں۔۔
رانا محمد گلزار خاں نے اپنے کالم روشنائی سے نہیں بلکہ اپنے خون جگر سے لکھے ہیں ۔۔۔رانا محمد گلزار خان کپور تھلوی کا نظریہ صرف ایک ہوتا تھا کہ کس طرح لوگوں کی معیار زندگی کو بلند کیا جا سکتا ہے ۔ اور کس طرح لوگوں کے لیے زیادہ آسانیاں پیدا کیا جا سکتی ہیں ۔۔ان کے موضوعات برائے راست عوام کی زندگی سے متعلق ہوتے تھے ۔۔۔۔۔۔رانا محمد گلزار خاں کپور تھلوی جنون کا وہ مسافر تھا جو خود بخود نہیں سمٹتا تھا بلکہ اسے دیکھ کر لمحے سمٹ جاتے تھے۔۔۔۔۔۔۔۔ کہانی کاری اور افسانہ نگاری کے حوالے سے رانا محمد گلزار خان کپور تھلوی کا نام ہمیشہ زندہ و جاوید رہے گا۔۔
موت کا سیلِ رواں ہر جان دار کو خس و خاشاک کے مانند بہالے جاتا ہے ،یہی قضا و قدر کا فیصلہ اورفطرت کا اصول ہے لیکن کچھ ابد آشنا انسان ایسے بھی ہوتے ہیں جن کے دم سے ہمارا وجود زندہ رہتا ہے ۔۔جن کو دیکھ کر ہم زندہ رہتے ہیں ۔۔جن کی خوشبو سے ہمارا دل و دماغ معطر رہتا ہے ۔۔ جو موت کی آ نکھوں میں آ نکھیں ڈال کر یہ پیغام دیتے ہیں کہ موت ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی اور ان کی نیکیوں،انسانیت کی بے لوث خدمت اور دردِ دِل کے اعجاز سے لوح ِجہاں پر ان کا دوام ثبت ہو چکا ہے ۔ایسی سراپا رحمت و برکت ہستیاں جب دائمی مفارقت دے جاتی ہیں تو اُن کے چلے جانے کے بعد ہمارا وجود اندر سے ٹوٹ جاتا ہے ۔ ہمارے رفتگاں کی یادیں جب تک ہمارے دِلوں میں موجود ہیں وہ زندہ رہیں گے اور موت اُن کی ہمہ گیر مقبولیت اوردائمی فیض رسانی کی راہ میں کبھی حائل نہیں ہوسکتی۔
اللہ پاک ان کی تربت پر اپنی کروڑوں رحمتوں کا نزول کرے اور ان کو درجات کی بلندی سے نوازے ۔۔۔آمین۔۔
خدا رحمت کند ایں عاشقان پاک طینت را ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔!!
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حالات کے دھارے
ہر شخص کی نوجوانی میں ایک ایسا وقت یا ایسا لمحہ ضرور آتا ہے، جب نوجوان لڑکے، لڑکیوں میں جذباتیت...