عِناں تابِی اَشہبِ خامہ وادیٔ نعتِ رسولِ مجتبی،
محمدِ مُصطفیٰ سزا وارِ اُلوف تَحِیَّت و ثنا میں
بعدِ حمدِ خالقِ جِن و بَشَر، حاکم قضا و قَدَر، مبدِءِ شام، طالعِ سحر، نعت سیدِ کائنات، خلاصہ موجودات، بہترینِ عالَم، برگزیدہ نوعِ بنی آدم کی ہے؛ جس کے چراغ ہدایت کی روشنی سے تیرہ بخت، گم گشتۂ کوچۂ ضلالت بہ راہ راست آئے۔ بہ تَوفیق رفیق اور مدارج تحقیق کیا کیا مرتبے بلند پائے۔ اور مُنحَرِف کور باطنوں کو فہمِ ناقص کی کجی اور زعمِ فاسِد، وہمِ باطل نے کیسے کیسے روز سیاہ دکھائے۔ اس کے حق میں یہ حکمِ حق آیا ہے، بہ چشمِ غور دیکھو تو، کسی اور نے ایسا رتبہ رفیع اِس خاکدانِ پست بنیاد میں پایا ہے:لَولَاكَ لَمَا خَلَقتُ الاَفلَاك۔
سر حلقہ اَولین، خاتمُ المرسلین، مظہر صنعتِ کریم، احمدِ بے میم، شفیعِ عرصۂ جزا محمد مصطفیٰ صَلَی اللہُ عَلَیهِ وَ آلِهِ الطَّاھرِین وَ اَصحَابِهِ المُکَرَّمِین وَسَلَّم۔ کوئی شاعر اس کی شان میں کہتا ہے، لا اَعلَم:
پیش از ہمہ شاہان غیور آمدہ
اے ختم رسل! قرب تو معلومم شد
ہر چند کہ آخر بہ ظہور آمدہ
دیر آمدہ، ز راہِ دور آمدہ
اس مُشتِ خاک کا کیا فہم و اِدراک، جو شِمہ صِفاتِ ذاتِ با برکات زبان پر لائے، جو عَجز میں در نہ آئے۔ کام و زباں ناکامی سے فوراً جل جائے۔
اور منقبتِ امیر المومنین، امامُ المتقین، یَکَّہ تازِ میدانِ لافتیٰ، خلاصہ مضمون سورہ ھل اَتیٰ یہی کافی ہے جسے پیمبر نے کہا ہے:لَحمُكَ لَحمِی وَ دَمُكَ دَمِی۔ عَلِــيٌّ مِنـّـِي وَ اَنَا مِنهُ۔
اور مدح اہل بیت رسالت کہ وِلا اُن کی، ایمان کی دلیل ہے اور محبت ان کی، ہر فرد بشر کو واجب بہ ایں حدیث جلیل ہے، حدیث:
مَثَلُ اھلِ بَیتِی کَمَثَلِ سَفِینَةِ نوح، مَن رَکَبَھا نَجیٰ ومَن تَخلَّفَ عَنها غَرَقَ وَھویٰ۔
ڈاکٹر شہباز ملک پہلا پنجابی پی ایچ ڈی
ڈاکٹر شہباز ملک پنجابی زبان و ادب کی دنیا میں ایک مشہور و معروف نام ہیں۔ وہ پاکستان میں پنجابی...