فراز کی عمر سات سال ہے، وہ جیسے ہی اسکول سے آیا سیدھا اپنی چھوٹی بہن پریسہ کے پاس گیا، وہ سو رہی تھی۔
فراز کی موم نے روز کے معمول کے مطابق اس سے پو چھا کہ اسکول میں کیسا دن گزرا ۔وہ بولا، ’’ سب ٹھیک رہا میتھس(Maths ) کا ٹیسٹ ہوا۔ آپ نے جو سکھایا تھا وہی آیا، مجھے اے پلس (A+) ملا ہے۔’’
’’ویری فائن— گڈ ورک — مگر تم خوش نہیں لگ رہے ہو۔ ایسا کیوں ہے۔‘‘ اس کی موم نے تعجب سے پوچھا۔
’’موم! آج آپ نے پریسہ کو اس لیے اسکول سے روکا تھا کہ اسے شاٹ (ٹیکا) لگوانے ڈاکٹر کے پاس لے جانا تھا، اور آپ نے یہ بھی کہا تھا کہ اس کو دو شاٹس لگنے ہیں۔‘‘
’’ ہاں! میں نے کہا تھا، میں اس کو ڈاکٹر کے پاس لے کر گئی تھی اور اس کو دو شاٹس بھی لگے ہیں، لیکن تم، تم کو کیا ہوا؟‘‘
’’موم! میرا اسکول میں سارا وقت دل بہت پریشان رہا،برابر پریسہ کا خیال آتا رہا۔ ایک دم دو شاٹس اس نے کیسے لگوائے ہوں گے؟ اس کو کتنی اذیت ہوئی ہوگی؟ وہ کتنا روئی ہوگی؟ یہ سوچ کر تمام وقت میرا دل روتا رہا ۔ اندر ہی اندر۔‘‘