(Last Updated On: )
پروین شیر(کینیڈا)
(Jig saw puzzle)
ایک پیچیدہ جگ سا پزل ہے جسے
عمر گزری ہے ترتیب دیتے ہوئے
کوششیں رائیگاں ہیں مری
اس کو ہر پل بناتے مٹاتے ہوئے
آج بھی نا مکمل یہ تصویر ہے
اس کے ٹکڑے ہزاروں ہیں اک دوسرے سے الگ
ایک اک کو اٹھانا ہے اور
اپنی اپنی جگہ سب کو ترتیب سے
جوڑنا ہے انہیںکہ مکمل یہ تصویر ہو
رنگ برنگے یہ ٹکڑے مرے سامنے ڈھیر ہیں
جوڑتی ہوں سبھی،توڑتی ہوں انہیں
اتنا پیچیدہ ہے یہ عمل ایک مدت ہوئی ہے مگر
آج تک یہ مکمل نہیں ہو سکا
ایک خانہ ابھی تک ہے خالی پڑا
جس کا حصہ نہ جانے کہاں کھو گیا
تھک کے رنجور بیٹھی ہوں اور
تک رہی ہوں ادھوری سی تصویر کو
جو فقط ایک ٹکڑے کے باعث مکمل نہیں ہو سکی
سوچتی ہوں میں اب
اس کے خالق نے کیاایک حصے کی تخلیق کی ہی نہیں؟
زندگی کا یہ جگ سا پزل
کیا مکمل نہیں ہو سکے گا کبھی