ناصر عباس نیر(لاہور)
ابتدائیہ
گزشتہ دو دہائیوں سے اردو تنقید نئے مباحث پر مرتکز ہے۔یہ نئے مباحث،گزشتہ ایک صدی کی اردو تنقید کے دیگر مباحث کی طرح مغرب سے آئے ہیں۔اس اعتبار سے ان نئے مباحث میں ،اردو تنقید کے لیے مغائرت نہیں ہونی چاہئے کہ یہ اسی مغربی تنقید ی فکر کے تسلسل کا حصۃ ہیں،جس سے اردو تنقید ۱۹ویں صدی کے ربع آخر سے منسلک چلی آرہی ہے۔مگر حقیقت یہ ہے کہ اردو تنقید کا عام قاری(اور بعض خاص قارئین بھی جو کسی مختلف آئیڈیالوجیکل موقف کے علمبردار ہیں)نئے تنقیدی مباحث سے مغائرت محسوس کرتا ہے۔اس کے کئی اسباب ہیں،اور غالباََسب سے بڑا سبب ان اصطلاحات کا اجنبی ہونا اور مقدمات اور استدلال کا مختلف اور نامانوس ہونا ہے۔حقیقت یہی ہے کہ نئے تنقیدی مباحث،ہماری فہم عامہ اور شعور کی عمومی طرزوں کو ہی چیلنج کرتے ہیں۔ جن اصولوں کو ہم مسلمہ صداقت کا درجہ دے کر دنیا،تاریخ اور ادب کو سمجھتے آئے ہیں،یہ مباحث انہیں پر سوالیہ نشان لگاتے ہیں۔ماڈرینٹی کی تحریک کے بعد سے مگرب نئی،اجنبی فکر کے خوف سے آزاد ہو گیا ہے،اس لئے اہلِ مغرب، نئے مباحث کے نامانوس استدلال سے وحشت کھانے کی بجائے،اس کی جستجو میں رہتے اور اسے اپنی فکری و تہذیبی ترقی کے لیے ضروری خیال کرتے ہیں۔مگر ہمارے یہاں چونکہ ماڈرینٹی اپنی حقیقی روح کے ساتھ رونما نہیں ہوئی، (کیوں نہیں ہوئی اور ماڈرینٹی کی ادھوری اور مسخ شدہ صورت سے ہم بہ حیثیت مجموعی کن ذہنی الجھنوں اور تہذیبی مخمصوں کا شکار ہیں،یہ الگ موضوع ہے۔)اس لیے ہمارا نئی اجنبی فکر سے گھبرانا قابل فہم ہے۔ان نئے اصولوں میں اہم ترین،زبان اور دنیا کے رشتے کا ’اصول ‘ہے۔نئے مباحث کی بنیادی بصیرت یہ ہے کہ زبان باہر کی حقیقت کی شفاف ترجمانی نہیں کرتی،’باہر کی حقیقت ‘کو خود اپنے اصولوں کے تحت تشکیل دیتی ہے۔ یہ بات ہمارے فہم عامہ کے یکسر خلاف ہے۔ساختیات اور پس ساختیات کے نظریات کم یا زیادہ اسی اصول کی مختلف تعبیروں کی بنیاد پر وجود میں آئے ہیں۔چونکہ یہ استدلال نیا اور مختلف ہے،اس لیے اس کی اصطلاحات بھی نئی اور مختلف ہیں۔
بعض لوگ ساختیات،پس ساختیات اور ما بعد جدیدیت کے جملہ مباحث کو غیر متعلق اور غیر ضروری قرار دیتے ہیں۔ان میں چونکہ کچھ وہ بزرگ ادبا بھی شامل ہیں جو سابقہ تھریکوں،جدیدیت اور ترقی پسندی سے وابستہ رہے ہیں اور ان تحریکوں کے حوالے سے انہیں صاحب الرائے ہونے کا مرتبہ بھی حاصل رہا ہے،اس لیے ان کی بات کا اعتبار کر لیا جاتا ہے۔اکثریت عمومیت پسندی کا شکار ہوتی ہے۔ایک شخص یا ایک اصول،ایک تناظر میں معتبر اور قابلِ عمل ہوتا ہے مگر ہم اپنی جنرلائزیشن کی عادت کے تحت اس کا اطلاق عام تناظرات پر کرنے لگتے ہیں۔نتیجہ یہ ہے کہ یہ اعتبار دراصل اس مغائرت کو ہی بڑھاتا جاتا ہے۔مغائرت کے بڑھنے کا نقصان مباحث کو نہیں اردو تنقید کو ہے۔ایک بات طے ہے کہ اردو تنقید ہی نہیں، ہماری چقافتی اور فکری زندگی کا کوئی گوشہ عالمی فکر سے بے نیاز نہیں رہ سکتا۔عالمی فکر کے سلسلے میں ہمارا موقف کیا ہو(موقف کا ہونا لازم ہے)،یہ دوسرا سوال ہے،پہلا سوال عالمی فکر کی اس کے درست تناظر میں تفہیم ہے۔اس تفہیم کے بعد ہی موقف تشکیل دیاجا سکتا ہے۔یہ کتاب پہلے سوال کے جواب میں یعنی ما بعد جدیدیت کی تفہیم کی غرض سے مرتب کی گئی ہے۔
یہ کتاب دو حصوں پر مشتمل ہے۔پہلے حصے میں مابعد جدیدیت اور اس کے ذیلی مباحث سے متعلق مقالات کو یکجا کیا گیا ہے۔اردو میں مابعد جدیدیت کے حوالے سے ہونے والے مباحث کی نوعیت اور نہج کیا ہے؟
مابعد جدیدیت ہماری ثقافتی صورتِ حال سے کتنی متعلق اور کتنی غیر متعلق ہے؟مابعد جدیدیت چند نقادوں کا مسئلہ ہے یا معاصرصورتحال کی تفہیم کا معتبر ذریعہ ہے؟مابعد جدیدیت کے تحت اردو میں لکھی گئی عملی تنقید،کسی نئی جہت کا پتا دیتی ہے یا نہیں؟ان تمام سوالات سے متعلق مقالات،کتاب کے دوسرے حصے میں شامل ہیں۔
یہ کتاب بھی’’ساختیات۔۔ایک تعارف‘‘کی طرز پر مرتب کی گئی ہے۔ابتدا میں تفصیلی مقدمہ،آگے منتخب مقالات اور آخر میں اصطلاحات کی فرہنگ اور کتابیات شامل ہے۔مقدمے میں مابعد جدیدیت کے بنیادی
نکات کو سہل انداز میں مگر اختسار کے ساتھ پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔مقدمے کو مابعد جدیدیت کی فکر کا تعارف سمجھا جائے۔تفصیلی مطالعہ کے لیے منتخب مقالات کی طرف رجوع کیا جائے اور مزید مطالعے کے لیے کتابیات میں سے مقالات یا کتب منتخب کی جائیں۔
یہ کتاب بھی ڈاکٹر وحید قریشی کے ارشاد کی تعمیل میں مرتب کی گئی ہے اور انھی کے ادارے ،مغربی پاکستان اردو اکیڈمی سے اشاعت پذیر ہو رہی ہے۔
میں ان تمام حضرات کا ممنون ہوں جن کے مقالات کتاب میں شامل ہیں۔حقیقت یہ ہے کہ اس کتاب کی اگر کوئی اہمیت ہے تو ان حضرات کے مقالات کی ہی بدولت ہے۔بعض مقالات کے کچھ حصوں کو ضرورتاَ حذف کیا گیا ہے۔