(Last Updated On: )
ناہیدؔ ورک(امریکہ)
میں خود کی خواہش میں رہنا چاہتی ہوں
میں تیری سنگت میں بھی تنہا تھی
میں تیرے ہجر میں بھی اب اکیلی ہوں
بھلے بے مائیگی آزار کی صورت
مری آنکھوں سے رستی رہتی ہے
لیکن تجھے اب چاہنے والاوہ دل ہی نہ رہا
ورنہ تو سانسوں کے سبھی سُر
آج بھی شاید تجھے میں سونپ دیتی
گو کہ حدِ آسماں، حدِ نظر
اب صرف تنہائی ہی ساتھی ہے
مگر
دریا میں لہریں اُلٹی کب چلتی ہیں؟
رستے لوٹ کر واپس ہی کب آتے ہیں؟
اب میں خود کی خواہش میں ہی رہنا چاہتی ہوں
زندگی کو خود ہی جینا چاہتی ہوں۔۔