نذر خلیق(خانپور)
میں نے کوشش کی ہے کہ ایسی ساری ویب سائٹس کا تعار ف ہو جائے جو اردو کی کسی اچھے رنگ میں خدمت کر رہی ہیں۔بعض کا ادبی معیار کمزور تھا لیکن اردو کی خدمت کا پہلو بہتر تھا تو میں نے اس کا بھی تعارف کرادیا ہے۔کمزور ادبی معیار کی ویب سائٹس کو دیکھ کر مزید معیاری ادبی ویب سائٹس کا رجحان بڑھ سکے گا۔میری معلومات کے مطابق اس تیسری قسط کے ساتھ ویب سائٹس کے تعارف کا یہ سلسلہ پورا ہو گیا ہے۔کوئی نئی اچھی سائٹس سامنے آئیں تو ان کا تعارف بھی پیش کر دوں گا۔اسی طرح موقعہ ملا تو ادیبوں کی انفرادی نوعیت کی ویب سائٹس کا تعارف بھی پیش کروں گا۔سرِ دست ان تین سائٹس کا تعارف پیش ہے۔
www.urdunagar.com فرانس میں قائم اردو کی ویب سائٹ اردو نگر ڈاٹ کام عاکف غنی کی فنی صلاحیتوں اور اردو سے محبت کا ثبوت ہے۔اس سائٹ پر فرانس کی کمیونٹی نیوز کے ساتھ دنیا بھر کی دستیاب ادبی خبریں بھی شامل کی جاتی ہیں۔ادیبوں کے انٹرویوز ،مضامین،کالم،اور دلچسپی کے دیگر سلسلے اس سائٹ پر دیکھے جا سکتے ہیں۔اگرچہ اس سائٹ پر کچھ کچا پکا مواد بھی ملتا ہے لیکن ڈاکٹر گوپی چند نارنگ،اکبر حمیدی اور حیدر قریشی جیسے ادیبوں کی تحریروں سے اس کے معیار ی پہلو کا اندازہ کیا جا سکتا ہے۔
www.urdumanzil.com دبئی میں قائم کی گئی اردو کی ویب سائٹ اردو منزل ڈاٹ کام صغیر احمد جعفری اور ان کی اہلیہ صبیحہ صبا کی اردو سے وابستگی کا مظہر ہے۔اس سائٹ پر اردو کے کئی شعراء کا کلام پیش کرنے کے ساتھ ادیبوں کی ایک ڈائریکٹری بھی دی گئی ہے۔ ڈائریکٹری میں وقتاََ فوقتاَ نئے اضافے کئے جاتے ہیں۔
www.haroof.comملتان سے مرتضیٰ اشعر نے ایک ویب سائٹ حروف ڈاٹ کام کے نام سے شروع کی ہے۔اس سائٹ کا ادبی انتخاب نسبتاََ کافی بہتر ہے۔شاعری،افسانے اور بعض دیگر اصناف میں مرتضیٰ اشعر نے ایک معیار کو ملحوظ رکھنے کی کوشش کی ہے۔ادیبوں کے ای میل ایڈریسز پر مبنی ایک ڈائریکٹری بھی اس میں دی گئی ہے۔جنوبی پنجاب ،سرائیکی بیلٹ سے اردو کی یہ پہلی ویب سائٹ قرار دی جا سکتی ہے۔ادبی حصوں کے علاوہ اس کے بہت سے دوسرے شعبے بھی ہیں جن میں دیگر قارئین کی دلچسپی کا سامان موجود ہے۔