(ہائیک)
وضاحت نسیم اردو کی اچھی شاعرہ ہیں۔زیرنظر مجموعہ ان کے ہائیکو پر مشتمل ہے۔مجموعہ میں دو طرح کے ہائیکو شامل کئے گئے ہیں۔طبع زاد اردو ہوئیکو اور جاپانی ہائیکو سے براہ راست ترجمہ۔یہاں اس براہِ راست ترجمہ کی اہمیت اس لیے بھی ہے کہ ہمارے بیشتر جاپانی ہائیکو کے ترجمہ نگاروں نے انگریزی میں ترجمہ شدہ ہائیکو کو پھر اردو میں ترجمہ کیا،یوں ترجمہ در ترجمہ کرنے کے باوجود انہوں نے حقیقت کا اظہار کرنے سے گریز کیا۔اور عام قارئین کے لیے جاپانی زبان کے ماہر بنے رہے۔وضاحت نسیم نے پورے تیقن کے ساتھ براہ راست تراجم کا دعویٰ کیا ہے جو اس لیے خوشکن بات ہے کہ ہمیں ترجمہ در ترجمہ سے نہیں گزرنا ہوگا۔پروفیسر ڈاکٹر ابوالخیر کشفی نے کتاب کے شروع میں”اختصار میں ایجاز“ کے عنوان سے وضاحت نسیم کی شاعری اور ہائیکو پر اظہار خیال کیا ہے۔”روایت کے ساتھ جدیدیت“عنوان کے تحت وضاحت نسیم نے ہائیکو کے حوالے سے کچھ وضاحتِ احوال کی ہے۔سہیل احمد صدیقی، جو ہائیکو کے حوالے سے ایک مستند نام بن چکے ہیں، انہوںنے انگریزی میں ان کا تعارف کرایا ہے۔اردوہائیکو میں اس مجموعہ کو ایک خوشگوار اضافہ کہا جا سکتا ہے۔ کراچی سے ماہیے اور ہائیکو کے حوالے سے ایک محدودحلقہ کوئی سنجیدہ اور با معنی کاوش کرنے کی بجائے سطحی نام آوری کو ہی ادب کی معراج سمجھے ہوئے ہے،ایسے لوگوں کے بر عکس سہیل احمد صدیقی اور ان کے وضاحت نسیم جیسے سنجیدہ ادبی احباب کی کاوشیں قابلِ تعریف ہیں۔ (جدید ادب شمارہ نمبر ۸)