(Last Updated On: )
اُسی سے عالم کا سلسلہ ہے
وہی عطا ہے
وہ سارے عالم کا مدعا ہے
وہی عطا ہے
وہی ہے عالم کا ہر سہارا
وہی اُسارا
اُسی حوالے سے ہر دعا سے ہر دعا ہے
وہی عطا ہے
درود اس کو سلام اس کو
مدام اس کو
ہر اک دہاں کی سدا صدا ہے
وہی عطا ہے
وہی ہے ساعِد وہی ہے اسعد
مِرا محمدؐ
اُسی سے مدح کا سلسلہ ہے
وہی عطا ہے
وہی ہے لُولُو وہی ہے گوہر
وہ لمعِ داور
وہ رحم والا مہِ حرا ہے
وہی عطا ہے
وہی الٰہ کا ہُوا حوالہ
ہے لا محالہ
رہِ کرم اور رہِ ہُدیٰ ہے
وہی عطا ہے
اُسی کا سکہ رواں دواں ہے
وہ حکمراں ہے
دِلوں کا ہر ڈر ہَوا ہُوا ہے
وہی عطا ہے
کرے عوالم کے دور حرماں
ہے اس کا احساں
الم کی دائم وہی دوا ہے
وہی عطا ہے
اُسی کا اُسرہ کمال اُسرہ
ہر اک سے اعلیٰ
اُسی سے سائل کو حوصلہ ہے
وہی عطا ہے