محمدؐ کا اعلیٰ سے اعلیٰ سہارا
وہی ہے اُسارا
کرم سے محمدؐ کے عالم ہے سارا
وہی ہے اُسارا
محمدؐ کے در سے رہائی ملی ہے
ہر اوکڑ ٹلی ہے
محمدؐ کی درگہ ہے اعلیٰ دوارا
وہی ہے اُسارا
وہی اک ،وہی اک ہے عالم کا راحم
اور عالم کا حاکم
وہی اک، وہی اک الٰہ کا دلارا
وہی ہے اُسارا
وہ سرکار، سردار ،سالارِ عالم
ہے ہر سے مکرم
سدا دہر کا اک وہی ہے سہارا
وہی ہے اُسارا
وہ اکرم ، وہ ارحم ، وہ راحم ہے ہر دم
الٰہ کا ہے محرم
اِسی واسطے اُس کے آگے ہوں ہارا
وہی ہے اُسارا
وہ اللہ کے سارے علوموں کا حامل
وہ طاہر وہ کامل
وہ اعلیٰ ، وہ اولیٰ عمل کا ادارہ
وہی ہے اُسارا
وہ رحمِ مسلسل ، مدلّل مدلّل
وہ مہرِ مکمل
وہ عالی ، وہ والی ، وہ مالک ہمارا
وہی ہے اُسارا
ہو کامل دعاؤں کا ہر سلسلہ ہی
الم سے رہائی
ہو مدحِ محمدؐ الٰہ کو گوارا
وہی ہے اُسارا
ہے عالم کو آسودگی اُس سے حاصل
وہ مہراں کا ساحل
وہی ہے اماں اور وہی ہے اُسارا
وہی ہے اُسارا
وہ سائلؔ کا والی وہ مہرِ کمالی
وہ ہر اک سے عالی
وہ مہرِ سراسر عطاؤں کا دھارا
وہی ہے اُسارا