اقبال کے فکری پہلوؤں پر بہت کچھ لکھا جا چکا ہے۔ شاعر اقبال کو نظر انداز کر کے فلسفی اقبال پر ہزاروں صفحات سیاہ کر دیئے گئے ہیں۔ خود اقبال نے بھی متعدد جگہ اپنی شاعری کو صرف افکار کو پیش کرنے کا ذریعہ بتایا ……میری نوائے پریشاں کو شاعری نہ سمجھ یا ’’نغمہ کجا و من کجا ساز سخن بہانہ ایست‘‘ کہہ کر اقبال نے بظاہر اپنی شاعری کو زیادہ اہمیت نہ دی……. لیکن یہ اقبال کا انکسار تھا۔
مولاناسید سلیمان ندویؔ اور اقبال کے درمیان جو خط و کتابت ہوئی تھی اور اس میں زبان اور شعر کے مسائل پر جو بحثیں ہوا کرتی تھیں ان کی روشنی میں یہ بات حتمی طور پر کہی جا سکتی ہے کہ اقبال نہ صرف لفظ اور اس کے استعمال پر قدرت رکھتے تھے بلکہ زبان کے معاملے میں بھی وہ کافی محتاط تھے۔ وہ فارسی اور اردو شاعری کے کلاسیکی سرمایہ اور روایات سے کماحقہٗ واقف تھے۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ اقبال شاعری کی اثر انگیزی سے بھی آگاہ تھے۔ وہ جانتے تھے کہ شعر و ادب اصلاح قوم کے لئے بہترین ذریعہ ہیں۔ اس لئے شاعری کو انہوں نے اپنے افکار پیش کرنے کے لئے استعمال کیا۔ اقبال کی ابتدائی شاعری میں ، خصوصاً وہ کلام جو انہوں نے منسوخ کر دیا صنائع اور بدائع کی بہتات نظر آتی ہے۔ لیکن انہوں نے شعری کمالات کو معراج شاعری نہ سمجھا۔ استاذی پروفیسر گیان چند جین نے بڑی عرق ریزی سے اقبال کے ابتدائی عہد کا غیر متداول اور منسوخ کلام جمع کیا، جس کو دیکھنے کے بعد حیرت ہوتی ہے کہ اقبال صناعی ہر کس قسدر قادر تھے۔ سچ تو یہ ہے کہ صناعی صرف وہ نہیں جو محض آرائش شعر کے لئے کی جایے ، کیونکہ صناعی مقصود بالذات نہیں ہوتی بلکہ وہ بات اہم ہے جو شاعر کہنا چاہتا ہے۔ اور اگر صناعی اس نکتہ پر غالب آ جائے تو اصل بات دور جا پڑتی ہے۔ لیکن اگر صناعی محسوس طریقے پر شعر کی اثر آفرینی میں اضافہ کر کے تو یہی صناعی حسن بن جاتی ہے۔ تاثیر شعر سے واقف ہونے کی وجہ سے اقبال نے اپنے افکار کی ترسیل کے لئے شعر کا وسیلہ تلاش کیا تھا اور وہ اس میں کامیاب بھی رہے۔ چونکہ اقبال شعر کے فن سے واقف تھے اور تلمیحات، استعارات، علائم اور صنائع و بدائع کے استعمال پر بھی انہیں قدرت حاصل تھی، اسی لئے ان کی شاعری میں دل کو چھو لینے والی کیفیت ملتی ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ ان کی شاعری میں آورد نہیں آمد ہے۔ اسی لئے اقبال ہاں جو صنائع ملتے ہیں وہ شعوری کوشش کا نتیجہ نہیں۔ ویسے انہوں نے جہاں شعوری کوشش کی ہے۔ ایسے اشعار کو خود ہی خارج کر دیا۔ عبد الواحد معینی نے باقیات اقبال میں تین شعر درج کئے ہیں:
دیکھ اے غافل! یہ دنیا جائے آسائش نہیں
اس ختن سے کر گیا ہے آہوئے آرام رم
ہائے اپنا ہی نظر آیا نہ کچھ انجام اسے
دیکھتا تھا جام میں ہر چیز کا انجام جم
دم میں جب تک دم ہے گردوں تک رسائی ہے محال
گلشن ہستی میں ہے سودا م کا اک دام دم
ان اشعار کے قوافی پر غور کیجئے۔ آرام، رم، انجام، جم اور دام،دم میں بالالتزام تجنیس ناقص رکھی گئی ہے۔ (تجنیس ناقص میں ایک حرف کم کر دیا جاتا ہے ) اور یہاں صنعت ذوالقافیتین بھی موجود ہے ……گویا لزوم مالا یلزم، تجنیس ناقص اور ذوالقافیتین تین صنعتیں اس میں موجود ہیں …… پھر تیسرے شعر میں ردالعجز علی الصدر بھی ہے یعنی دم مصرعے کے آغاز میں ہے پھر قافیہ ہے طور پر بھی استعمال ہو ا ہے۔ لیکن ان اشعار کو اقبال نے اپنے مجموعے میں شامل نہیں کیا، کیونکہ انہیں اندازہ تھا کہ ان اشعار میں صناعی غالب ہے اور جو بات کہنے کی تھی وہ صناعی کے پردے میں چھپ گئی ہے۔ لیکن ذیل کے اشعار دیکھئے، ان میں صناعی ہونے کے باوجود گراں نہیں گزرتی، شاید اسی لئے انہیں مجموعہ میں جگی دی گئی ہے:
آشنا اپنی حقیقت سے ہو اے دہقاں ذرا
دانہ تو، کھیتی بھی تو، باراں بھی تو، حاصل بھی تو
آہ کس کی جستجو آوارہ رکھتی ہے تجھے
راہ تو، رہرو بھی تو، رہبر بھی تو، منزل بھی تو
کانپتا ہے دل ترا اندیشۂ طوفاں سے کیا
ناخدا تو، بحر تو، کشتی بھی تو، ساحل بھی تو
دیکھ آ کر کوچۂ چاک گریباں میں کبھی
قیس تو، لیلیٰ بھی تو، صحرا بھی تو، محمل بھی تو
وائے نادانی کے تو محتاج ساقی ہو گیا
مئے بھی تو، مینا بھی تو، ساقی بھی تو، محفل بھی تو
ان اشعار میں لزوم مالایلزم ہے اور مراعات النظیر کے علاوہ صنعت جمع بھی موجود ہے۔ لکھنو اسکول نے تخلیق برائے صناعی کا تصور پیش کیا تھا۔ اقبال اس کے خلاف تھے۔ وہ تو دلکشا صدا کے قائل تھے۔ اسی لئے انہوں نے کہا تھا
نہ زباں کوئی غزل کی، نہ زباں سے باخبر میں
کوئی دلکشا صدا ہو، عجمی ہو یا کہ تازی
جب انہوں نے منکسرانہ انداز سے زبان سے اپنی بے خبری کا اعلان کیا تو اس کا مطلب یہی تھا کہ وہ تخلیق برائے صناعی کے قائل نہیں۔ لیکن وہ صناعانہ تخلیق کے ضرور قائل ہیں اور یہ تصور ان کے پورے نظام فکر سے ہم آہنگ نظر آتا ہے۔
اقبال کی شاعری میں صناعی کا جائزہ لیتے ہوئے دو پہلو قابل غور ہیں۔ ایک متداول صنعتوں کا استعمال غیرمحسوس طریقے پر کیا گیا ہے اور دوسرے نظم یا غزل کی معنویت اور اندرونی ساخت کو ملحوظ رکھتے ہوئے مناسب صنعتوں کا انتخاب ہوا ہے۔ یہ پہلو ایسا ہے جو ایک بڑے شاعر کو دوسرے شعراء سے ممیز کرتا ہے اور یہی پہلو اقبال کے ہاں غالب ہے۔ اقبال کا یہ شعر نہ جانے کتنی مرتبہ پڑھا اور سنا گیا ہے لیکن اس شعر میں بھی صناعی نظر آئے گی۔:
خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے
خدا بندے سے خود پوچھے بتا تیری رضا کیا ہے
اب اس شعر میں تین لفظوں پر غور کیجئے ، خودی، خدا، خود …..ان سے جو مثلث بنتا ہے وہ اقبال کی فکر کا حاصل ہے۔ لیکن اس سے قطع نظر خود اور خودی میں تجنیس زائد و ناقص ہے صرف ایک حرف کی کمی بیشی سے صنعت بھی پیدا ہو گئی اور بات بھی بلند ہو گئی۔ علاوہ ازیں خدا اور بندے میں صنعت تضاد ہے۔ خدا اور خودی میں شبۂ اشتقاق ہے یعنی یہ شبہ ہوتا ہے کہ ان کا مادہ ایک ہی ہے ، جب کہ ایسا نہیں ہے۔ اب اس شعر میں استعمال ہونے والے حروف کو دیکھئے۔ ر، خ اور ق کا استعمال ایک خاص ترنم پیدا کرتا ہے۔ شعر کا آخری حصہ سوالیہ ہے ’’بتا تیری رضا کیا ہے ؟‘‘ ……. اس سوال میں تحکم نہیں بلکہ محبت کی کیفیت ہے۔ اس میں قرآن سے بھی استفادہ موجود ہے۔ سورۂ دہر کی یہ آیت دیکھئے۔ وَمَاتَشَاؤُنَ اِلّاَ أَن یَّشَاے تراجم کے علاوہ شعراء نے طنءَ اللّٰہ اِنَّ اللّٰہَ کَانَ عَلِیماً حَکِیماًoکچھ باتیں ایسی ہوتی ہیں جو بعید از فہم ہوتی ہیں۔ خدا بندے سے کیوں پوچھے ، لیکن اس کی دلیل بھی دی گئی ہے کہ اگر خودی کو بلند کیا جائے تو یہ ممکن ہے اور اس طرح حضرت موسیٰ اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے رب العزت سے کلام کرنے پر بھی مہر تصدیق ثبت ہوتی ہے اور دوسری طرف یہ بات بھی آشکارا ہوتی ہے کہ پیغمبری یا نبوت منصب ہے جسے اللہ نے عطا فرمایا ہے اس کے ساتھ ہی بندے میں اگر صلاحیت ہو تو وہ بلند منصب پر فائز ہو سکتا ہے۔ یہ صنعت مذہب کلامی ہے۔ یہ تو ایک مثال تھی۔ کلام اقبال سے کوئی شعر اٹھایئے ، یہی صورت ہو گی کہ اس میں صناعی تو ہو گی لیکن اس قدر خفی کہ غور کرنے پر ہی پتہ چلے گا کہ اس میں صنعت موجود ہے۔ یہ شعر دیکھئے :
چپ رہ نہ سکا حضرت یزداں میں بھی اقبال
کرتا کوئی اس بندہ گستاخ کا منہ بند
اس شعر میں بندہ اور بند پر غور کیجئے صنعت نکل آئے گی۔ یہ تجنیس زائد و ناقص ہے ، اب ذرا یہ شعر بھی دیکھئے:
تونے یہ کیا غضب کیا مجھ کو بھی فاش کر دیا
میں ہی تو ایک راز تھا سینۂ کائنات میں
کیا؟ اور کیا میں تجنیس تو ہے ہی ……. لیکن ایک بہت دلچسپ صنعت اس میں موجود ہے اور وہ ہے صنعت مقلوب…… ان دو لفظوں پر غور کیجئے۔ ایک اور کیا …… دونوں حروف یکساں ہیں صرف ترتیب الٹ گئی ہے یہ شعر بھی ہم نے کئی بار پڑھا ہے:
پھو ل کی پتی سے کٹ سکتا ہے ہیرے کا جگر
مردِ ناداں پر کلامِ نرم و نازک بے اثر
اب اگر اس شعر کو ایک خاص انداز سے پڑھا جائے تو مفہوم بدل جاتا ہے۔ یہ صنعت متحمل الضدین ہے۔ پہلے مصرعے کو اثباتیہ انداز میں پڑھئے تو ایک مفہوم نکلتا ہے …..اور اگر سوالیہ انداز سے پڑھا جائے تو دوسرا مفہوم نکلتا ہے۔ یعنی اثباتی انداز سے پڑھا جائے ، تو یہ مطلب ہوتا ہے کہ پھول کی پتی نرم و نازک ہوتی ہے لیکن اس میں یہ صلاحیت ہوتی ہے کہ ہیرے کا جگر بھی کاٹ سکتی ہے ، جبکہ مردِ ناداں پر نرم و نازک کلام کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔ اور اگر شعر کا پہلا مصرعہ سوالیہ انداز سے پڑھا جائے تو مفہوم نکلتا ہے کہ …..کیا پھول کی پتی سے ہیرے کا جگر کٹ سکتا ہے۔ ؟ نہیں ……! اور جس طرح یہ بات ممکن نہیں ہے اسی طرح مردِ ناداں پر بھی نرم و نازک کلام کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔ اب یہ شعر دیکھئے:
عشق کی گرمی سے معرکۂ کائنات
علم مقات صفات، عشق تماشائے ذات
اس میں علم اور عشق کا تقابل ہے۔ لیکن اس سے ہت کر بھی ایک صنعت ہے اور وہ ہے فو ق النقاط۔ یعنی اس شعر میں کوئی لفظ ایسا نہیں ہے جس مکے نقطے نیچے لگے ہوئے ہوں۔ (ماہرین کے نزدیک ’’ے ‘‘ کو تحت النقاط حرف مانا گیا ہے۔ لیکن چونکہ یہ نقطے تحریر میں نہیں آتے اس لئے راقم الحروف کو اس بات سے اختلاف ہے۔)
اس شعر میں کئی صنعتیں یکجا ہو گئی ہیں:
خودی کی جلوتوں میں مصطفائی
خودی کی خلوتوں میں کبریائی
اس میں صنعت ترصیع ہے۔ یعنی پہلے مصرعے کے ہر لفظ کے مقابلہ میں دوسرے مصرعہ میں لفظ موجود ہے۔ اس کے علاوہ اس میں تجنیس خطی ہے۔ جلوتوں اور خلوتوں میں صرف نقطے کا فرق ہے اور اس میں ذوالقافیتین بھی ہے۔ فن تاریخ گوئی میں صنعتیں مشکل ہوتی ہیں۔ جسٹس میاں شاہ دیں ہمایوں کی وفات پر اقبال نے اس مصرعہ سے تاریخ نکالی تھی
علامہ فصیح زہر چارسو شنید
علامہ فصیح کے اعداد ۳۳۴ ہیں۔ مصرعہ میں زہر چارسو شنید کا اشارہ موجود ہے یعنی اگر ۳۳۴ کو چار سے ضرب دیا جائے تو سال وفات ۱۳۳۶ھ برآمد ہوتا ہے۔ یہ صنعت ضرب یاتضارب ہے اور اس سے ما قبل کے کمالِ فن کا اندازہ ہوتا ہے۔
لیکن اقبال کی عظمت اس میں ہے کہ انہوں نے شاعری کو صرف لفظوں کا گورکھ دھندہ نہیں بنایا بلکہ اس میں سوزو فکر کے امتزاج سے نوع انسانی کے لئے پیغام حیات بھی پیش کیا……… کیونکہ اقبال جانتے تھے کہ اعلیٰ شاعری کا کیا مقام ہے۔
یہ چیز وہ ہے کہ پتھر کو بھی گداز کرے
————————-٭٭————————-