غم اور جذباتِ الم انسانی زندگی کا اہم جزو ہیں۔ سوز اور رقت کے بغیر انسان نامکمل ہے لیکن غم ہے کیا……؟ اگر غور کیا جائے تو اندازہ ہوتا ہے کہ ہرانسان کی کچھ تمنائیں اور آرزوئیں ہوتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ زندگی کی کچھ بنیادی اور دوامی قدریں بھی وابستہ ہوتی ہیں …….. جب یہ قدریں تمناؤں کے روپ میں ذہنِ انسانی اور فکر پر چھا جاتی ہیں تو انسان حسرت میں ڈوب کر نطشے کے فوق البشر سے قریب تر ہونے کی کوشش کرنے لگتا ہے۔ لیکن جب یہی قدریں تمناؤں کا روپ دھارنے کے بعد شکست و ریخت کا شکار ہونے لگتی ہیں تو انسان اس عجیب کیفیت میں ڈوب جاتا ہے جسے ہم غم کہتے ہیں۔ غمِ زندگی ہو کہ غمِ دوراں ، غمِ کائنات ہو کہ غمِ حیات، غمِ محبوب ہو کہ غمِ روزگار غم کسی نہ کسی شکل میں انسان کے قریب ہوتا ہے۔ یعنی انسان غم سے چھٹکارا نہیں پاسکتا۔ دنیا کا کوئی شخص ایسانہیں ہے جس سے کوئی غم وابستہ نہ ہو …….انسان کو ہمیشہ اپنی بے اطمینانی کا احساس رہا۔ اپنی بے مائگی پر انسان ہمیشہ سے سوچتا رہا ہے وقتی طور پر وہ اپنی بے مائگی کے احساس کو کم کرنے کے لئے تمنا کا سہارا لیتا ہے …… لیکن ضروری نہیں ہے کہ ہر تمنا تکمیل کے درجے تک پہنچ جائے۔ ہر خواب کا پیکر میں تبدیل ہونا ضروری نہیں۔ اور جب تمنا اور خواب ٹوٹتے ہیں تو کبھی کبھی زندگی اپنی تمام نشتریت کو لئے ایک خوفناک ہیولے کی شکل میں نمودار ہوتی ہے اور یہی قنوطیت کی ابتداء ہے۔ غم کو اپنے آپ پر اس حد تک طاری کر لیا جائے کہ وہ قنوطیت کی سرحدوں میں داخل ہونے لگے تو پھر زندگی بوجھ بن جاتی ہے۔ دل گرفتگی کا احساس موت کی وادیوں میں پناہ تلاش کرنے لگتا ہے۔ ایک ایسا انسان جس کے اعصاب کمزور ہوں اور جس کی قوتِ ارادی کو استحکام نہ ہو وہ معمولی صدمے کو بھی برداشت نہیں کر سکتا۔ معمولی ساغم بھی اس کے لئے جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ برخلاف اس کے ایک ایسا شخص جو ایک تربیت یافتہ ذہن کا مالک ہے ، جس کی قوت ارادی مضبوط اور فکر سلجھی ہوئی ہے یہی غم اسکی صلاحیتوں کو جلا بخشتا ہے۔ وہ صلاحیتیں جن سے حیات و کائنات کے مسائل سلجھانے میں مدد ملتی ہے …..بصیرت اور ادراک کی روشنی سے راہِ حیات منور ہونے لگتی ہے یہ غم ہی تو تھا جس نے سدھارتھ کو ’’بدھ‘‘ بنایا اور یہ بھی غم ہی تھا جس نے مجنوں کو صحرائی دیوانہ بنا دیا……ماضی قریب میں جھانکئے تو علی گڑھ تحریک کی بنا بھی اس غم کی وجہ سے پڑی ہے۔ اسی غم نے سر سید کو قوم کی حالت سدھارنے اور نوجوانانِ قوم کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کی طرف راغب کیا۔
دنیا کا ہر ادب غم اور الم سے متصف ہے اور شاعری اس سے مستثنیٰ نہیں۔ اردو ادب کا ایک اہم عنصر غم اور الم سے معمور شاعری ہے۔ کہیں غم تنہائی کی شکل میں نمودار ہوتا ہے تو کہیں غمِ عشق اور غمِ روزگار کا روپ لے کر ہمارے احساسات کو جلا بخشتا ہے۔ غالب بھی اس جذبے سے بچ نہ سکے۔ ان کی شاعری میں غم ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔ لیکن چونکہ غالب بے حد ذہین تھے اور ان میں فلسفیانہ فکر اور بصیرت کی کمی نہ تھی اس لئے ان کی حرماں نصیبی نے اپنا ایک علیٰحدہ معیار قائم کیا۔ غالب نے اپنے تجربات، مشاہدات اور فکر کے ذریعے اظہار کو اتنا منظم اور مربوط کر دیا کہ جہاں ان کا غم ذہن کے لئے تحریک اور امنگ کا باعث بنتا ہے وہیں ایک دبی دبی خوشی کا احساس بھی ابھرتا ہے۔
شیخ محمد ا کرام لکھتے ہیں :۔
’’غالب کا غم اس صحت مند آدمی کا حزن و ملال ہے جسے دنیا کی اچھی چیزوں سے محبت ہے لیکن جب وہ مسلسل سعی کے باوجود انہیں حاصل نہیں کر سکتا تو غمگین ہو جاتا ہے۔ غالب کے اشعار میں حزن وافسردگی کی جھلک ہے لیکن غالب کی افسردگی عام قنوطیوں کی طرح دنیا کی مذمت کے باعث نہیں بلکہ دنیا کی دلفریب چیزوں سے لگاؤ کی وجہ سے ہے۔ غالب کی انتہائی مایوسی میں بھی ترک دنیا، رہبانیت یا مردم بیزاری کا شائبہ تک نظر نہیں آتا۔ بلکہ یہ حزن و افسردگی اس آدمی کی ہے جو زندگی کی قدر و قیمت پہچانتا ہے اور جسے اس سے محروم رہنا ناگوار ہے۔‘‘
(غالب نامہ صفحہ ۲۹۰)
شیخ محمد ا کرام غالبیات کے بہت بڑے ماہر سمجھے جاتے ہیں لیکن پتہ نہیں کیوں انہوں نے غالب کی مردم بیزاری سے انکار کرتے ہوئے مندرجہ بالاسطور لکھیں …… حالانکہ کہیں کہیں غالب کے پاس مردم بیزاری بھی ملتی ہے۔
پانی سے سگ گزیدہ ڈرے جس طرح اسد
ڈرتا ہوں آدمی سے کہ مردم گزیدہ ہوں
غالب کے ہاں تنہائی پسندی، ترک دنیا اور رہبانیت کا تصور بھی موجود ہے۔
رہئے اب ایسی جگہ چل کر جہاں کوئی نہ ہو
ہم سخن کوئی نہ ہو اور ہم زباں کوئی نہ ہو
بے در و دیوار سا اک گھر بنایا چاہئے
کوئی ہمسایہ نہ ہو اور پاسباں کوئی نہ ہو
پڑیئے گر بیمار تو کوئی نہ ہو تیمار دار
اور اگر مر جایئے تو نوحہ خواں کوئی نہ ہو
لیکن ایسی مثالیں خال خال ہی نظر آتی ہیں ……. مجموعی طور پر ہمیں شیخ محمد ا کرام کی اس رائے سے اتفاق کرنا پڑے گا کہ غالب زندگی کی قدو قیمت سے آگاہ تھے۔ کیونکہ غالب نے اتنے مصائب اٹھائے اور ایسے ایسے انقلابات دیکھے کہ ان پر زندگی کی تلخ حقیقتیں واضح ہو چکی تھیں۔ تبھی تو وہ یہ شعر کہنے کے مکلف بھی ہیں کہ
رنج کا خوگر ہوا انساں تو مٹ جاتا ہے رنج
مشکلیں مجھ پر پڑیں اتنی کہ آساں ہو گئیں
اس لئے شیخ محمد ا کرام لکھتے ہیں :۔
’’مرزا نے قلزم خوں میں شناوری کی تھی قیامت حقیقی تو خیر کس نے دیکھی ہے لیکن مرزا نے اپنی آنکھوں سے دہلی کا سارا نظام روز حشر کی طرح تہہ و بالا ہوتے دیکھا تھا اور ان مصیبتوں سے دوچار ہوئے تھے جنہیں قیامت صغریٰ کہنا کسی طرح مبالغہ نہیں ہے۔‘‘
(غالب نامہ صفحہ ۲۹۵)
غالب کے خطوط کا مطالعہ کیا جائے تو محسوس ہو گا کہ وہاں بھی غم کی ایک زیریں لہر موجود ہے۔ غالب کی انسانیت دوستی، ان کی الجھنیں ، لغزشیں، وضع داری کے لئے جدوجہد، کنبہ پروری، اپنی خامیوں پر ہنسنے کا جذبہ، زندگی سے دم آخر تک لڑنے اور مایوسی کے بجائے عزم تازہ پیدا کرنے کا حوصلہ، یہ تمام ایسے عوامل ہیں جو غالب کو ’’غالب ‘‘ بناتے ہیں۔ عام طور پر غالب کے خطوط کو سادگی اور ظرافت کا مرقع کہا جاتا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ ان خطوط میں شوخی اور ظرافت کا لباس اوڑھے ہوئے شدید غم بھی پنہاں ہے جو مکتوب نگار کی ذہنی کیفیت کا آئینہ دار ہے۔ دہلی کی بربادی غالب کی زندگی کا وہ سانحہ تھا جس نے ان کے دل پر بہت گہرا اثر کیا۔ ایک خط میں وہ لکھتے ہیں۔
’’کیا پوچھتے ہو،کیا لکھوں ، دلی کی ہستی منحصر کئی ہنگاموں پر تھی، قلعہ، چاندنی چوک، پر روز بازار جامع مسجد کا، ہر ہفتہ سیر جمنا کے پل کی، ہرسال میلہ پھول والوں کا، یہ پانچوں باتیں اب نہیں پھر کہو، دلی کہاں ؟ ہاں کوئی شہر قلمرو ہند میں اس نام کا تھا۔‘‘
اس کے باوجود غالب نے مایوسی سے کام نہیں لیا۔ وہ اس ویرانی میں بھی نشاط کا پہلو نکال لیتے ہیں۔
ایک ہنگامہ پہ موقوف ہے گھر کی رونق
نوحۂ غم ہی سہی نغمۂ شادی نہ سہی
ڈاکٹر عبداللہ لکھتے ہیں۔
’’غالب کا غم حقیقی ہے ، مگر وہ زخم کو گہرا ہونے نہیں دیتے، اس سے عہدہ بر آ ہونے کی کوشش کرتے ہیں ، اس کو عیش بنانے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ چنانچہ اس کے لئے وہ ہنگامہ زنگی کو نوش دار بناتے ہیں۔ اس ہنگامے پر ان کی زندگی کا انحصار ہے۔ نوحۂ غم یا نغمۂ شادی، اس سے انہیں کوئی بحث نہیں ہے۔ یہ سب انسان کی فکری صحتمندی کا کرشمہ ہے جو غم کو بھی نشاط میں بدل دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ‘‘ (نقد میر صفحہ ۲۵۱)
غالب جانتے تھے کہ موت برحق ہے ……… لیکن اس کے ساتھ ساتھ زندگی کے ساتھ غم کی وابستگی بھی یقیناً ہو گی۔ چنانچہ وہ کہتے ہیں۔
قید حیات و بند غم اصل میں دونوں ایک ہیں
موت پہلے آدمی غم سے نجات پائے کیوں
یہاں یہ تسامح ہو سکتا ہے کہ غالب موت کی تمنا کر رہے ہیں لیکن حقیقتاً ایسا نہیں۔ غالب صدموں کو برداشت کرنے کی بے پناہ صلاحیت رکھتے تھے اور سخت پریشانی اور رنج کے علام میں بھی وہ اپنے آپ کو سنبھالے رکھنے کے قائل تھے۔ غم سے چھٹکارا پانا ممکن نہیں لیکن زندگی بھی کچھ قیمتی نہیں ہے …. وہ کہتے ہیں۔
تاب لاتے ہی بنے گی غالب
واقعہ سخت ہے اور جان عزیز
وہ زندگی کو عزیز رکھتے تو ہیں لیکن ساری دنیا اور مسائل کائنات کو اپنے آگے ہیچ سمجھتے ہیں۔ وہ انسان کی ان قوتوں سے واقف ہیں جو اسے تسخیر کائنات پر آمادہ کر سکتی ہے۔ اس لئے دنیا کے غموں کو وہ اہمیت ن ہیں دیتے اور اسے تماشے سے تعبیر کرتے ہیں۔
بازیچۂ اطفال ہے دنیا میرے آگے
ہوتا ہے شب و روز تماشا میرے آگے
ڈاکٹر عبد اللہ رقمطراز ہیں
’’شوپن ہار جس نے فلسفۂ غم کی شاید مکمل ترین تشریح کی ہے ، غم کو زندگی کی مستقل کیفیت یا حالت قرار دیتا ہے اور مسرت کو ایک سلبی کیفیت بتاتا ہے یعنی اس کے نزدیک غم کے عارضی فقدان کا نام مسرت ہے۔‘‘
(نقد میر صفحہ ۸۲)
اور غالب اپنے اشعار میں اس خیال کی تائید کرتے نظر آتے ہیں۔
عشرتِ قتل گہِ اہل تمنا مت پوچھ
عید نظارہ ہے شمشیر کا عریاں ہونا
ڈاکٹر عبداللہ نے اپنے مضمون ’’غالب، معتقدِ میر ‘‘میں غالب اور میر کے کلام کا جائزہ لیتے ہوئے ان اہم باتوں کی طرف اشارہ کیا ہے جن کی وجہ سے غالب میر کے معتقد ہو سکے تھے۔ لیکن حیرت ہے کہ انہوں نے میر کے غم اور غالب کے غم کا تقابل نہیں کیا۔ اگر بنظر غائر دیکھا جائے تو محسوس ہو گا کہ میر کے فلسفہ غم سے غالب نے بہت کچھ استفادہ کیا اور اپنے آپ کو ناسخ کے خیال سے متفق ظاہر کرتے ہوئے یوں کہا ہے۔
غالب اپنا یہ عقیدہ ہے بقول ناسخ
آپ بے بہرہ ہے جو معتقدِ میر نہیں
یہ اور بات ہے کہ میر کے غم میں جو کیفیات ہیں غالب کے پاس ان ہی کیفیات نے نسبتاً فلسفیانہ انداز اختیار کر لیا۔ جس کی وجہ سے ان کی آفاقیت میں اضافہ ہو گیا۔ غالب اور میر دونوں بے حد نازک مزاج اور زود رنج تھے لیکن غالب میر کی بہ نسبت زیادہ شگفتہ مزاج تھے اور اپنے مزاج کی اس خصوصیت کی بنا پر عوام و خواص میں یکساں مقبول ہوئے۔ ان کا خیال تھا کہ رنج و ملال کو دل میں جگہ دینے کی بجائے اطمینان اور سکون سے کام لینا چاہئے۔
غم نہیں ہوتا ہے آزادوں کو بیش از یک نفس
برق سے کرتے ہیں روشن شمعِ ماتم خانہ ہم
ڈاکٹر عبدالرحمن بجنوری کے الفاظ میں۔
’’مرزا غالب ان تابوت بردوش فلسفیوں میں نہیں ہیں جو زندگی کو ماتم خانہ اور اہل دنیا کو اصل جنازہ خیال کرتے ہیں۔ وحدت الوجود کے فلسفہ کا پہلا سبق یہی ہے کہ ماسوا او خدا صرف عارضی طور پر جدا ہیں ……..اور بعد الموت یہ جدائی ختم ہو جاتی ہے۔‘‘
(محاسن کلام غالب)
چنانچہ غالب موت سے خوفزدہ نہیں ہوتے۔ وہ توا پنی جان جاں آفریں کے حوالے کرتے ہوئے مسرت محسوس کرتے ہیں بلکہ انہیں تو اس بات کا صدمہ بھی ہوتا ہے کہ انہوں نے زندگی کا حق ادا نہیں کیا۔
جان دی،دی ہوئی اسی کی تھی
حق تو یہ ہے کہ حق ادانہ ہوا
غالب کا فلسفۂ غم کئی شعوری اور غیر شعوری عوامل کا پروردہ ہے۔ ان کی فکر کا مبدا زندگی اور ان کی فکر کی انتہا بھی زندگی ہی ہے۔ انہوں نے ہر چیز کو زندگی کے پیمانوں پر جانچا …… زندگی کی خارجی کیفیات کو انہوں نے اپنے داخلی جذبات سے محسوس کیا۔ اپنی ہستی کی پائیداری کا انہیں ہمیشہ احساس رہا۔ غالب کا سماجی رویہ ان کے اپنے انفرادی تجربات اور مشاہدات پر مبنی ہے۔ لیکن جب وہ اپنے ان تجربات اور مشاہدات کا اظہار کرتے ہیں تو یوں محسوس ہوتا ہے کہ
’’گویا یہ بھی میرے دل میں ہے‘‘
کیونکہ انہوں نے اپنے اظہار میں آفاقیت کو کوٹ کوٹ کر بھر دیا اور نوع انسانی کے سماجی اور تاریخی شعور کو متحرک کرنے کی کوشش کی۔ غالب نے موت کی تمنا بھی کی تو اس تمنا کے پیچھے جینے کی خواہش موجود ہوتی ہے۔ اور جینے کا لطف اٹھانے کی آرزو رکھتے ہوئے وہ اپنے مخصوص فلسفیانہ انداز میں موت کی لذت کا ذکر کرتے ہیں۔
ہوس کو ہے نشاط کار کیا کیا
نہ ہو مرنا تو جینے کا مزا کیا
مگر اس کے باوجود غالب کو ہمیشہ یہ گلہ رہا کہ انہیں لوگوں نے سمجھا نہیں اپنی داخلی کیفیات کا اظہار کرتے ہوئے وہ کس حسرت سے کہتے ہیں۔
ہوں گرمیِ نشاط تصور میں نغمہ سنج
میں عندلیبِ گلشنِ ناآفریدہ ہوں
کہا جاتا ہے کہ ہر درد کی دوا ہے لیکن غالب اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ غم کا کوئی علاج نہیں ہے۔ اور اس طرح انہوں نے اس کلیہ کو باطل قرار دیا ہے کہ ہر درد کی دوا موجود ہے وہ کہتے ہیں۔
پیدا ہوئی ہے کہتے ہیں ہر درد کی دوا
یوں ہو تو چارۂ غم الفت ہی کیوں نہ ہو
غم سے نشاط اور سرور کی کیفیت حاصل کرنا غالب کا خاص انداز ہے۔ جب غم سے نجات نجات ممکن نہیں تو پھر اس کا غم کیوں کیا جائے۔ اسی غم سے نشاط کا پہلو پیدا کیا جا سکتا ہے۔ بجائے اس کے کہ غم کا رونا روئیں۔ اسی غم سے سرور بھی تو حاصل کیا جا سکتا ہے۔ چنانچہ غالب کہتے ہیں۔
کیجئے بیاں سرورِ تپِ غم کہاں تلک
ہر مو مرے بدن کا زبانِ سپاس ہے
ایک اور جگہ لکھتے ہیں۔
نشاطِ داغِ غمِ عشق کی بہار نہ پوچھ
شگفتگی ہے شہیدِ گلِ خزانی شمع
غالب کے متداول دیوان اور نسخہ حمیدیہ کا ایک سرسری جائزہ لیا جائے تو معلوم ہو گا کہ انہوں نے لفظ ’’غم‘‘ کو (۶۶) بار استعمال کیا ہے۔ ان اشعار سے ہٹ کر جہاں لفظ ’’غم ‘‘ کے ذریعے اپنے فلسفہ غم کو پیش کیا ہے ، ایسے اشعار بے شمار ہیں جن میں غالب نے غم کے تعلق سے اپنا خیال ظاہر کیا ہے۔ غم کی جو تشریح غالب نے کی ہے ان میں سے چند اشعار درج ذیل ہیں۔
تو وہ بد خو کہ تحیر کو تماشہ جانے
غم وہ افسانہ کہ آشفتہ بیانی مانگے
ازبسکہ سکھاتا ہے غم ضبط کے اندازے
جو داغ نظر آیا ایک چشم نمائی ہے
غم آغوشِ بلا میں پرورش دیتا ہے عشق کو
چراغ روشن اپنا قلزمِ صرصر کا مرجاں ہے
غالب غم کو انسانی زندگی کے لئے ضروری سمجھتے ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ زندگی میں اگر غم نہ ہو تو پھر کچھ بھی نہ رہ جائے گا…… اس لئے موت سے پہلے غم سے جو کچھ فیض حاصل ہو سکتا ہے وہ حاصل کر لینا چاہئے۔ وہ کہتے ہیں
نغمہ ہائے غم کو بھی اے دل غنیمت جانئے
بے صدا ہو جائے گا یہ ساز ہستی ایک دن
وہ اپنے غم کی بے پناہ قوتوں سے واقف ہیں …….. کہتے ہیں
میں نے روکا رات غالب کو وگر نہ دیکھتے
اسکے سیل گریہ میں گردوں کفِ سیلاب تھا
آگے ایک اور جگہ لکھتے ہیں
غالب ہمیں نہ چھیڑ کہ پھر جوشِ اشک سے
بیٹھے ہیں ہم تہیۂ طوفاں کئے ہوئے
ان کا خیال ہے کہ غم ہی سب کچھ ہے۔ اور گم نہ ہو تو پھر زندگی بے کیف ہو کر رہ جائے گی۔ پھر غم کے ساتھ غم کے لوازمات نہ ہوں تو پھر زندگی زندگی نہ رہے گی، موت سے بدتر ہو جائے گی۔ وہ غم کی اہمیت کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں۔
دلا یہ درد و الم بھی تو مغتنم ہے کہ آخر
نہ گریۂ سحری ہے نہ آہ نیم شبی ہے
ان کا ایقان ہے کہ ہر نشیب کے بعد فراز لازمی ہے۔ اگر غم سے نجات پانا ہو تو پھر خوشی سے ہاتھ دھونا پڑے گا……… اور اس طرح غم سے کنارہ کشی کر کے انسان اس مسرت سے ہاتھ دھو بیٹھے گا جو اس کی منتظر ہے …….وہ لکھتے ہیں۔
شادی سے گزر کہ غم نہ ہودے
اردی جو نہ ہو تو دے نہیں ہے
بہرحال غالب کا فلسفہ ایک زندہ انسان کی نشاندہی کرتا ہے ایسا انسان جو ہنگاموں کا پروردہ ہے …… وہ انسان جو سماجی حیوان ہے ، وہ انسان جس کو غم کی دولت میسر ہے۔ اور اس طرح انسان تمام مخلوقات سے بڑھ کر ہے ……. اسی لئے اشرف المخلوقات کہا جاتا ہے۔
***