ایس۔ ٹی۔ کولرج (1772-1834) کا والد ایک گرجا کے حلقے کا پادری اور مقامی گرامر سکول کا صدر معلم تھا۔ جب ایس۔ ٹی۔ کولرج نو سال کا تھا تو اس کے والد کا اچانک انتقال (1781) ہو گیا۔ ایک سال بعد اس یتیم بچے کو کرسٹ ہسپتال لندن سے ملحق ایک فلاحی تعلیمی ادارے میں داخل کرایا گیا جہاں اس نے سیکنڈری تعلیم کی تکمیل کی۔ یہاں سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد اس نے 1791ء میں جیسس کالج کیمبرج (Jesus College Cambridge) میں داخلہ لیا۔ مالی مشکلات کے باعث وہ اپنی تعلیم مکمل نہ کر سکا اور اس نے 4۔ اکتوبر 1795ء کو اس نے اپنے ایک معتمد ساتھی، دیرینہ دوست، برطانیہ کے رومانی شاعر اور محرم راز رابرٹ ساوتھے (Robert Southey 1774–1843 ) کی سالی سارا فلکر (Sara Fricker) سے شادی کر لی مگر یہ شادی اس کی زندگی میں راحتوں اور خوشیوں کی کوئی نوید نہ لا سکی۔ کالرج کے مختلف عورتوں کے ساتھ بڑھتے ہوئے رومان سے سارا فلکر اپنے شوہر سے بد گمان ہو گئی۔ خاص طور پر کالرج کے دوست اور معاصر رومانی شاعر ورڈز ورتھ کی حسین سالی (Sarah Hutchinson) کا عشق کالرج کی گھریلو زندگی کے لیے تباہ کن ثابت ہوا۔ مزاج میں اختلاف کے باعث یہ شادی سال 1808ء میں علاحدگی پر منتج ہوئی۔ اس کے بعد سال 1810ء میں اس کے دیرینہ دوست ورڈز ورتھ کے ساتھ اختلافات پیدا ہو گئے۔ ایس۔ ٹی۔ کولرج نے ایک سال (1799-1800) جرمنی میں قیام کیا اور اِس عرصے میں اُس نے جرمن مصنف، مورخ اور فلسفی جان فریڈرک شیلر (: 1759-1805 Friedrich Schiller)کے ڈراموں پر مشتمل سال 1799ء میں مکمل ہونے والی تصنیف والنسٹائن (Wallenstein) کا انگریزی زبان میں ترجمہ کیا۔ امریکہ اورفرانس کے انقلاب کے دوران میں ایس۔ ٹی۔ کولرج نے اپنی بیس سے زائد وقیع تصانیف سے انگریزی ادب کی ثروت میں اضافہ کیا۔ اس کی معرکہ آرا تخلیقات درج ذیل ہیں:
Opus Maximum,Biographia Literaria, Rime of the Ancient Mariner(1797), Kubla Khan(1798), The Nightingale (1798), Dejection(1802), Christabel (1816), Biographia Epistolaris, Logic, Philosophical Lectures
سال 1802ء میں ایک گونہ بے خودی کی جستجو میں اس نے افیون اور الکحل کے آمیزے لاڈنم (Laudanum) کو اپنا مونس سمجھا یہ ساتھ مر کر ہی چھوٹا۔ اس نے جس نشہ آور آمیزے کو درد دل ختم کرنے کے لیے دوا کے طور پر استعمال کیا وہی اُس کی زندگی ختم کرنے کا سبب بن گیا۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ایس۔ ٹی۔ کولرج کی مقبولیت کم ہوتی چلی گئی البتہ رومانویت پسند آج بھی اُس کا احترام کرتے ہیں۔ اس کی تنقید میں پایا جانے والا توازن، سیاسی بصیرت کی مظہر تحریریں، مذہب اور فلسفہ کے اہم موضوعات پرسوچ بچار سے لبریز اس کے تجزیے قارئین کے لیے بہت اہم ہیں۔
برطانوی فلسفی، شاعر، ادبی نقاد اور مورخ سیموئل ٹائلر کالرج کا شمار رومانوی تحر یک کے اہم بنیاد گزاروں اور ضلع لیک (Lake Poets) کے نامور شعرا میں ہوتا ہے۔ برطانیہ کے ممتاز رومانی شاعر ولیم ورڈز ورتھ (William Wordsworth: 1770-1850) کے ساتھ اس کی پہلی ملاقات 1797ء میں ہوئی۔ اس کے بعد کالرج اور ورڈزورتھ نے دو بار (1798, 1799) جرمنی کا سفر کیا۔ جرمنی کے سفر میں کالرج نے جرمنی کے فلسفی کانٹ (: 1724-1804 Immanuel Kant)، شیلنگ (: 1775-1854 Friedrich Wilhelm Joseph Schelling)، جان فچے (1762-1814: Johann Gottlieb Fichte)، ہینرک سٹیفن (: 1773-1845 Henrik Steffens)، فریڈرک شیلر (: 1759-1805 Friedrich Schiller) کی تخلیقات بالخصوص والنسٹائن ٹریلوجی (Wallenstein Trilogy) اس کی توجہ کا مرکز رہی۔ اس نے معاصر جرمن ادب کا بھی عمیق مطالعہ کیا اور اس کی تشریح کی۔ ورڈز ورتھ کے ساتھ مِل کر کالرج نے رومانی تحریک کو متعارف کرایا۔ ایس۔ ٹی۔ کولرج نے اپنے اکثر معاصرین اور اپنے رفتگاں کی علمی میراث سے بھرپور استفادہ کیا۔ ایس۔ ٹی۔ کولرج نے جس وقت پرور شِ لوح و قلم پر توجہ دی، اس وقت افق ادب جو کہکشاں اپنے منفرد اسلوب، افکار کی تابانیوں اور تخلیق اور تنقید کی آمیزش سے ساری کائنات کو بقعۂ نور بنا رہے تھے ان کے نام درج ذیل ہیں:
برطانیہ کے ادبی نقاد جان ڈرائیڈن (1631-1700 John Dryden)، مشہور شاعر پوپ ( 1668-1744 Alexander Pope)، ڈاکٹر جانسن (1709-1784 Samuel Johnson)، ولیم ورڈز ورتھ (1770-1850 William Wordsworth)، جان کیٹس (1795-1821 John Keats)، شیلے (1792-1822 Percy Bysshe Shelley ) میتھیو آرنلڈ ( 1822-1888 Matthew Arnold)، آسکر وائلڈ ( 1854-1900 Oscar Wilde )، جارج برنارڈ شا (1856-1950 George Bernard Shaw)، ٹی۔ ایس ایلیٹ (1888-1965 T. S. Eliot)، ایذرا پاونڈ ( 1885-1972 Ezra Pound)، ولیم بٹلر ییٹس( 1865-1939 William Butler Yeats)، آڈن (1907-1973 W. H. Auden)، آرتھر کوئسلر (1905-1983 Arthur Koestler)، فرانسیسی ادیب زولا (1840-1902 Émile Zola)، ہینرک ازبن (1828-1906 Henrik Ibsen)
اپنی متاثر کن تحریروں میں ایس۔ ٹی۔ کولرج نے تخلیق اور تنقید میں پائے جانے والے غیر متناسب تعلق پر گرفت کی۔ کولرج کا خیال تھا کہ تنقید محاکمہ اور استدلال کی ایسی سائنس ہے جس کی مدد سے فکر و خیال کا نظام ایسے طریق کار سے آشنا ہوتا ہے جو زندگی کے منتشر مشاہدات، تجربات اور تاثرات کو واحد لڑی میں پرو کر ایک کُل کی صورت میں پیش کرنے کی ممکنہ صورت سامنے لاتا ہے۔ کولرج کی تنقید کا قصر عالی شان نفسیات اور فلسفۂ علم کی اساس پر استوار ہے۔ اس نے انگریزی تجربی نفسیات کا وسیع مطالعہ کیا جس کے مطابق فکر انسانی کا انحصار خارجی دنیا کے تاثرات پر ہے۔ انگریزی تجربی نفسیات نے اس جانب متوجہ کیا کہ تلازمۂ خیال کے تقاضوں کے تحت جملہ تاثرات منصۂ شہود پر آ تے ہیں۔ کالرج نے جرمن ماورائی فلسفہ کی روایت سے بھی استفادہ کیا۔ اس فلسفہ کی رُو سے خارجی فطرت اور اس کے مظاہر انسانی فہم و ذکا اور شعور کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ ہیں۔ جرمن ماورائی فلسفہ کے مطابق انسانی ذہن و ذکاوت انفعالی طور پر تاثرات کے قبولیت اور انھیں متشکل کر کے پیش کرنے سے قاصر ہے۔ کالرج نے وحدت کی جستجو کو تخلیقی عمل میں اہم سمجھا۔ اس کا خیال تھا کہ وحدت کی تلاش انسانی فہم و ادراک کی غایت اولیٰ قرار دی جا سکتی ہے۔ بادی النظر میں یہ حقیقت روز روشن کی طرح واضح ہے کہ ایک زیرک، فعال اور مستعد تخلیق کار جب ہاتھ میں قلم تھام کر مائل بہ تخلیق ہوتا ہے تو وہ جس مواد کی جستجو میں انہماک کا مظاہرہ کرتا ہے وہ اس کے جذبات، احساسات، تجربات، مشاہدات اور خیالات ہی ہوتے ہیں۔ اس کی اسی فعالیت کو وحدت کی جستجو سے تعبیر کیا جا سکتا ہے۔ ایک تخلیق کار کے دل پر اُترنے والے موسموں کے بارے میں بہت کم توجہ دی جاتی ہے۔ وہ جگر کا خون دے کر گلشن ادب میں خیال، خواب اوردروں بینی کی مظہر خود آگہی کے عطر بیزگل بوٹے اُگاتارہا۔ اس نے عالمی کلاسیک اور یورپی زبانوں کے ادب کا عمیق مطالعہ کیا اور سائنسی انداز فکر اپناتے ہوئے صریح اور مثبت نقطۂ نظراپنا یا ایس۔ ٹی۔ کولرج نے تنقید میں ارسطو اور لان جائنس کے عظیم تنقیدی اسلوب کو قدر کی نگاہ سے دیکھا اور خود شناسی پر زور دیا۔ اُس کی تخلیق اس کی ایک مشہور نظم ’کبلا خان‘ (Kubla Khan) ورائے حقیقت بیان، الفاظ کے اسراف، مختلف النوع اور ناقابل یقین خیالات کی وجہ سے قاری کو سرابوں کی بھینٹ چڑھا دیتی ہے۔ اس کی دو اہم نظمیں کرسٹابِل اور کبلا خان (Christabel and Kubla Khan (published 1816) بھی اپنے انتہائی حیران کن، پر اسرار اور آسیبیعناصر کی بنا پر قاری کو لاعلمی کے ناقابل فہم رومانس کے عجیب ماحول میں پہنچا دیتی ہیں۔ ان نظموں میں تخیل کی جولانیوں اور زندگی کی حرکت و حرارت سے جو سماں بندھا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ کبلا خان اگرچہ تشنۂ تکمیل رہ گئی مگر اس میں فکر و خیال اور اظہار و ابلاغ کی بے پناہ قوت تخلیق کار کے جذبوں کی حدت اور احساس کی شدت کی دلیل ہے۔ ایس۔ ٹی۔ کولرج نے تخلیق اور تنقید کے باہمی عمل یا باہمی ربط کے بارے میں پائے جانے والے خدشات کے بارے میں ہمیشہ اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ ایس۔ ٹی۔ کولرج نے اپنی تنقیدی تحریروں میں پوئٹری اور پوئم کے بارے میں اپنی الگ سوچ سامنے لانے کی کوشش کی۔ اس نے پوئٹری کو محض کلام موزوں تک محدود کرنے کے عمل کے بارے میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ اس رائے کا اظہار کیا کہ ہر وہ کلام یا فنی اظہار جو فکر و خیال کو مہمیز کرے اور جہان تازہ کی نوید سے مسرور کرے پوئٹری ہی تو ہے۔ اس کا خیال تھا کہ جہاں تک پوئٹری کا تعلق ہے یہ پوئم سے کہیں زیادہ گہری معنویت اور وسعتِ نظر کی حامل ہے۔ اپنے اس خیال کی وضاحت کرتے ہوئے ایس۔ ٹی۔ کولرج نے مصوری، فلسفہ اور سائنس سے وابستہ افراد کی فعالیت کو بھی پوئٹری سے تعبیر کیا۔ اس کا خیال ہے کہ فلسفہ اور پوئٹری ایک دوسرے کو غیر موثر نہیں کر سکتے۔ اپنے خیالات کی موزونیت اور جواز کے اثبات کے لیے اس نے ہمیشہ مدلل انداز اپنایا۔ ذوق سلیم سے متمتع ادب کا معاملہ فہم قاری تو تخلیق اور تنقید کے بارے میں واضح نصب العین کو پیشِ نظر رکھتا ہے۔ بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ ادب کے کچھ قارئین اِس نتیجے پر پہنچتے ہیں کہ تنقیدی فعالیت اپنی نوعیت، استعداد کار اور از خود نمو پانے کے عمل کے اعتبار سے تخلیقی فعالیت کی چکا چوند کو کسی حد تک گہنادیتی ہے۔ ایس۔ ٹی۔ کولرج نے ایک جری نقاد کی حیثیت سے یہ واضح کیا کہ تنقیدی آرا کے بارے میں پائے جانے والے غیر محتاط رد عمل کے باوجودنقاد اور تخلیق کار کو ہر قسم کی رسمی مجبوریوں اور قدغنوں کی پروا کیے بغیر تخلیقات کے بارے اپنے اشہبِ قلم کی جو لانیاں دکھانے میں انہماک کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
تخلیق شعر میں کالرج اور چارلس با دئیلیر (: 1821-1867 Charles Baudelaire) کی نگاہوں کوخیرہ کر دینے والی مثال کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے یہ امر قابل غور ہے کہ وہ عظیم شعرا جنھوں نے اپنے تخیل کی جولانیاں دکھاتے ہوئے ستاروں پر کمند ڈالی، اقلیمِ ادب میں اپنی تخلیقی فعالیت کی دھاک بٹھا دی اور ہر طرف اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑ دئیے۔ جب ایسے نابغۂر وزگار تخلیق کار تنقید کے میدان میں قدم رکھتے ہیں تو کیا ان کی تنقید اسی سطح فائقہ پرفائز ہوتی ہے جس پر ان کی تخلیقات ضو فشاں رہی ہیں۔ ایس۔ ٹی۔ کولرج کے شعری سفر میں ایک مقام ایسا بھی آ یا جب اس کا تخلیقی وجدان کا مظہر صریر خامہ جسے نوائے سروش سے تعبیر کیا جاتا تھا، کی جاذبیت اور مقبولیت میں کمی واقع ہوئی۔ ان حالات کے پیش نظر ایس۔ ٹی۔ کولرج نے جب شاعری کے بعد نثر میں طبع آ زمائی شروع کی توتخیل کی شادابی کا مظاہرہ کرنے والوں کو قیاس آرائیوں اور تخمین و ظن کے لیے زرخیز قطعۂ افکار میسر آ گیا۔ اُن کا خیال تھا کہ ادبی مسافت طے کرتے وقت ایس۔ ٹی۔ کولرج نے تنقید کو زاد راہ بنانے کا فیصلہ شاید اس لیے کیا ہے کہ ممکن ہے یہ تنقیدی فعالیت اُس مسئلے کا حل ثابت ہو جو اُس کی شاعری کی اثر آ فرینی اور مقبولیت میں کمی کے باعث پیدا ہوا۔ سبک نکتہ چینی کو شعاربنانے والوں کا خیال تھا کہ ایس۔ ٹی۔ کولرج نے اپنی نثرکو شاعری کے متبادل کے طور پر پیش کیا ہے کہ شایداِس کے وسیلے سے گہنا جانے والی شہرت اور مقبولیت کا ازالہ کیا جا سکے۔ والد کی وفات کے بعد اسے ایسا محسوس ہوا جیسے سورج سوا نیزے پر آ گیا ہو اور سر پر کوئی سایہ بھی نہ ہو۔ لندن جیسے شہر نا پرساں کی گلیوں میں ناشاد و ناکارہ پھرنے والا منزل سے نا آشنا یہ نوجوان اپنے من کی غواصی کر کے یہی پوچھتا کہ اے غم دل کیا کروں؟ سرابوں کے عذابوں کی زد میں آ کر اجنبی سی منزلوں کی بے مقصد جستجو میں انہماک کا مظاہرہ کرنے و الے اس پریشاں حال نوجوان کی زندگی وقفِ آلام ہو کر رہ گئی۔ ان حالات میں اس نے تزکیۂ نفس کی خاطر پرورش لوح و قلم میں غیر معمولی دلچسپی لینی شروع کر دی اورتحقیق و تنقید میں اپنے فقید المثال کار ناموں سے دنیا کو حیرت زدہ کر دیا۔ وہ اپنے غم کا بھید نہیں کھولنا چاہتا تھا اس لیے اس نے اپنے آ نسو اشعار کے خوش رنگ دامنوں میں چھپانے کا تہیہ کر لیا۔ رومانوی عہد کے اس موثر مگر متنا زع ادیب نے شاعری اور نثر نگاری میں اپنی الگ راہ نکالی۔ بائیو گرافیا لٹریریا میں اس کے تنقیدی خیالات میں مثالیت پسند جرمن فلاسفروں کے خیالات کی باز گشت سنائی دیتی ہے۔ اسی مقام پر پہنچ کر ادب کا سنجیدہ قاری جائز طو پر مستعا رلیے گئے خیالات اور سرقہ میں پائی جانے والی لکیر کو دھندلاتا ہوا محسوس کر کے تخلیق کار کی کاوش کے طبع زاد، اصلی اور حقیقی انداز کے بارے میں اپنی رائے بدلنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔ موجودہ دور میں بھی سندی تحقیق کے سلسلے میں یہی لرزہ خیز اور اعصاب شکن کیفیت دکھائی دیتی ہے۔ وقت کے اس سانحہ کو کس نام سے تعبیر کیا جائے کہ ردائے دُزدی اوڑھ کر درِ سفلگی پر ہنہنانے والے حمار اور چربہ ساز بونے زینۂ سرقہ پر سینہ تان کر اپنے تئیں باون گزے ثابت کرنے پر تُل جاتے ہیں۔ قلزمِ خیال کو گندی مچھلیوں، گلشنِ ادب کو کالی بھیڑوں، فضائے علم کو سفید کووں اور غذائے تخلیق کو گلے سڑے انڈوں نے عفونت و سڑاند کی بھینٹ چڑھا دیا ہے۔ بروٹس (Brutus) قماش کے مارِ آ ستین سفہا اور اجلاف و ارذال جعل ساز تو اپنے مکر کی چالوں سے بازی لے جاتے ہیں مگر وقت کے سب الم نصیب جولیس سیزر (Julius Caesar) خلوص و ایثار کے باوجود مات کھا جاتے ہیں۔ دس سال تک (1810-1820) یہ دیو قامت ادیب بونوں میں گھِرا رہا۔ جس وقت سادیت پسندی کے روگ میں مبتلاسب کینہ پرور لوگ لوگ سنگِ ملامت لیے نکل آئے تو ایس۔ ٹی۔ کولرج نے ہدفِ تنقید بننے والی اپنی شاعری سے توجہ ہٹا لی اور ذہنی اذیت سے بچنے کی خاطر تنقیدی نثر پر توجہ مرکوز کر دی۔ ولیم شیکسپئیر پر اس کی حیرت انگیز تشریحات کے مظہر لیکچرز (مطبوعہ 1856) جو رومانوی تنقید کی عمدہ مثال ہیں اسی عہد کی یادگار ہیں۔ یہاں مناسب ہو گا کہ پر آشوب حالات میں ایس۔ ٹی۔ کولرج کی کٹھن زندگی کے نشیب و فرا زسے متعلق اُس کے اِس حیران کن اعتراف پر بھی نظر ڈالی جائے جو اس نے اپنی اہم تصنیف (BIOGRAPHIA LITERARIA) میں کیا ہے۔
Well were it for me, perhaps, had I never relapsed into the same mental disease; if I had continued to pluck the flower and reap the harvest from cultivated surface, instead of delving in the Unwholesome quick silver mines of metaphysic depths. But if, in after time, I have sought a refuge from bodily pain and mismanaged sensibility, in abstruse researches, which exercised the strength and subtlety of the Understanding without awakening the feelings of the heart; still there was a long and blessed interval, during which my natural faculties were allowed to expand, and my original tendencies to develop themselves; my fancy, and love of nature, and sense of beauty in forms and sounds. (1)
تخیل (Imagination) اور واہمہ (Fancy) جیسی لطیف اور گہری معنویت کی حامل اصطلاحات کے مفاہیم کے تعین میں ایس۔ ٹی۔ کولرج نے تنقید میں اپنے ذوق سلیم کا ثبوت دیا ہے۔ رومانی تنقید کے نمائندہ بنیاد گزار کی حیثیت سے اُس نے جذبات و احساسات، اظہار و ابلاغ اور زبان و بیان کے ارفع معائر کے علاوہ شاعر کی فطری جبلت اور فطرت کے مظاہر سے دلچسپی کے بارے میں فکر پرور اور خیال افروز مباحث کا آغاز کیا۔ اس نے شاعرانہ اسلوب کے حوالے سے طریق کار کو بہت اہمیت کا حامل قرار دیا ہے۔ اس کا خیال ہے کہ یہ فلسفیانہ اصولوں کا امین طریق کار ہی ہے جو کسی ادب پارے کو مقاصد کی رفعت کے لحاظ سے ہم دوشِ ثریا کرنے کا موثر ترین وسیلہ ثابت ہوتا ہے۔ ایس۔ ٹی۔ کولرج نے دِل بینا کی اہمیت کو سمجھنے پر زور دیا، اس کا خیال ہے کہ بصارت کبھی بصیرت کی جگہ نہیں لے سکتی۔ مظاہر فطرت کی صورت میں خالق کائنات کی عظمت اور تخلیق کائنات کے مقاصد کی رفعت کی لا تعداد نشانیاں ہمارے سامنے موجود ہیں مگر کوئی ان کا راز سمجھنے کی سعی نہیں کرتا۔ قحط الرجال نے نوع انسان کو ہوس، خود غرضی اور موقع پرستی کی بھینٹ چڑھا دیا ہے۔ ضعف بصارت کے اِس دور میں ہر ضعیف سیزر کو محسن کش بروٹس کا سامنا ہے اور سہراب کو ٹھکانے لگانے کے لیے شقی القلب باپ کی صورت میں رستم خنجر آ زما ہے۔ وقت کے ایسے حادثات کا قلق ایس۔ ٹی۔ کولرج کی تحریروں میں موجود ہے۔ تاریخ کا یہی تو واحد سبق ہے کہ لمحۂ موجود تک بھی فرد نے کبھی تاریخ سے سبق سیکھنے کی کوشش ہی نہیں کی۔ بڑھتی ہو ئی بے حسی کے نتیجے میں معاشرے میں کور مغز، گونگے اور بہرے سفہا اور اجلاف و ارذال ہر طرف ہنہناتے پھرتے ہیں مگر ستم کشِ سفرر ہنے والے حساس انسانوں کا کوئی پرسان حال ہی نہیں۔ آنکھوں پر ٹھیکری اور دِل پر پتھر رکھنے والے جلاد منش درندوں نے انسانیت کو ناقابلِ اندمال صد مات سے دو چار کر دیا ہے۔
تخلیق ادب اور تنقید میں ایس۔ ٹی۔ کولرج اور ورڈز ورتھ کی دوستی کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ یہی وہ دور ہے جب ایس۔ ٹی۔ کولرج نے نظم ونثر میں اپنی زندگی کی یادگار تخلیقات پیش کیں۔ اس نے انگریزی زبان کے رومانوی شاعر ولیم ورڈز ورتھ (1770-1850 William Wordsworth) کے رومانوی خیالات سے الگ راہ نکالی۔ ایس۔ ٹی۔ کولرج کے خیالات میں توازن اور اعتدال کی جو کیفیت ہے وہ ورڈز ورتھ کے ہاں موجود نہیں۔ منظوم قصوں کے حوالے سے ایس۔ ٹی۔ کولرج نے بالعموم ان کرداروں پر توجہ دی ہے جن کا تعلق رومانی یا مافوق الفطرت عناصر سے ہو۔ اس کی خواہش تھی کہ تخلیق کار اپنے تخلیقی وجدان اور شعری یقین کے اعجاز سے گل دستۂ معانی کو ایسے خاص ڈھنگ سے باندھ سکتا ہے کہ ایک گل تر کا مضمون سو رنگ سے سماں باندھ سکتا ہے۔ تخلیق کار کو چاہیے کہ فطری دروں بینی کی مظہر انسانی دلچسپیوں کی حقیقت پسندانہ مرقع نگاری کرتے وقت حرف صداقت کو مقیاس ٹھہرایا جائے۔ حقیقت کی ایسی دل کش جھلک سائے اور سراب سے نجات دلا کر غیر یقینی صورتحال کے مسموم اثرات کا خاتمہ کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔ ولیم ورڈزورتھ نے حسن و رومان کے عہد و پیمان کے بارے میں جو انتہا پسندانہ موقف اختیار کیا ایس۔ ٹی۔ کولرج نے اس سے اختلاف کیا۔ ولیم ورڈز ورتھ کے شعری اسلوب کے بارے میں ایس۔ ٹی۔ کولرج نے لکھا ہے:
Mr. Wordsworth, on the other hand, was to propose to himself as his object, to give the charm of novelty to things of every day, and to excite a feeling analogous to the supernatural by awakening the mind’s attention from the lethargy of custom, and directing it to the loveliness and wonders of the world before Us; an inexhaustible treasure, but for which, in consequence of the film of familiarity and selfish solicitude we have eyes, yet see not, ears that hear not, and hearts that neither feel nor Understand. (2)
عملی زندگی میں انسان کی استعدادِ کار، جہد و عمل کی صلاحیت اور معاشرتی زندگی میں ان کی قدر و منزلت کے بارے میں ایک قابل فہم اور قابل عمل طریق کار مرتب کرنا تخلیق کار کے فرائض منصبی میں شامل ہے۔ وہ جانتا ہے کہ اس عالمِ آب و گِل کے سارے مظاہر اور اس کا نظام ربط باہمی کے آ ئینہ دار ہیں۔ وہ زندگی کے معمولات اور مظاہر کائنات کو غور سے دیکھ کر فکر و خیال کی نئی شمعیں فروزاں کرتا ہے۔ اس عمل میں وہ ایک مسحور کن امتزاجی استعداد کے بل پر ہر کام انجام دیتا ہے اسی کا نام تخیل ہے۔ یہ انسان کو رخشِ حیات کی روانی، زندگی کی حشر سامانی اور وادی ٔ خیال میں مستانہ وار گھومنے کے پس پردہ کار فرما عوامل کے متعلق تمام حقائق سے روشناس کراتا ہے۔۔ جامد و ساکت مجسموں کے سامنے جان دار انسانوں کے مصائب و آلام کا احوال بیان کرنا موجودہ دور کا ایک لرزہ خیز المیہ ہے۔ ایک جری تخلیق کار زندگی کو فریب سود و زیاں کے اندیشے سے برتر سمجھتے ہوئے دلوں کو ایک ولوۂ تازہ عطا کرنے کی سعی پر اپنی توجہ مرکوز کر دیتا ہے۔ برطانوی دانش ور ایڈورڈ کیسلر (Edward Kessler) نے لکھا ہے:
Denying himself the honorific title of poet, Coleridge proceeded to create a “poetry of being” that could appear in prose as well as in poems, in sustained discourse or as momentary fragments of apercus. His energy was not diverted from poetry, but was spent in bringing poetry into service of Being, in making it follow the “working of the mind”, regardless of whether the result was made visible as a conventional poetic form, a finished product. (3)
برطانوی نقاد ولیم ہیزلٹ (: 1778-1830 William Hazlitt) نے ایس۔ ٹی۔ کولرج کو منحرف قرار دیتے ہوئے اس کے اسلوب پر جو گرفت کی ہے وہ بے حد کم زور ہے۔ ہیزلٹ کا خیال ہے کہ کالرج کسی نتیجے پر نہیں پہنچتا۔ وہ آفاقی نوعیت کی بصیرت اور ذہن و ذکاوت کا قائل ہے مگر حیران کن بات یہ ہے کہ اس کی کارگہ فکر شاعری اور نثر میں معلق ہو کر رہ گئی ہے۔ وہ شاعری اور نثر کے مقام کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ صادر کرنے میں تذبذب اور تامل کا شکار ہے۔ تاہم کالرج کے بارے میں پائے جانے والے اس تاثر میں کوئی صداقت نہیں کہ وہ ایک ناکام شاعر تھا۔ نثر اور نظم کی حدود اور اثر آفرینی کی صراحت کرتے ہوئے ایس۔ ٹی۔ کولرج نے مدلل انداز میں حقائق کی گرہ کشائی کی ہے۔ اس کا خیال ہے کہ ایک نثر نگار اپنے مافی الضمیر کے اظہار کے لیے جن الفاظ کا انتخاب کرتا ہے وہ انھیں بہترین ترتیب کے ساتھ زیب قرطاس کرتا چلا جاتا ہے۔ شاعر کا معاملہ جداگانہ ہے وہ شاعری کے آفاقی جوہر کی اہمیت اور ہمہ گیر افادیت کو سمجھتا ہے۔ اپنی نوعیت کے لحاظ سے شاعری ایک ایسی مثالی چیز ہے جو کسی اتفاقی چیز کو لائق اعتنا نہیں سمجھتی۔ اس لیے شاعری اتفاقی چیز سے متاثر ہوئے بغیراس سے گریزاں رہتی ہے اور جدت و تنوع کو زادِ راہ بناتی ہے۔ شاعر اظہار و ابلاغ کا جو منفرد انداز اپناتا ہے اس میں بہترین الفاظ کا انتخاب کر کے انھیں بہترین ترتیب کے ساتھ اپنے کلام کی زینت بناتا ہے۔
تخلیق فن کے لمحوں میں ایک با صلاحیت شاعر اپنے علم و فضل اور بصیرت کو رو بہ عمل لا کر اس انگارۂ خاکی کو کیف ومستی سے لبریز ایسی وجدانی و روحانی کیفیت سے آشنا کرتا ہے جس سے زندگی کی تاب و تواں میں اضافہ ہوتا ہے۔ انسان کی خدا داد صلاحیتوں اور پوشیدہ استعداد کار کو مہمیز کر کے شاعر جمود کے خاتمے اور سعیِ پیہم کو یقینی بناتا ہے۔ کیفیت قلبی اور روحانی کی مظہر اپنی شاعری میں ایس۔ ٹی۔ کولرج نے فلسفہ اور مذہب کے مطالعہ سے حاصل ہونے والے پر جوش نتائج اور حاشیۂ خیال میں اُبھرنے والے تصورات کو بھی شامل کیا ہے۔ ریمنڈا موڈیانو (Raimonda Modiano) نے لکھا ہے:
These and many other projects show that how persistently Coleridge relied on nature as a source of new material for his poetry .As late as 1826, when he seemed to have exhausted all resources of poetic survival, he was still responding sharply enough to a landscape to feel impelled to write in his notebook a few line of verse. And yet to his friends and contemporaries Coleridge did not appear as a man who had a serious attachment to nature, being too engrossed in metaphysical studies to take notice of, Nature’s living images. (4)
بائیو گرافیا لٹریریا میں کالرج نے متخیلہ (Imagination)کی جو تھیوری پیش کی ہے اس نے ادبی تنقید پر گہرے اثرات مرتب کیے۔ اس نے ورڈزورتھ کی نظم ’’Guilt and Sorrow‘‘ کے مطالعہ کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا کہ اپنی نوعیت اوراثر آفرینی کے لحاظ سے تخیل (Imagination) اور واہمہ (Fancy) دو الگ الگ شعبے ہیں۔ کالرج نے تخیل کی جن دو اقسام کی طرف متوجہ کیا ہے ان کی تفصیل درج ذیل ہے:
(۱)۔ اولین متخیلہ (Primary Imagination )اس عالم آب و گِل کے محض بیرونی مظاہر سے حواس خمسہ کے وسیلے سے مختلف احساسات کشید کرنے کی صلاحیت سے عبارت ہے۔ انسانی دماغ اس دنیاکے خارجی مظاہر سے غیر ارادی اور لا شعوری طور پر حواس خمسہ کے ذریعے تاثرات اور احساسات قبول کرنے میں ہمہ وقت مصروف رہتا ہے۔ اولین متخیلہ آفاقی نوعیت کا حامل ہے اور تمام با ہوش افراد اس سے متمتع ہیں۔
(۲) ثانوی متخیلہ (Secondary Imagination) اپنی نوعیت کے اعتبار سے یہ ایک انو کھا اور خاص وصف ہے جس کا تعلق تخلیقی فن کار سے ہے۔ یہ در اصل اولین متخیلہ کی باز گشت ہے جو تخلیق کا کے فکر و خیال کو تخلیق کی شکل عطا کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ ثانوی متخیلہ ان معلومات، جذبات و احساسات کو زادِ راہ بناتا ہے جو اولین متخیلہ کی عطا ہیں۔ تخلیق کار اپنے ذہن و ذکاوت اور قوتِ ارادی کو بروئے کار لاتے ہوئے تخلیق فن کے لمحوں میں کون بن کے رگِ سنگ میں اترنے کی تمنامیں اولین متخیلہ کو خونِ دِل سے نکھارنے کی سعی کرتا ہے۔ ثانوی متخیلہ ایسی صلاحیت ہے جس کے معجز نما اثر سے روح اور قلب کے احساس و ادراک، قوت ارادی، ذہانت، جذبات اور داخلی و خارجی کیفیات کو ہم آہنگ کرنے میں مدد ملتی ہے۔ یہ ثانوی متخیلہ ہی ہے جو جذبِ دروں کے ذریعے معروضی حقائق کو موضوعی معاملات، طبعی اور مادی مسائل کو روحانی و قلبی کیفیات کے تناظر میں دیکھنے پر مائل کرتا ہے۔ (5)
اولین اور ثانوی متخیلہ میں مدارج، دائرۂ عمل اورطریق کار کافرق ہوتا ہے۔ قوت واہمہ (Fancy )اور قوت متخیلہ دو مختلف نو عیت کی سر گرمیاں ہیں۔ رنگ، خوشبو اور حسن و خوبی کے نئے استعاروں کے سوتے متخیلہ ہی سے پھوٹتے ہیں۔ اس کائنات کے بیرونی مظاہر سے موصول ہونے والے مشاہدات کے تاثرات سے متخیلہ نئے انداز سے حسن کاری پر توجہ دیتا ہے۔ قوت واہمہ کو تخلیقی قوت نہیں سمجھنا چاہیے بل کہ اس کی حیثیت محض ایک یادداشت کی سی ہے۔ قوت واہمہ بیرونی سجاوٹ ہے جس کے تغیر پذیر ہونے میں ارادے کی تجربی مساعی کا گہرا عمل دخل ہے جب کہ تخیل کو تخلیق کی روح رواں سمجھنا چاہیے۔ ادب میں مافوق الفطرت عناصر کی موجودگی پر کالرج کو تشویش تھی۔ اس کا خیال تھا کہ توہم پرستی اور رسوم و رواج کے قلزم میں ڈوبے ہوئے اذہان کی بیداری وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔ ایک پر عزم تخلیق کار کو مافوق الفطرت عناصر کے ذکر سے اپنی تحریر کو آلودہ نہیں کرنا چاہیے بل کہ فطرت کی صداقتوں کے امین مظاہر پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیے۔ اس کی تمنا تھی کہ فطرت کی ازلی و ابدی صداقتیں اور عجائبات کائنات ہر لحظہ نیا طُور نئی برق تجلی کاجو منظر سامنے لاتی ہیں تخلیق کارکو اُنھیں اپنے فکر و خیال کی اساس بنانا چاہیے۔
جمالیاتی حقائق کے بارے میں کولرج کے خیالات اس کی انفرادیت کے مظہر ہیں۔ حسن کے متعلق کالرج کی یہ رائے تھی کہ یہ صداقت کا ایسا خط تصویری ہے جس کے معجز نما اثر سے فوری مسرت و شادمانی کا حصول ممکن ہے۔ یہ حسن ہی ہے جو روحِ فطرت اور انسانی روح کے خاموش راز و نیاز کا دِل کش مرقع ہے۔ حسن کے حقیقی جوہر کا راز زندگی اور ہئیت کے متحد ہونے میں پنہاں ہے۔ دماغ کو کالرج ایک ایسی اہم صداقت کا نام دیتا ہے جو قلب انسان کو احساس کی دولت سے مالا مال کر دیتا ہے۔ انسانی دماغ اور قلب میں سدا کشمکش کی کیفیت جاری رہتی ہے۔ کبھی تو سوز و سازِ رومی اور کبھی پیچ و تاب رازی کا ماحول بن جاتا ہے۔ ذوقِ سلیم (Taste)کے بارے میں کولرج کے خیالات نہایت واضح ہیں۔ اس کا خیال ہے کہ ذوق سلیم شادی و غم کے توام احساس کا نام نہیں۔ وہ اس جانب متوجہ کرتا ہے کہ ذوقِ سلیم کی نمو میں معروضی اشیا کا عقلی ادراک کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ عملی زندگی میں معروضی حقائق سے وابستہ اشیا کا عقلی ادراک جب بے پایاں مسرت اور وفورِ غم کے احساس کا آئینہ دار ہو تو ذوق سلیم کی جلوہ گری پتھروں سے بھی اپنی تاثیرکا لوہا منو الیتی ہے۔ کِشت جاں میں ذوق سلیم کی نمو کے لیے وسعت نظر اورعالمی کلاسیک کا مطالعہ ناگزیر ہے۔
تخلیق فن میں اختراع اور استعداد کے جداگانہ مقام کے متعلق کالرج نے واضح کیا ہے کہ اختراع تو فطری ہے جب کہ استعداد اکتسابی ہے۔ اپنی نوعیت کے اعتبار سے اختراعی ذہن در اصل معروضی اور غیر ذاتی ہوتا ہے جسے کسی خاص حصار میں مقید رکھنا بعید از قیاس ہے۔ اس عالمِ آب و گِل کے جملہ مظاہر اور اشیا اس کی دسترس میں ہیں۔ لا شعوری عمل میں بھی ذہنی اختراع کی جلوہ گری اس کی ہمہ گیر کار کردگی کا ثبوت ہے بل کہ یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ اپنی نوعیت کے لحاظ سے لا شعور بھی اختراعی ذہن کی ایک حیران کن اختراعی قوت کی مثال ہے۔ استعداد اور متصورہ اشیا کو یک جان دیکھنے پر اپنی توجہ مرکوز رکھتی ہیں اور اسی پر اکتفا کر کے گزر اوقات کر لیتی ہے۔ اختراع کو استعداد کی اور متخیلہ کو متصورہ کی احتیاج ہوتی ہے۔ تخلیقی قوت کو اختراع اور متخیلہ کے تضادات کو حل کر کے ایک وحدت میں سمو دینے پر قدرت حاصل ہونی چاہیے۔ تخلیقی فعالیت میں احساس ترفع کو کالرج نے ایک داخلی احساس سے تعبیر کیا۔ احساس ترفع تخلیق کار کو ایسا ولولۂ تازہ عطا کرتا ہے جو تخلیق فن کو مقاصد کی رفعت کے لحاظ سے ہم دوشِ ثریا کر دیتا ہے۔ اس کا خیال ہے کہ احساسِ ترفع کے منابع نہ تو اجزا میں ہیں اور نہ ہی کُل میں بل کہ یہ تو ایک ایسی لا محدود اور بے کنار وحدت کا نام ہے جو سرحدِ ادراک سے بھی آگے نکل جاتی ہے۔ اُس کے خیالات سے یہ تاثر ملتا ہے کہ وہ احساس ترفع کو ایسی کُلی وحدت سمجھتا ہے جو مجموعی تکمیل کے روپ میں جلوہ گر ہو کر نگاہوں کو خیرہ کر دیتی ہے۔ جس وقت ایک تخلیق کاراضطراب کے غیر معمولی واقعات کی زد میں ہوتا ہے تو تزکیۂ نفس کی خاطر پرورشِ لوح و قلم پر مائل ہوتا ہے۔ ایک درد آشنا شاعر ید بیضا کا معجزہ دکھاتے ہوئے ایام طفولیت کی سادگی کا شباب کے ولولوں سے لبریز باب سے انسلاک کر کے آنے والے دور کی ایک دھندلی سی تصویر دکھاتا ہے۔ اپنے مزاج کے اعتبار سے شاعربھی عجیب مجموعۂ اضداد ہے اس کی شخصیت میں طفل و جواں اور فلسفی کا رنگ و آہنگ دیکھ کر عقل محو تماشائے لب بام رہ جاتی ہے۔
اپنی تنقیدی تحریروں میں کالرج نے ادب کے تمام پہلوؤں پر توجہ دی ہے۔ ادب کے دو پہلو نہایت اہم ہیں ایک کا تعلق تو مواد یا موضوع سخن سے ہے جب کہ دوسرے کا تعلق فکر و خیال تجربات و تصورات سے ہے۔ مواد کے حصول کے لیے ایک معاملہ فہم تخلیق کار خوب سے خوب تر کی جستجو کو اپنا مطمح نظر بناتا ہے۔ وہ نوائے سروش کو صریر خامہ میں منتقل کرتے وقت اُسے ایسا نکھار عطا کرتا ہے کہ اس کی اثر آفرینی روح اور قلب کی گہرائیوں میں اُتر جائے۔ اگر تخلیق کار دستیاب مواد کی تزئین و آرائش میں ناکام رہتا ہے تو اُس کی تخلیقات پر کشش نہیں ہو سکتیں اور یوں بلبلِ شوریدہ کا نالہ خام رہ جاتا ہے۔ ادب پارے کی شکل کو جاذب نظر بنانے کی خاطر تخلیق کار آہنگ، وزن اورطرز کلام پر توجہ دیتا ہے۔
ایس۔ ٹی۔ کولرج کی عالمانہ تنقید، وسیع پیمانے پرکی جانے والی علمی اور ادبی خدمات انگریزی ادب میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ عالمی ادب میں ایس۔ ٹی۔ کولرج کی فکر رسا کی بازگشت ہر عہد میں سنائی دیتی رہی ہے۔ انگریزی زبان کے ایک نقاد، مورخ اور دانش ور جارج سینٹس بری (: 1845-1933 George Saintsbury) کا خیال ہے کہ تنقید میں ایس۔ ٹی۔ کولرج کا مقام اس قدر بلند ہے کہ کوئی اس کا شریک وسہیم نہیں۔ اس کا خیال ہے کہ ایس۔ ٹی۔ کولرج کا نام افق ادب پرضو فشاں فلسفیوں، دانش وروں، ادیبوں اور نقادوں کی وہ کہکشاں جس میں یونانی فلسفی ارسطو (Aristotle) اور یونانی نقاد لان جائنس (Longinus) جیسے عظیم دانش ور شامل ہیں اس میں ایس۔ ٹی۔ کولرج کا نام بلا تامل شامل ہونا چاہیے۔ (6)ایس۔ ٹی۔ کولرج کے تنقیدی اسلوب میں تجزیات کا جرأت مندانہ انداز قابل غور ہے۔ اس کی خصوصیت، داخلی کیفیات کی امین موضوعیت، موقع و محل کی مناسبت سے ذاتی یادوں اور فریادوں کی ہمہ گیر کیفیت، پامال راہوں سے بچ کر آگے چلنے کی کاوش، بر محل قصے کہانیاں اور مسرور کن اسلوب کا کرشمہ دامن دِل کھینچتا ہے۔ تاریخ ادب ہر دور میں اس ذہین ادیب کے فکر و خیال کی جولانیوں اور تنقید و تخلیق کے شعبے میں ابد آشنا کامرانیوں کی بنا پر اس کا احترام کرے گی۔
٭٭
مآخذ:
1. S.T.Coleridge: Biographia Literaria, Leavitt, Lord & Co. Bostan, 1834, Page 16
2. S.T.Coleridge: Biographia Literaria, Vol II, OxfordUniversity Press, London, 1973, Page 6 .
3. Edward Kessler: Coleridge’s Metaphor of Being, Princeton University press, New Jersy, 1979, Page 4
4. Coleridge &The Concept Of Nature, Macmillan Press, LTD. London, 1985, Page 4. Raimonda Modiano:
5. S.T.Coleridge: Biographia Literaria, Chapter XIII, Page 172
6. Richard Holmes: Coleridge: Early Visions, 1772-1804, Penguin, U.S.A, 1990, Page 151
٭٭٭