برطانیہ سے تعلق رکھنے والا ثقافتی نقاد، شاعر اور ادیب میتھیو آرنلڈ (1822-1888) ایک ادبی گھرانے میں پیدا ہوا۔ وہ ممتاز ماہر تعلیم تھامس آرنلڈ (Thomas Arnold) کا سب سے بڑا بیٹا تھا۔ تھامس آرنلڈ مشہور تعلیمی ادارے رگبی کا ((Rugby School صدر معلم تھا۔ میتھیو آرنلڈ نے کچھ عرصہ انسپکٹر مدارس کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ اس کا ایک بھائی ٹام آرنلڈ (Tom Arnold) تھا جو ادبیات کا پروفیسر تھا۔ دوسرا بھائی ولیم ڈیلافیلڈ آرنلڈ (William Delafield Arnold) ناول نگار تھا۔ سماجی مسائل پر لکھنے والے اس ادیب نے قارئین ادب میں عصری آگہی پروان چڑھانے کی مقدور بھر سعی کی۔ انگریزی ادب کی تاریخ میں میتھیو آرنلڈ کو ممتاز مقام حاصل ہے۔ اس نے ادبی تنقید کو جن نئی جہات سے آشنا کیا ان میں تعلیم، مذہب، ادب، سماج اور معاشرہ شامل ہیں۔ اپنی موثر تحریروں میں اس نے مسائلِ زیست کے بارے میں اپنے نظریات کا کھل کر اظہار کیا ہے۔ اس نے ادبی تنقید کی تنگ دامانی کا مداوا کیا اور زندگی کے کٹھن مسائل کو ادب کے ساتھ وابستہ کر کے جہانِ تازہ تک رسائی کے امکانات کا جائزہ لیا۔ اس کی تنقید کے مطالعہ سے یہ تاثر قوی ہو جاتا ہے کہ تخلیق ادب کے مسائل زندگی کے دوسرے مسائل اور مروّج علوم سے الگ نہیں ہیں۔ ٹی۔ ایس۔ ایلیٹ کے خیال میں میتھیو آرنلڈ کلاسیکی نقاد ہے جب کہ ایس۔ ٹی کولرج کو اس نے رومانی نقاد کا مقام دیا ہے۔ اپنی نوعیت کے اعتبار سے میتھیو آرنلڈ کی کلاسیکیت اس مثالی کلاسیکیت سے مختلف ہے جو فرانسیسی نقاد نکولا بولو دا پروا (Nicolas Boileau-Despréaux: 1636-1711) کے اسلوب میں پائی جاتی ہے۔ میتھیو آرنلڈ کی کلاسیکیت میں رومانیت کا جو انداز موجود ہے اس کا نمایاں ترین پہلو فرد کی اہم حیثیت ہے۔ میتھیو آرنلڈ نے حریت فکر کی مظہر رومانویت میں یونانی فکر کے زیر اثر متوازن آزادی پر اصرار کیا۔
میتھیو آرنلڈ نے سال 1837ء میں رگبی سے ابتدائی تعلیم کا آغاز کیا۔ یہاں سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد اس نے بر طانیہ کی قدیم اور تاریخی جامعہ آکسفورڈ (قائم شدہ 1096) میں داخلہ لیا۔ سال 1844ء میں اس نے بی۔ اے کا امتحان پاس کیا۔ آکسفورڈ میں قیام کے دوران میں میتھیو آرنلڈ نے اس عظیم درس گاہ سے ٹوٹ کر محبت کی یہی وجہ ہے کہ عملی زندگی میں وہ اس وادی ٔ جمیل کی بہت عزت کرتا تھا۔ اس جامعہ سے یہ قلبی وابستگی اس کے معمولات میں محوری حیثیت اختیار کر گئی۔ جب وہ آکسفورڈ میں بالیول کالج (Balliol College) میں زیر تعلیم تھا اُس زمانے میں اُس کی ایک مقبول نظم ’کرومویل‘ (Cromwell) کو شاعری کے ’نیوی گیٹ انعام (Newdigate Prize) سے نوازا گیا۔ اسی جامعہ میں سال 1857ء میں اس کا تقرر شاعری کے پروفیسر کی حیثیت سے ہو گیا۔ اس کے بعد 1861ء میں اُس کو اسی جامعہ میں قدیم یونانی شاعر ہومر (Homer) کی تخلیقات کے تراجم پر مامور کیا گیا۔ ایلیڈ اور اوڈیسی (Iliad and the Odyssey) جیسے کلاسیک رزمیہ نظموں کے تخلیق کارہو مر نے تخلیق ادب میں خلوص، درمندی، ایثار اور وفا کی اہمیت کو اجاگرکیا۔ فرانسیسی نقاد سانت بیو (: 1804-1869 Charles Augustin Sainte-Beuve) کی طرح میتھیو آرنلڈ نے تنقید کو ایک ایسے ’فن‘ کی حیثیت سے دیکھنے پر زوردیا جو کسی بھی لحاظ سے تخلیق سے کم اہمیت و افادیت کی حامل نہیں۔ میتھیو آر نلڈ انگریزی ادب کا ایک کثیر التصانیف ادیب تھا۔ اس کی اہم تصانیف درج ذیل ہیں:
1. Dover Beach (1867),
2. Culture and Anarchy (1869),
3. Essays In Criticism (1865),
4. The Scholar Gipsy (1853),
5. Sohrab and Rustam (1853),
6. Thyrsis (1897),
7. Poetical Works Of Matthew Arnold (1897),
8. The poems of Matthew Arnold (1909),
9. On Translating Homer (1862),
10. The Strayed Reveller: And Other Poems (1849),
11. Dover beach and other poems,
12. On the Study of Celtic Literature (1867),
13. Empedocles on Etna,
14. The Function Of Criticism At The Present Time (1865),
15. The works of Matthew Arnold (1903),
16. Culture and Anarchy and Other Selected Prose,
17. Civilization in the United States (1888),
18. Discourses In America (1885),
19. The Poetry of Matthew Arnold,
20. Mixed Essays (1879),
21. The portable Matthew Arnold,
22. The Popular Education of France (1861),
23. Empedocles on Etna and Other Poems (1852),
24. Merope: A Tragedy (1858),
25. Balder Dead (1855),
26. New Poems (1867),
27. Sweetness and Light (1886),
28. Alaric at Rome
افکارہومر کے شعری اسلوب کے بارے میں کتاب (On Translating Homer) میتھیو آرنلڈ کے ان اہم لیکچرز پر مشتمل ہے جو اُس نے آکسفورڈ یونیورسٹی میں شاعری کے پروفیسر کی حیثیت سے (3 November 1860 to 18 December 1860) کلاس میں دئیے۔ ادبی تنقید کے اپنے اصولوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اس نے ہومر کے تراجم کی اہمیت کو واضح کیا ہے۔ اس نے قارئینِ ادب کو شریف النفس تخلیق کار ہومر کے رواں، تیز اور براہِ راست شعری اسلوب سے متعارف کرانے کے سلسلے میں بہت محنت کی۔ میتھیو آرنلڈ نے ہومر کے اسلوب کا مطالعہ کرتے وقت توہم پرستی پر مبنی پرانے تصورات کو محیر العقول واقعات سے الگ کرنے میں جس مہارت کا ثبوت دیا وہ اپنی مثال آپ ہے۔ اس نے برطانوی شاعر ولیم کاوپر (1731-1800: William Cowper)، اٹھارہویں صدی کے عظیم برطانوی شاعر پوپ (: 1688-1744 Alexander Pope) اور جارج چمپن (C. 1559-1634 George Chapman) کے طرزِ کلام کا موازنہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ان کے انداز بیاں میں فرق ہے۔ ہومر کے ہموار اور موثر اسلوب کی بے ساختگی، شریفانہ انداز، روانی، سرعت اور خلوص اُسے منفرد مقام عطا کرتا ہے۔ زندگی کی برق رفتاریوں نے جدید دور کے انسان کو جس الم ناک سادیت پسندی، افراتفری اور حرص و ہوس کی بھینٹ چڑھا دیا ہے میتھیو آرنلڈ نے اس پر گرفت کی ہے۔ اپنے ان لیکچرز میں میتھیو آرنلڈ نے جنوری 1861ء میں شائع ہونے والی برطانوی دانش ورفرانسس ولیم نیو میں (: 1805-1897 Francis William Newman )کی ہومر کی شاعری کی ترجمہ نگاری پر مشتمل کتاب پر بھی نظر ڈالی ہے۔ ترجمہ نگاری کے حوالے سے میتھیو آرنلڈ کا خیال ہے کہ مترجم کو تخلیق کار کے قاری کو بے خود کر دینے والے انداز حجابانہ کا رمز آشنا ہونا چاہیے۔ اگر مترجم گفتار میں تیزی، رفتار میں وقار، خیال میں ندرت، زبان و بیان پر خلاقانہ دسترس اور اظہار و ابلاغ کی قدرت سے متمتع ہوا تو اُس کے اندازِ شریفانہ کا کرشمہ دامنِ دِل کھینچے گا اور ترجمہ تخلیق کی چاشنی سے مزین ہو جائے گا۔
تخلیق اور تنقید کے بارے میں اس نے لکھا ہے:
“The critical power is of lower rank than the creative. True, but in assenting to this proposition, one or two things are to be kept in mind. It isUndeniable that the exercise of a creative power, that a free creative activity, is the highest function of man; it is proved to be so by man’s finding in his true happiness. But it isUndeniable, also, that, men may have the sense of exercising this free creative activity in other ways in producing great work of literature or art; if it were not so, all but a very few men would be shut out from the true happiness of all men.” (1)
تخلیقی فعالیت کے بارے میں میتھیو آرنلڈ نے اس جانب متوجہ کیا ہے کہ تخلیق کار کا کلاسیکی کردار اس میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ یہاں کلاسیکی کردار کی نوعیت کو پیش نظر رکھنا از بس ضروری ہے۔ اگر کلاسیک کی روایت غیر معتبر ہو تو اس کی جانچ پرکھ پر توجہ مرکوز کر نی چاہیے۔ اس طرح مبہم اور غیر معتبر تخلیقات جنھیں کلاسیک میں شامل کیا گیا انھیں لائق استرداد ٹھہرانے اور انھیں ٹھکانے لگانے میں کوئی امر مانع نہیں ہو گا۔ چربہ ساز، سارق اور کفن دزد عناصر کی جعل سازی کے نتیجے میں اگر کسی پست نوعیت کی تخلیق کو کلاسیک کی حیثیت سے دیکھا گیا تو تنقید کی کسوٹی پر پرکھنے کے بعد اس کی صحیح صورت حال سامنے آ جاتی ہے۔ اس طرح غیر معتبر کلاسیک تاریخ کے طوماروں میں دب جاتی ہیں۔ میتھیو آرنلڈ نے بہترین اسلوب کی حامل بہترین حقیقی کلاسیک کو اپنے عہد کی بہترین نمائندہ تخلیقات سمجھتے ہوئے نہ صرف ان کو بہ نظر تحسین دیکھا بل کہ بہترین انداز میں اُن کی تحسین کرنے پر زور دیا۔ نقاد کے اس عمل کو وہ اس کے بہترین کارنامے سے تعبیر کرتا ہے۔ وہ سمجھتا ہے کہ نقاد اپنی تنقیدی بصیرت کو رو بہ عمل لاتے ہوئے تخلیقات کے بارے میں جو تجزیہ پیش کرتا ہے وہ تخلیقات میں نہاں گنجینۂ معانی کے طلسم کی تفہیم کے سلسلے میں قارئین کے لیے خضر راہ ثابت ہوتا ہے۔ یہ بات بلا خوفِ تردید کہی جا سکتی ہے کہ ہر عہد کی تنقید میں اس رجحان ساز نقاد کے تنقیدی اسلوب کے نشان ملیں گے۔ اُس نے آنے والی نسلوں کے لیے تنقیدی لائحہ عمل مرتب کیا اور ادب پارے کی جانچ پر کھ کے اصول مرتب کیے۔ برطانیہ سے تعلق رکھنے والے اپنے عہد کے ممتاز نقاد، صحافی اور جدیدیت کے بنیاد گزار ادیب سکاٹ جیمز (Rolfe Arnold Scott-James: 1878-1959) نے میتھیو آرنلڈ کی بصیرت افروز اور فکر پرور تنقید کے بارے میں لکھا ہے:
Matthew Arnold did not merely criticize books himself. He taught others how to criticize them. He laid down principles, if he did if he did not always keep the principles he laid down. Nobody, after reading, Essays in criticism, has any excuse for not being a critic.” (2)
کلاسیک کے بارے میں میتھیو آرنلڈ نے لکھا ہے کہ یہ ایسیا بد آشنا تخلیق ہے جسے اندیشۂ زوال نہیں۔ کلاسیک ادیبوں میں ہومر (Homer)، سنسکرت ادب کے تخلیق کار والمیکی (Valmiki) اور فارسی زبان کے مایہ ناز شاعر ابو القاسم فردوسی (C. 940-1020) شامل ہیں۔ کلاسیک کا تعلق کسی ایک خطے یا کسی مملکت سے نہیں بل کہ پوری کائنات سے ہوتا ہے۔ اپنی مشہور کتاب ’ثقافت اور انتشار‘ (Culture and Anarchy) میں اس نے اس امر کی صراحت کر دی ہے کہ ثقافت کاملیت کے عمیق مطالعہ کی متقاضی ہے۔ اس کا اہم ترین مقصد یہ ہے کہ اس عالم آب و گِل کے جملہ مظاہر کا بہ نظر غائر جائزہ لیتے ہوئے فطرت کے مقاصد کی نگہبانی کی جائے اور خالق کائنات کی منشا کے مطابق اِس دنیا کا نظام چلایا جائے۔ اس کا خیال ہے کہ مٹھاس (Sweetness) اور ضیا (Light) وہ اوصاف ہیں جو ہر عہد میں ثقافت کو ممتاز مقام عطا کرتے ہیں۔ ان کے معجز نما اثر سے فہم و فراست، خلوص و مروّت، درد مندی، ایثار اور وفا سے مزین انسانی ہمدردی کے جذبات کو نمو ملتی ہے۔ کاملیت کی جستجو کے بارے میں میتھیو آرنلڈ نے لکھا ہے:
The pursuit of perfection, then, is the pursuit of sweetness and light. He who works for sweetness works in the end for light also; he who works for light works in the end for sweetness also. But he who works for sweetness and lightUnited, works to make reason and will of God prevail. He who works for machinery, he who works for hatred; works only for confusion. Culture looks beyond machinery, culture hates hatred; culture has one great passion, the passion of sweetness and light.(3)
انگریزی ادب پر میتھیو آرنلڈ کی تنقیدی تحریروں کے دُور رس اثرات مرتب ہوئے۔ اس کے تنقیدی اسلوب کا اہم پہلو یہ ہے کہ اس نے اپنے خاص زاویۂ نگاہ سے ادب کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا اور اس کے بارے میں اپنی بے لاگ رائے دی۔ اس کی فکر پرور اور بصیرت افروز تحریروں میں مسائل زیست، معاشرتی اور سماجی زندگی کے نشیب و فراز، تعلیم و تربیت، ادیان عالم، تاریخ اور تخلیق ادب کے بارے میں جن خیالات کا اظہار کی گیا ہے وہ اس کی وسیع النظری کی دلیل ہے۔ اس نے ادب کو زندگی کی تنقید کے حوالے سے دیکھا اور اس کے دائرہ کار کو وسعت دی۔ میتھیو آرنلڈ نے فرانسیسی زبان کے ادب کو کلاسیک کی روح کے قریب قرار دیا۔ فرانسیسی تنقید کو نیا آہنگ عطا کرنے والے نقاد بولو Nicolas Boileau-Despréaux (Nicolas Boileau: 1636-1711)) نے اپنی تحریروں میں جس مثالی کلاسیکیت کا ذکر کیا ہے اس میں فرد کو غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیا گیا ہے مگر میتھیو آرنلڈ کی کلاسیکیت اس سے مختلف نوعیت کی ہے۔ میتھیو آرنلڈ نے رومانی آزادی کو تو بہ نظر تحسین دیکھا مگر اس کے ساتھ ہی اس نے یونانی مفکرین کے زیر اثر رہتے ہوئے رومانی آزادی میں توازن کو برقرار رکھنے پر اصرار کیا ہے۔ میتھیو آرنلڈ کے تنقیدی خیالات کا مطالعہ کرتے وقت جو اہم امور سامنے آتے ہیں ان کا
جائزہ لینے سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ معاشرتی زندگی میں اصلاح کو پیش نظر رکھتے ہوئے میتھیو آرنلڈ کا خیال ہے کہ ادب اور فنون لطیفہ کی اہمیت و افادیت سائنس و ٹیکنالوجی سے وابستہ علوم سے کہیں بڑھ کر ہے۔ اس نے علم و ادب کی جولاں گاہ کو لامحدود قرار دیا۔ اس کا خیال تھا کہ ادب کو جغرافیائی حدود کے حصار میں بند کرنا کسی صورت میں ممکن ہی نہیں۔ ادب کی فضائیں زندگی سے تہی نہیں بل کہ اس کے سامنے سیکڑوں اور آ سمان بھی ہیں۔ ادب کو رنگ، نسل، زبان اور کسی خاص خطے سے وابستہ کرنا اس کی حقیقی قدر و قیمت کو کم کر دیتا ہے۔ فکر انسانی کو میتھیو آرنلڈ بحرِ بے کراں سمجھتا ہے اسے کسی جزیرے کے مانند سمجھنا ایام کا مرکب بن کر ہاتھ پر ہاتھ دھرے منتظر فردا رہنے کے مترادف ہے۔ میتھیو آرنلڈ نے ادب میں جمود، بے عملی اور بے حسی کے خاتمے کی غرض سے جرأت اظہار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ادب کی آفاقی اور کائناتی اہمیت کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں رفتگاں کی یاد اور ان کی تخلیقات کی خوشہ چینی کرتے ہوئے ممتاز جرمن شاعر گوئٹے (: 1749-1832 Johann Wolfgang von Goethe) کی طرح میتھیو آرنلڈ کی مساعی کو ہر عہد میں قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا۔ میتھیو آرنلڈ کی گوئٹے سے قلبی وابستگی اور والہانہ محبت کا سبب یہ ہے کہ اس جرمن شاعر نے قدیم ثقافت اورازمنہ قدیم کے شعرا کی تقلید کو ہمیشہ اپنا نصب العین بنایا۔ ہر قسم کے امتیازات اور تعصبات کو پس پشت ڈال کر وسیع النظری کا ثبوت دیتے ہوئے اس عالمِ آب و گِل کے مظاہر اوریہاں کی اشیاکی حقیقت اور ان کی ماہئیت کی تہہ تک پہنچنے اوراس کی لفظی مرقع نگاری کرنے کا جو انداز گوئٹے نے اپنا یا وہ میتھیو آرنلڈ کو بہت پسند تھا۔ انسان کامل کو جو تصور میتھیو آرنلڈ نے پیش کیا اس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ وہ قدیم مفکرین کے افکار سے متاثر ہے۔ قدیم مفکریں نے انسان کو مجموعی اور کلی حیثیت سے دیکھنے کی تاکید کی جب کہ نئے دور میں انسان کی شخصیت کا صرف جزوی مطالعہ کیا جاتا ہے۔ مرزا اسداللہ خان غالبؔ نے سچ کہا تھا:
بس کہ دشوار ہے ہر کام کا آساں ہونا
آدمی کو بھی میسر نہیں انساں ہونا
تنقیدی مباحث کے حوالے سے میتھیو آرنلڈ نے نقاد کی ذہانت، دیانت، ہرقسم کی عصبیت سے پاک انصاف پسندی، لچک، وسعت نظر، حریت فکر اور جرأت اظہار کو صحت مند تنقید کے لیے ناگزیر قرار دیتا ہے۔ انسان شناسی میں ادب کے کردار کو زیر بحث لاتے ہوئے میتھیو آرنلڈ نے اس امر کی جانب متوجہ کیا ہے کہ ادب انسان کی شخصیت اور کردارکی تعمیر و تشکیل کا فریضہ انجام دیتا ہے۔ یہ ادب ہی ہے جو تعلیم و تربیت، انسان کامل کی تشکیل، عرفان ذات کی صلاحیت، خود آگاہی کے اوصاف، تجربات و مشاہدات کے بعد سوچ بچار، مسائل زیست کی تفہیم اور آثار مصیبت کے احساس سے متمتع کرتا ہے۔ تخلیق ادب میں مواد اور ہئیت کو بہت اہمیت حاصل ہے۔ میتھیو آرنلڈ نے ادب پارے میں مواد اور ہئیت کا توازن اور اعتدال پر زور دیا۔ اس کا خیال تھا کہ اگر تخلیق فن کے لمحوں میں ایک تخلیق کار ارتکازِ توجہ سے مواد اور ہئیت کی وحدت کو یقینی بناتا ہے تو ادب پارہ روح اور قلب کی اتھاہ گہرائیوں میں اُتر جانے والی اثرآفرینی کے اعجاز سے پتھروں سے بھی اپنی تاثیر کا لوہا منوا لیتا ہے۔ جب تخلیق کار اس طرح ید بیضا کا معجزہ دکھاتا ہے تو ایسا ابد آشنا ادب پارہ تخلیق ہوتا ہے جو لوحِ جہاں پر اپنا دوام ثبت کر دیتا ہے۔ تاریخ کے مسلسل عمل پر نظر رکھتے ہوئے میتھیو آرنلڈ نے قدیم ادب کے استحسان پر بھی توجہ دی۔ اس کا خیال ہے کہ ہمارے اسلاف نے اس کائنات کے تمام مظاہر اور اشیا کی حقیقی تفہیم میں اپنے ذہن و ذکاوت کو استعمال کرتے ہوئے جس دیانت اور بے باک صداقت کوشعاربنایا وہ ان کی منصف مزاجی کا ثبوت ہے۔ اپنی تخلیقی فعالیت کے ذریعے ایک زیرک شاعر امر واقعہ کے بجائے بالعموم اپنے تخیل کی جولانیوں سے زندگی کی تنقید اور تعبیر پرتوجہ دیتا ہے۔ شاعر کے اسلوب کے بارے میں میتھیو آرنلڈ نے لکھا ہے:
“Poets who can not work in the grand style instinctively seek a style in which their comparative inferiority may feel itself at ease, a manner which may be, so to speak, indulgent to their inequalities.” (4)
شاعری کی تخلیق کے حوالے سے میتھیو آرنلڈ نے اس حقیقت کی جانب متوجہ کیا ہے کہ شاعر تخلیق فن کے لمحوں میں اشہب قلم کی جولانیاں دکھاتے وقت خیالات کو زادِ راہ بناتا ہے۔ یہ اس کے ارفع خیالات ہی ہیں جن کی اساس پر وہ اپنے افکار کا قصر عالی شان تعمیر کرتا ہے۔ یہ شاعری ہی ہے جو سائنسی علوم کے فروغ اور تکمیل میں ممد و معاون ثابت ہوتی ہے۔ شاعری کی ہمہ گیر اثر آفرینی اور افادیت کو دیکھتے ہوئے مذہب اور فلسفہ بھی شاعری کی کسوٹی سے بے نیاز نہیں رہ سکا۔ اس صورت حال میں مذہب اور فلسفہ کا مطالعہ اور تنقید خضر راہ کا فریضہ انجام دیتی ہے اور منضبط انداز میں خیالات کو اظہار و ابلاغ کے مواقع سے آشنا کرتی ہے۔ شاعر پامال راہوں سے بچتے ہوئے غیر مانوس، ناقابل فہم، دقیانوسی اور ناقابل عمل خیالات کو بارہ پتھر کر کے افکارِ تازہ کی مشعل فروزاں کر کے سفاک ظلمتوں کو کافور کر کے جہانِ تازہ کی جانب روشنی کے سفر کا آغاز کرتا ہے۔ روح اور قلب کی گہرائیوں میں اُتر جانے والے زندگی آموز اور زندگی آمیز خیالات اذہان کی تطہیر و تنویر کا موثر وسیلہ ثابت ہوتے ہیں۔ شاعر کی دلی تمنا ہوتی ہے کہ تخلیق فن کے لمحوں میں وہ خون بن کے رگِ سنگ میں اُتر جائے۔ زندگی کی حرکت و حرارت کی مظہر ایسی شاعری دلوں کو ایک ولولۂ تازہ عطا کر کے فکر و نظر کو مہمیز کرتی ہے۔ ایسی شاعری سنگلاخ چٹانوں، جامد و ساکت پتھروں اور بتوں سے بھی اپنی تاثیر کا لوہا منوا لیتی ہے۔ میتھیو آرنلڈ نے ایسی شاعری کے بارے میں لکھا ہے:
“The future of poetry is immense, because in poetry, where it is worthy of its high destinies, our race, as time goes on, will find an ever surer and surer stay. There is not a creed which is not shaken, not an accredited dogma which is not shown to be questionable, not a received tradition which does not threaten to dissolve. Our religion has materialized itself in in the fact, in supposed fact; It has attached its emotion to the fact, and now the factis failing it. But for poetry the idea is everything; the rest is a world illusion, of divine illusion. Poetry attaches its emotion to the idea; the idea is the fact. The strongest part of our religion to-day is itsUnconscious poetry.(5)
شاعری کا جائزہ لینے کے لیے میتھیو آرنلڈ نے جن تین معائر کی نشان دہی کی ہے ان میں تاریخی جائزہ، ذاتی جائزہ اور حقیقی جائزہ شامل ہیں۔ اُس کا خیال ہے کہ ازمنہ قدیم کے کلاسیکی شعرا کے اسالیب کا تاریخی تناظر میں جائزہ لیتے وقت ان کی قدامت کو غیر معمولی اہمیت دی جاتی ہے۔ رفتگاں کی یاد، قدامت کی قدر اور عقیدت کی رو میں محاکمہ بالعموم صحیح سمت برقرار نہیں رکھ سکتا۔ جہاں تک ذاتی جائزے کا تعلق ہے اس میں بھی نقاد کی ذاتی پسند و نا پسند اور کسی تخلیق کے بارے میں ذاتی ترجیحات کی مظہر غیر محتاط رائے حقائق کی تمسیخ اور صداقتوں کی تکذیب پر منتج ہو سکتی ہے۔ میتھیو آرنلڈ نے تاریخی جائزے اور ذاتی جائزہ کو کبھی لائق اعتنا نہ سمجھا بل کہ حقیقی جائزے کو افادیت سے لبریز قرار دیا۔ اس نے واضح کیا کہ ادب پاروں کا حقیقی جائزہ ہی وہ مقیاس ہے جو تخلیق کے حسن و قبح کو سامنے لانے کا موثر ترین وسیلہ ہے۔ ادب اور فنون لطیفہ کے استحسان کے سلسلے میں حقیقی جائزہ ید بیضا کا معجزہ دکھاتا ہے۔ اسی کے وسیلے سے قاری کسی تخلیق میں موجود رنگ، خوشبو اور حسن و خوبی کے جملہ استعاروں سے آگہی حاصل کر کے ان سے حظ اُٹھا سکتا ہے۔ تخلیق ادب میں شرافت کے مظہر خلوص کی جلوہ گری کے لیے میتھیو آرنلڈ نے سخت نوعیت کا کوئی خاص اصول وضع کرنے سے گریز کیا۔ اس کا خیال تھا بیرونی مداخلت سے مسلط کیے گئے اس قسم کے ناقابل عمل اصول اور سخت قواعد و ضوابط سے تخلیق ادب کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچتا ہے۔ ادب میں عظمت فکر، شرافت، وضع داری اور اثر آفرینی کا تعلق تو تخلیق کار کی خود شناسی، خود اعتمادی، خود احتسابی اور وسعت نظر سے ہے۔ اگر تخلیق کار کذب و افترا اور ریا کاری سے اپنا دامن آلودہ نہ ہونے دے تو ستاروں پہ کمند ڈال سکتا ہے اور تخلیقِ ادب کو مقاصد کی رفعت کے اعتبار سے ہم دوشِ ثریا کر سکتا ہے۔ تخلیق ادب میں تنقید اور ثقافتی اقدار کے اثرات کا جائزہ لیتے ہوئے میتھیو آرنلڈ نے اس جانب اشارہ کیا ہے کہ تنقید اور ثقافت کو ان ان سب عوامل کی گرہ کشائی کرنے پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیے جن سے ماضی اور حال کے خیالات نے نمو پائی۔ اس کے علاوہ یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ وہ سب امور جو اپنی اکملیت کی وجہ سے لوحِ جہاں پر اپنا دوام ثبت کر چکے ہیں ان کی کامیابی کا راز کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ثقافت اور تنقید کو عصبیت و تشدد سے دامن بچاتے ہوئے ان عوامل کا کھوج لگانا چاہیے جن کے باعث سیلِ زماں کے مہیب تھپیڑے ماضی کی متعدد روایات کو خس و خاشاک کے مانند بہا لے گئے۔ اس کا خیال ہے کہ تنقید اس وقت مبہم اور ناقابل عمل صورت اختیار کر لیتی ہے جب اسے اثر پذیری کی تمنا میں چاپلوسی سے آلودہ کر دیا جائے اور پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت قارئین کو ادب پارے کے مطلوبہ مفاہیم تک رسائی اوران پر قانع رہنے کے مالکانہ حقوق تھما دئیے جائیں۔
شرافت، دیانت اور محنت سے مزین عظیم الشان اسلوب کے بارے میں میتھیو آرنلڈ نے یہ بات بر ملا کہی ہے کہ ایسے ابد آشنا اسلوب تک رسائی حاصل کرنا بہت کٹھن مرحلہ ہے۔ ستاروں پر کمند ڈالنے والوں کی سانس راہ ہی میں اُکھڑ جاتی ہے۔ عظیم الشان اسلوب کی وضاحت کرتے ہوئے میتھیو آرنلڈ نے لکھا ہے:
The grand style is the last matter for verbal definition to deal with adequately. One may say of it as is said of faith, one must feel it in order to know what it is. But as of faith, so too one may say of nobleness, of grand style, Woe to those who know it not! Yet this expression, though indefinable, has a charm; one is better for considering it; bonnum est, nos hic esse; nay, loves to try to explain it, though one knows that one must speak imperfectly. (6)
ایک جری نقاد کی حیثیت سے میتھیو آرنلڈ نے جو تنقیدی معائر پیش نظر رکھے وہ اس کی ذہانت اور بے باک صداقت کے مظہر ہیں۔ اس نے تنقید کو جو آہنگ عطا کیا اس کے معیار کے بارے میں دو رائیں نہیں ہو سکتیں۔ یہ امر حیران کن ہے کہ اپنے تنقیدی معائر پر عمل پیرا رہتے ہوئے بھی بعض اوقات وہ بے اعتدالی کا شکار ہو جاتا ہے۔ میتھیو آرنلڈ نے معاشرتی زندگی کے تضادات پر گرفت کی اور معاصر تنقید کی خامیوں کی جانب توجہ دلائی۔ اس کی تنقید پر گوئٹے، رینان اور سانت بیو کے اثرات کا پتا چلتا ہے۔ ادب میں جمالیاتی عنصر کو دبانے کی خاطر اس نے اخلاقی عنصر کی اہمیت و افادیت کو مبالغہ آمیز انداز میں پیش کیا۔ انگریزی زبان کی تنقید میں اخلاقیات کی تدریس کا جو ارفع معیار فلپ سڈنی (1554-1586: Philip Sidney) کی تحریروں میں پایا جاتا ہے وہ میتھیو آرنلڈ کی تحریروں سے زیادہ موثر ہے۔ میتھیو آرنلڈ زندگی بھر نہایت تحمل اور سنجیدگی سے پرورش لوح و قلم میں مصروف رہا۔ کوئی ادبی مہم جُو جب بھی بہتان طرازی اور الزام تراشی کی غرض سے اس کی طرف یلغار کرتا تو وہ اسے بالعموم نظر انداز کر دیتا۔ اس کا خیال تھا کہ نقاد کو اپنے خلاف سادیت پسندی پر مبنی ایسے بغض و عناد، بے معنی حرف گیری اور بے وقعت الزام تراشی کو کبھی لائق اعتنا نہیں سمجھنا چاہیے۔ اس نے واضح کیا کہ شاعری کے نقاد کو بے باک صداقت کو شعار بنانے والا بہترین مدبر، لچک دار سوچ سے متمتع بہترین اعتدال پسند، قابل فہم اور متنوع تصورات کو پروان چڑھانے والا دانش ور، تناقضات کو ختم کرنے والا مصلح اور منصف مزاج مورخ ہونا چاہیے۔ ایک جری نقاد کا تبحر علمی واضح طور پر غلط سمت میں لے جانے والے فرسودہ خیالات پر مبنی جہالت اور جعل سازی کو خس و خاشاک کے مانند بہا لے جاتا ہے۔ عظیم ترین اسلوب کے فروغ کے لیے کام کرنے والے اس نقاد نے ذوق سلیم کی نمو کے لیے جو بے مثال جد جہد کی اس کی بنا پر تاریخ ہردور میں اس کے نام کی تعظیم کرے گی۔ مادی دور کی لعنتوں سے آلودہ ہو جانے والی معاشرتی زندگی کا المیہ یہ ہے کہ چور محل میں جنم لینے والے مارِ آ ستین چور دروازے سے گھس کر جاہ و منصب پر غاصبانہ قبضہ کر لیتے ہیں۔ یہ بونے مختلف سیڑھیاں استعمال کر کے پنے تئیں باون گزے ثابت کرنے پر تُل جاتے ہیں اور رواقیت کے داعی بن کر لاف زنی شروع کر دیتے ہیں۔ ان کے بے سروپا سلسلۂ تکلم کے بارے میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ ان کی جہالت نے ان کی مانگے کی علمیت اور جعلی ڈگریوں پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ جس بے حس معاشرے میں جاہل کو اس کی جہالت کا انعام ملنے لگے وہاں وقت کے اس قسم کے سانحات کو کس نام سے تعبیر کیا جائے۔ عقیدت کی اداکاری کرنے والے طوطا چشم بروٹس کو دیکھ کر کف افسوس ملنے والے وقت کے ہر سیزر کے بارے میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ قدر نا شناس کے ساتھ گزارا جانے والا وقت رائے گاں ہی جاتا ہے۔ چربہ ساز، سارق، جعل ساز، کفن دُزد اور لفاظ حشرات ادب کی کینہ پروری پر مبنی الزام تراشی کے جواب میں میتھیو آرنلڈ نے جو بات کہی تھی وہ صداقتوں کی تکذیب اور حقائق کی تمسیخ کرنے و الے ہر پیمان شکن درندے، دغا باز محسن کش اور برادرانِ یوسف کے لیے نوشتۂ دیوار کے مانندہے:
(7) ” You shall die in your sins ”
٭٭
مآخذ
1. Matthew Arnold: Essays In Criticism, A.L. Burt Company, New York, 1865, Page 3
2. R.A. Scott-James: The Making Of Literature, 262 Page 1946, Martin Secker & Warburg LTD, London,
3. Matthew Arnold: Culture and Anarchy: CambridgeUniversity Press, London, 1932, Page 69
4. Matthew Arnold: On Translating Homer, George Routledge & Sons Limited, London, 1862, Page 49
5. Matthew Arnold: Essays In Criticism, Page 279
6. Matthew Arnold: On Translating Homer Page, 249
7. Matthew Arnold: On Translating Homer, Page 249
٭٭٭
گرہ لگائیں۔ کیا ہے عشق تو اعلان کیوں نہیں کرتے
وھاٹس ایپ گروپ: دیــــــــارمیـــــــــــر سلسلہ : گـــــــرہ لـــــــگائیں تاریخ : 17/9/024 مصرع نمبر: 295 کیا ہے عشق تو اعلان کیوں...