بکھرے بکھرے خیالات کو یک جا کر رہا تھا کہ اچانک یاد آیا تین برس قبل بہرام ٹھگ کا پوتا چوب دار رمجانی ٹھگ پیمانۂ زیست بھر کر ہاویہ کی جانب سدھارا تھا۔ زمین کا بوجھ قدرے کم ہوا ایک ننگ ِ انسانیت درندہ نہایت پُر اسرار انداز میں اپنے انجام کو پہنچا۔سیاہی وال شہر کے بس سٹاپ کے مشرق میں ایک پٹرول پمپ ہے اس سے ملحق ایک تنگ و تاریک کُوچہ ہے جہاں دِن کے وقت بھی اندھیرے مسلط رہتے ہیں۔اِسی گلی میںرمجانی ٹھگ کا عقوبت خانہ، چنڈوخانہ اور قحبہ خانہ ہے جہاں وہ اپنی نائکہ بیوی تفسہہ کے ساتھ گزشتہ چالیس برس سے دادِ عیش دے رہا تھا۔نائکہ تفسہہ پیشے کے اعتبار سے معلمہ تھی مگراپنے آبائی دھندے قحبہ خانے میں وہ زیادہ دلچسپی لیتی تھی ۔اس عیار نائکہ کے قحبہ خانے میں آنے والے سب مست بندِ قبا سے بے نیاز ہو کر سر ِشام ہی جنس و جنوں کی وادی میں مستانہ وار گھومنے اورہر مغنیہ کی تان اور نیم عریاں لباس پہنے ہر رقاصہ کے رقص کی آواز پر جُھومنے لگتے۔ جو بھی دولت مند نوجوان ان ٹھگوں کے قحبہ خانے کی سیڑھی پر چڑھتا وہ جنسی جنون اور منشیات کا عادی بن جاتا ،کوڑی کوڑی کا محتاج ہو جاتا اور چند ماہ کے بعد اس کے بعد سسک سسک کر دم توڑ دیتا۔رمجانی ٹھگ اور نائکہ تفسہہ نے اپنے قحبہ خانے میں کام کرنے والی طوائفوں خاتمی ،جامنی، شگن،سمن،مسبی اور محافظۂ رومان مصبہا بنو کے ذریعے گردو نواح کے شہروں اور قصبات کے ہزاروں گھر بے چراغ کر دئیے ۔ ان شقی القلب لُٹیروں کے مکر کی چالو ںسے مظلوم انسانوں کی زندگی کی سب رُتیں بے ثمر ،کلیاں شرر ،آہیں بے اثر ،زندگیاں پُر خطر اور جُھگیاں خوں میں تر ہو گئیں ۔مظلوموں کی آہوں کے نتیجے میںپہلے تشفی کنجڑے ،اس کے بعد کہرام ٹھگ اور اب رمجانی ٹھگ کی ہلاکت کی خبر سُن کر شہر کے ایک متشاعر نے بر ملاکہا :
مقامِ شکر ہے اِک ایک کر کے
سبھی کرگس اُڑائے جا رہے ہیں
سسلین مافیا سے تعلق رکھنے والے رمجانی ٹھگ کے ہم پیشہ و ہم مشرب و ہم راز ایازو کنجڑے نے اس رسوائے زمانہ ٹھگ کے بارے میں کہا :
’’ مظلوم اور دُکھی انسانیت کی زندگی کے افق افق پر رمجانی ٹھگ اور ا س کے خاندان کے افراد نے جو کوہِ ستم توڑے ہیں ان کے تصور سے حساس انسان تڑپ اُٹھتے ہیں۔ رموزِ حیات ،اخلاقیات ،عادات و اطوار اور علم بشریات پر کامل دسترس رکھنے والا کوئی با کمال مصور اگر خست و خجالت ،ذلت و تخریب،نحوست و بے برکتی ،بے غیرتی و بے ضمیری ،بے شرمی و بے حیائی ،محسن کُشی ،سادیت پسندی ،حرص و ہوس ،شقی القلبی،ٹھگی اور دہشت گردی کی تصویر کشی میں کامیا ب ہو جائے تواس کاوش کے نتیجے میں جو نقوش سامنے آ ئیں گے وہ رمجانی ٹھگ سے مماثل ہو ںگے ۔
اپنے دوست شبیر معلم کے ساتھ رمجانی ٹھگ نے جوسلوک کیا وہ ضعیف معلم شبیر کے لیے سو ہانِ روح بن گیا۔زندگی میں خلوص ،مروّت اوروالہانہ پن کی متاع بے بہا نے شبیر کو معاشرے میں وقار اور مقبولیت سے نوازا تھا۔آدابِ زندگی کا رمز آشنا یہ قناعت پسند اور سادہ لوح معلم اپنے وسیع تجربے کا باوجود رمزی ٹھگ کے مکر و فریب کی چالیں سمجھنے سے قاصر رہا۔ اپنے نو جوان بیٹے سجاد کی دائمی مفارقت کے صدمے سے پہلے وہ یہ بات زور دے کر کہتاتھا کہ کسی بھی انسان کو اطمینان ِ قلب،خوش حالی اور ذہنی سکون کے لیے دنیاوی حرص اور ہوسِ رزومال میں اپنے جی کا زیاں نہیں کرنا چاہیے ۔اپنے نوجوا ن بیٹے کی وفات کے بعد وہ گوشہ نشین ہو گیااور یہ سوچتاکہ مخلص احباب اور افرادِ خانہ پر مشتمل ایسی انجمنِ خیال آراستہ کی جائے جس سے اعتماد کے پھولوں کے عطر بیزجھونکے قریۂ جاں کو معطر کر دیں ۔ ضعیف معلم شبیر جس کی زندگی کاظاہر او رباطن اُس کی زندگی کی صداقتوں کا آ ئینہ دار تھاایک بار پھر گردشِ ایام کی زد میں آ گیا ۔ تقدیر نے اس الم نصیب ضعیف معلم شبیر کی کتاب زیست کا ایک اور ورق پلٹااور نہایت رازداری سے رمجانی ٹھگ نے اس ضعیف معلم کے چھوٹے بیٹے کی منگنی اپنی بیٹی محافظہ ٔ رومان مصبہا بنو سے کر دی ۔تفسہہ ،رمجانی ٹھگ اور محافظہ ٔ رومان مصبہابنو کی سازش سے ہونے والی یہ منگی ٹھگی کی بساط کی ایک چال تھی ۔اِس منگنی اور کالاباغ میں رمجانی ٹھگ کی مطلقہ بیٹی سمن کی شادی کے ایک ماہ بعد معدے کی خرابی کے باعث رمجانی ٹھگ کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی ۔رمجانی ٹھگ کے ساتھ اس کے گھر والے مخلص نہ تھے سب اسی فکر میںتھے کہ یہ ٹھنڈا ہو اور اسے نوچ کر کھالیا جائے ۔ماہر معالجین نے رمجانی ٹھگ کے علاج کے لیے جو مجرب ادویات تجویزکیں گنوار انتھک ،نائکہ تفسہہ اور محافظہ ٔرومان مصبہا بنونے وہ ادویات فراہم نہ کیں ۔ایک شام اس ظالم محافظہ ٔرومان مصبہا بنونے اپنے باپ رمجانی ٹھگ سے مخاطب ہو کر غراتے ہوئے کہا:
’’ کان کھو ل کر سُن لو !تمھاری معمولی پنشن سے اس قدر مہنگا علاج نہیں کرایا جا سکتا۔ اب تو ہمارے پڑوسی بزاز بھی مزید رقم دینے سے گریزاں ہیں۔ میری پانچ بہنوں کی شادی ہو چکی ہے اور کو ئی نئی کارکن ادھر کا رُخ نہیں کرتی۔میں تنہا کب تک یہ بوجھ اُٹھا سکتی ہوں ؟ ہم کب تک دلال کے کمال پر انحصار کر سکتے ہیں اور اب تو خرچی کا سلسلہ بھی ختم ہونے کے قریب ہے ۔‘‘
نائکہ تفسہہ نے اپنی بیٹی محافظۂ رومان مصبہابنو کی ہاں میں ہاں ملائی اور بیماری سے نڈھال رمجانی ٹھگ کو گُھورتے ہوئے کہا:
’’ ہم سب اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ اب تو تمھارا علاج صرف اجل کے پاس ہے ، جب تمھارا غسلِ میّت ہو گا وہی تمھاراغسلِ صحت ہو گا ۔ صر صر ِ اجل سے جب تمھاری زندگی کی شمع بجھ جائے گی اُس وقتتم ہر مرض اور کرب سے نجات حاصل کر سکو گے۔‘‘
رمجانی ٹھگ نے جب اپنے طوطا چشم اہلِ خانہ کی دِل دُکھانے والی باتیں سنیں تو اُس کی آ نکھوں سے آنسوؤں کی جھڑی لگ گئی اور وہ بولا:
’’ سیلابِ گریہ نے میرے دِل کے بستی کو منہدم کر دیا ہے ۔ متلاطم دریا ؤں کی منھ زور موجیں جب دریا کے کنارے واقع شہروں کا رُخ کرتی ہیں تو جوں ہی سیلاب کا زو رٹُوٹ جاتاہے لہریں واپس دریا میں چلی جاتی ہیں اور سیلاب زدہ علاقوں میںزندگی معمول پر آ جاتی ہے ۔ اس کے بر عکس دِل کی دنیا جب سیلاب کی زد میں آتی ہے تو سب کچھ ملیا میٹ ہو جاتاہے ۔اس سیلاب گریہ کا حال تو صرف مجھے جیسے اُس الم نصیب بیمار معذور اور لا چار شخص کو معلوم ہوتاہے جس کی اُمیدوں کا گلشن سیلاب کی نذر ہو جاتاہے ۔ ‘‘
پانچ ،جون 2018ء کو رمزی ٹھگ سیاہی وال سے نکلا اور شبیر کے گھر جھنگ پہنچا۔ رمجانی ٹھگ ہلدی ہو رہا تھااور کم زوری کے باعث وہ دھیمے لہجے میں بات کر رہا تھا۔پرانی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے رمجانی ٹھگ نے خلوص کی اداکاری کرتے ہوئے کہا:
’’ میں نے محافظہ ٔ رومان مصبہابنو ، گنوار انتھک اور نائکہ تفسہہ کی بہت خدمت کی ۔آج میں ضعفِ پیری سے نڈھال ہوں تویہ برقِ نشیمن بن چکے ہیں اور ان کا دماغ آسمان پر ہے۔ کوئی میرا پرسان ِحال نہیں ۔میں جامد و ساکت پتھروں ،بے حس مجسموں اور سنگلاخ چٹانوں کے سا منے اپنے قلب ِ حزیں کا احوال بیان کرتارہا اور بھینسوں کے آ گے بین بجاتا رہا مگر کسی نے میرے دِلِ شکستہ کا حال نہ پُوچھا ۔ جہاں تک نائکہ تفسہہ کا تعلق ہے اس نائکہ کی ضعیفی اور چڑیل جیسا حلیہ اب قحبہ خانے کی عیاشی میں سدِ سکندری بن کر حائل ہو گیا ہے اور کوئی بھی شخص اسے منھ نہیں لگاتا ۔گنوار انتھک جیسے ابتر پسر سے تو میں لا ولد بہتر تھایہ ابلہ ایک ایسا لنگور ہے جسے ادرک کے مزے کا کچھ علم ہی نہیں ۔میرے اپنے گھر والوںکی بد سلوکی نے مجھے اس قدر اذیت میں مبتلا کیا ہے کہ میری روح زخم زخم او ر دِلِ حزیں کِرچی کِرچی ہو گیا ہے ۔تم میرا علاج کراؤ میں یہ احسان زندگی بھر یاد رکھوں گا۔‘‘
عزیز نے جب رمجانی ٹھگکی باتیں سنیں تو اس نے ضعیف معلم شبیر سے مخاطب ہو کر کہا:
’’ ضعفِ بصارت کے اِس دور میں کور مغز ،بے بصر اور بے ضمیر سفہا سے غم گسار ی کی توقع رکھنا ہلاکت خیزیوں کو دعوت دینے کی ایک صورت ہے ۔ رمجانی ٹھگسیاہی وال کی ایسی خزاں ہے جس نے بہار کا سوانگ رچا رکھا ہے ۔ اس خاندان کے معمولات سے میرے والدین آگاہ تھے ۔انھوں نے مجھے بتایا ہے کہ اِس خاندان پر اعتماد کرنا خود کُشی کرنے کے مترادف ہے ۔یہ سب کے سب برادرانِ یوسف ہیں ان سے بچ کر رہنا چاہیے ۔ میں کیا کروں دِلِ آشفتہ سر کو بہت سمجھایا ہے مگر یہی صدا سنائی دیتی ہے اپنے شوقِ بے ہنگم پر قابو رکھو سیاہی وال کے پیشہ ور ٹھگ تمھیں رنج و غم او درد کی سوغات کے سوا کچھ نہیں دیں گے ۔‘‘
ضعیف معلم شبیر کومعلوم تھاکہ رمجانی ٹھگ مجموعۂ اضداد ،عادی دروغ گو اور پیشہ ور چو ر تھا۔یہ مسخرا اپنے عیوب چُھپانے کی سر توڑ کوشش کرتامگراس کی عقوبت اور رعونت سے لبریز زندگی لاکھ پردوں میں بھی سامنے آ جاتی تھی ۔عیاری مکاری اور ریاکاری میں کوئی اُس کا ہم سر نہ تھا۔وہ جلوت میں جن لوگوں کے ساتھ خلوص کا مظاہرہ کرتا خلوت میں اُن کی بربادی کے طریقے سوچتا رہتا۔سادیت پسندی کے روگ میں مبتلااس درندے نے اخلاقی اقدار کو کبھی لائق ِ اعتنا نہ سمجھا ۔
ضعیف معلم شبیر نے اپنی وفا شعار اہلیہ کو سمجھایا:
’’مجبوری ٔ حالات اور گردشِ ایام کے نتیجے میں رمجانی ٹھگ اس مقام پر پہنچ گیاہے جہاںزندگی کے بارے میں مثبت علامات اور اشارات کی معنویت بھی عدم کی بے کراںوادیوں کی جانب سدھار جاتی ہے ۔ حالات کی زد میں آنے والے اِس شخص پر رفتہ رفتہ پر یہ راز کُھلتا چلا گیا کہ چور محل میں پروان چڑھنے والے سانپ تلے کے بچھووں نے اِسے اِس دنیا کے آ ئینہ خانے میں تماشا بنا دیاہے ۔پتھروں کے اس شہر میں جہاں زندگی کی اقدار ہی عنقا ہیں وہاں اِس چراغِ سحری کی خبر لینے والا اب کوئی نہیں رہا۔‘‘
ضعیف معلم شبیر نے ملتان،اسلام آباد ،فیصل آباد ،سرگودھااور لاہور کے بڑے ہسپتالوں سے رمجانی ٹھگ کاطبی معائنہ کرایا ۔ بلند فشار خون اور ناتوانی کے باوجود ضعیف معلم شبیرہر جگہ اپنے دیرینہ دوست رمجانی ٹھگ کے ساتھ رہااورجہاں تک ممکن تھااس نے اپنے دوست کی نہ صرف تیمارداری کی بل کہ بڑے شہروں کے سفر میں رمجانی ٹھگکے طبی معائنے اور علاج پر اُٹھنے والے سب اخراجات بھی ضعیف معلم شبیرہی نے خود ہی برداشت کیے۔
رمجانی ٹھگ کے نا خلف اور منشیات کے عادی بیٹے گنوار انتھک کے بارے میں سیاہی وال میں یہ تاثر پایا جاتاتھاکہ یہ ایسا بد مست سفید فِیل ہے جس کے کھانے کے دانت اور ہیں جب کہ چبانے کے دانت اورہیں ۔اس کے ظاہر اور باطن میں ایک واضح تضاد تھا یہ صاف گندم دکھا کردیمک خوردہ جَو فروخت کرتاتھااور خربوزہ بیچتے وقت گاہک کے ہاتھ میں حنظل تھمادیتا تھا۔ اخلاقی روّیوں کو نفرت کی نگاہ سے دیکھنا اس شُوم کی شخصیت کا قابلِ نفرت پہلو تھا۔انسانیت کی توہین،تذلیل ،تضحیک اور بے توقیری کرتے وقت وہ بزرگو ںکو بھی معاف نہ کرتااور بڑی ڈھٹائی سے آسمان پر تُھوکتا رہتا۔ دروغ گوئی ،منافقت اور فریب کاری اِس کے گُھٹی میں پڑی تھی۔اپنے باپ کے علاج کے حوالے سے گنوار انتھک دُور کی کوڑی لایا اوراپنے بیمار باپ رمجانی ٹھگ سے مخاطب ہو کر یوں ہرزہ سراہوا:
’’دریا کے کنارے ایک سنیاسی رہتاہے جس کا نام مرلی منوہر برہمچاری ہے وہ ہمالیہ پہاڑ کی چوٹی سے سنجیونی بوٹی اُکھاڑ کر لایا ہے ۔وہ میرے پاس آتا رہتاہے میں اُس ماہر سنیاسی سے پھکی لے کر دوں گا اس کے استعمال سے تمھاری صحت بالکل ٹھیک ہو جائے گی اور تم پھر سے حسب معمول قحبہ خانوں میں گُل چھرے اُڑاتے پھرنا۔‘‘
نائکہ تفسہہ نے اپنے بیمار شوہر کوگھورتے ہوئے کہا:
’’ وہ سنیاسی ایک بڑا عامل اور نجومی بھی ہے ۔اُس کی تیار کی ہوئی پھکی کھانے سے ہر مرض سے نجات مِل جاتی ہے ۔ مرلی منوہر برہمچاری تو مجھ سے اور میری بیٹی محافظہ ٔرومان مصبہا بنو سے بہت محبت کرتاہے۔اُس سے مِل کر زندگی کی رعنائیوں کا یقین ہو جاتاہے ۔ ہم نے کئی بار اپنے گھر میں اسے دعوت پر بُلایا ہے وہ ہمارے ساتھ گُھل مِل جاتاہے اور ہم سے بہت پیار کرتاہے ۔ ‘ ‘
گنوار انتھک اپنے تئیں عوج بن عنق سمجھتا تھا اُس نے ہنہناتے ہوئے کہا:
’’ قلعۂ فراموشی کے اسیروں کا کیا معلوم کہ مرلی منوہر برہمچاری پہلے کراچی شہر میں نیپئیر روڈ کے بازار ِ حُسن کے نواح میں واقع ایک مطب میں کام کرتاتھاجہاں یہ قحبہ خانوں کی طوائفوں کا دلال اور بھڑواتھا۔کئی نواب ،ر اجے ،مہااراجے او ر وڈیرے اس سے دوا لیتے تھے۔ اس کے مطب کے ساتھ ملحق کوٹھے میں مجرا بھی ہوتاتھا جہاں عشق کے مرض میں مبتلا مریضوں کے علاج کا انتظام تھا۔وہاں کی رُوسیاہی سے گھبرا کر اس نے سیاہی وال کا رُخ کیا ۔اس کے بارے میں یہ قول مشہور ہے کہ اِس کی پھکی کھانے کے بعد یامرض نہیں رہتا یامریض کو عدم کے کُوچ کاحکم مِل جاتاہے ۔ ‘‘
ایک پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت تفسہہ اور اس کی اولاد نے رمجانی ٹھگ کا غلط علاج کرایا جس کی وجہ سے رمزی ٹھگ کے معدے کے السر کا عارضہ کینسر میں بدل گیا۔ رمجانی ٹھگ کو راول پنڈی کے ایک بڑے ہسپتال میں منتقل کرنا پڑا۔نائکہ تفسہہ اور محافظہ ٔرومان مصبہا بنو کی گفتگو اُن کی بے توفیقی کا یہ حال تھا کہ جب رمجانی ٹھگ کو راول پنڈی کے ہسپتال میں منتقل کیا جا رہا تھا تو گھر سے کوئی برتن ،بستر یا لباس ساتھ نہ بھیجا گیا۔بعض لوگ کہتے ہیں کہ محبت کے دیوتا کاما دیوا (Kamadeva)کی طرح نفرت کا بھی دیوی ہوتی ہے جسے مناسا (Manasa) کہتے ہیں ۔نفرت کی دیوی ہو یا چاہت کا دیوتا دونوں ہی بصارت سے محروم ہیں ۔کسی بھی بد طینت درندے سے نفرت کی نہیںجاتی بل کہ اس کی بد اعمالیاں اس قدر ناقابل برداشت اور اذیت ناک ہوتی ہیں کہ اس سے خود بہ خود نفرت ہو جاتی ہے ۔اُس کی بے راہ روی ، بد سلوکی اور بد زبانی کو دیکھ کر انسان اس سے متنفر ہو جاتاہے ۔نائکہ تفسہہ اور محافظہ ٔرومان مصبہا بنواس لیے قابل نفرت تھیں کہ قحبہ خانے کی مکین ان طوائفوں کا روّیہ اُن کے آبائی پیشے کا اور خست و خجالت سے لبریز اُن کی گفتگواُن کی کریہہ شخصیت کی ترجمان بن جاتی تھی ۔
جب رمجانی ٹھگ کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی اور فیصلہ یہ ہوا کہ نائکہ تفسہہ کو لے کر ضعیف معلم شبیر راول پنڈی کے ہسپتال میں پہنچے ۔راول پنڈی روانہ ہونے سے پہلے نائکہ تفسہ نے اپنے قحبہ خانے میں کام کرنے والی ایک ماہر مشاطہ کو طلب کیا ۔اس مشاطہ نے اپنے کمالِ فن سے اکسٹھ سالہ نائکہ تفسہہ کو سولہ سالہ دوشیزہ میں بدل دیا ۔ محافظہ ٔرومان مصبہا بنو نے اپنی ماں کے لیے سرخ جوڑا نکالا اور اپنے ذاتی زیورات سے ایسے بناؤ سنگھار کیاجیسے وہ اُسے حجلۂ عروسی میں روانہ کر رہی ہو ۔ مسافر بس میںضعیف معلم شبیر نے نائکہ تفسہہ سے الگ ایک نشست پر بیٹھنے کا فیصلہ کیا۔راستے میں نائکہ تفسہہ نے راول پنڈی میں اپنے سب پرستاروں کو اپنے آمد سے مطلع کر دیا۔جیسے ہی بس راول پنڈی پہنچی اُس نے سب احباب کو اپنے پہنچنے سے آگاہ کر دیا اور یہ ایک ٹیکسی میںبیٹھ کر پر اسرار انداز میں ہسپتال کی جانب روانہ ہو گئی ۔ سفر اور قیا م و طعام کے سب اخراجات ضعیف معلم شبیر کے ذمے لگائے گئے تھے ۔ کیموتھراپی کے ذریعے رمجانی ٹھگ کا علاج جاری تھا۔اس دوران میں رمجانی ٹھگ کی طبیعت بہت خراب ہوگئی۔
راول پنڈی کے اُس ہسپتال میں جہاں رمجانی ٹھگ بستر مرگ پر پڑا تھا وہاں نائکہ تفسہہ اپنے عہدِ شباب کے رومان کے پرانے افسانے دہرا رہی تھی ۔رمجانی ٹھگ چراغ سحری تھامگر نائکہ تفسہہ کو اٹکھیلیاں سُوجھی تھیں ۔ اپنے شوہر کے پاس بیٹھنے کے بجائے نائکہ تفسہہ باہر گل ہائے رنگ رنگ سے بھرے سبزہ زار میں جاکر بیٹھ گئی ۔اچانک ایک بہت بڑی کار وہاں آکر ر ُکی اور ایک موٹے آدمی نے نائکہ تفسہہ کو اشارہ کیا ۔ نائکہ تفسہہ نے آگے بڑھ کر موٹے آدمی کو گلے لگا لیااور کہا:
’’ صنوبر ! تم تو میری جان ہو ،تم نے اچھاکیا کہ میرے بلانے پر تم یہاں فواراً چلے آئے ۔میں نے تمھیں اِسی لیے یہاں بلایا تھا کہ تم میری تنہائیوں کا مداواکرواور پرانی یادیں تازہ کرو۔تمھیں یاد ہے کہ رمجانی ٹھگ میںایک خاص کمی ہے جس کی وجہ سے میں نے اُسے ڈمی بنارکھا تھا۔آؤ کوہاٹی بازار چلتے ہیں اور رقصِ مے اور ساز کی لے کو تیز کرتے ہیں اور راجہ بازار کے مزے دار کھابے کھاتے ہیں۔ سب فاصلے مٹا کر قربت اور وصل کے پرانے واقعات کی یاد تازہ کرتے ہیں ۔اس وقت صبح کے چھے بجے ہیں اورآ ج شام کے سات بجے تک پُورا دِن بیتے لمحوں کی چاپ سننے کے لیے ہے ۔تم وہ سب باتیں،گھاتیں اور جنسی سوغاتیں آج دہرا سکتے ہے جو ماضی میں تمھارا طریقہ رہی ہیں ۔مجھے ابھی اپنے ساتھ لے جاؤ اور شام ہوتے ہی مجھے اپنے شوہر کے پاس پہنچا دینا جو زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے ۔میں نے اس کی خدمت پر مامور شخص کو بتادیاہے کہ میں راجہ بازار سے ترپال خریدنے جا رہی ہوں ۔اس کے استعما ل سے پیشاب بستر سے نیچے نہیں بہہ سکے گا۔‘‘
صنوبر نے گاڑی سٹارٹ کی اور نائکہ تفسہہ ڈرائیور کے ساتھ والی سیٹ پر بیٹھ گئی ۔صنوبر نے کہا:
’’ اے ماضی کی انتہائی حسین نائکہ تفسہہ تم اس وقت ساٹھ سال کی عمر میں پہنچ گئی ہو مگر تم تو اب تک جوان لگتی ہو ۔تم کس قدر حسین اور پُر کشش ہو مجھے تو تمھارے ساتھ گزرنے والے چالیس سال آج بھی یاد ہیں ۔‘‘
نائکہ تفسہہ نے اپنا شانہ صنوبر کے باز و پر رکھ دیا اور کہا:
’’ تمھار ے ساتھ میں نے جو چالیس برس گزارے ہیں وہ مجھے بھی اچھی طرح یاد ہیں ۔صنوبر ! تم وصل کے لمحات میںمحض پیار نہیں کرتے بل کہ سچ مُچ خنجر آزما ہوتے ہو۔ تمھارے مجھ پر بہت احسان ہیں میرے گھر کے آ نگن میں جو پھول اور کلیاں کِھلے ہیں وہ تمھاری باغبانی کا نتیجہ ہیں ۔سچ تو یہ ہے کہ میرے سب بچے تیری نشانی ہیں تو نے مجھے بے ثمر ہونے سے بچالیا ۔‘‘
صنوبر نے مسکراتے ہوئے نائکہ تفسہہ کے گال پر تھپکی دی اور بولا:
’’ مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ تم میں قوت ِ برداشت بہت زیادہ ہے ۔تمھارے مزاج میں زرومال کی حرص و ہوس کی فراوانی ہے جب کہ جنس و جنون میں میرا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا۔اس میدان میں تُوہارنے کے باوجود جیبیں خالی کرانے میں بازی لی جاتی تھی۔ رمجانی ٹھگ اور تمھارا کوئی جوڑ نہیں تھااس کا تعلق تو بسنت خان خواجہ سراکی نسل سے تھا۔ ‘‘
رمجانی ٹھگ چلنے پھرنے کے قابل نہ تھااُس کا پیشاب بند تھاپیشاب نکالنے کے لیے نالی اور بوتل لگی تھی ۔ رمجانی ٹھگ کا بیٹا گنوار انتھک بوڑھے باپ کو تنہا چھوڑ کر راول پنڈی سے آہن گروںکے گھر سیاہی وال جا پہنچا۔ شدید علالت کے باعث رمزی ٹھگ پاخانہ بھی بستر ہی پرکرتاتھا۔رمجانی ٹھگ کو ایک میلے شاپر میں پانی پلایا جاتا اور کھانا کھلانے کے لیے بھی ایک اور شاپر استعمال کیا جاتا تھا۔ نا ئکہ تفسہہ نے جب رمجانی ٹھگ کواس حال میں دیکھا تو اُس نے اپنی ناک پر کپڑا رکھ لیا۔ ضعیف معلم شبیرگہری سوچ میں ڈُوب گیااس نے اپنے دِل سے کہا کہ رمجانی ٹھگ کو یہ معلوم نہ تھا کہ زندگی کا سفر ختم ہونے سے پہلے سب لوگ اپنے راستے الگ کر لیں گے اور ان کے مزاج بھی بدل جائیں گے ۔ایام گزشتہ کا عینی شاہدزندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا تھا تھا صرف یادیں باقی رہ گئی تھیں وقت تو تیزی سے ہاتھ سے نکلا جا رہاتھا۔ان سوگوار فضاؤں میں نائکہ تفسہہ نے غریبوں کے لیے دعاؤں پر بھی توجہ نہ دی اور اپنے آ شناؤں کے ساتھ رنگ رلیا ں منانے کے لیے راجہ بازار ،کوہاٹی بازار اور چاندنی چوک روانہ ہو گئی ۔ شبیر کو معلوم ہو گیا تھا کہ اس افسانے کا انجام قریب تھا۔ بربطِ دِل پہ ایثار و وفا کے نغمے الاپنے ولا بوڑھا مغنی رمجانی ٹھگ تنہائی کے عالم میں بہارِ زیست کے لُٹنے کا ماتم کر رہا تھا۔ وہ زندگی بھر فریب کاری ،عیاری اور ٹھگی کے اُلجھے ہوئے جال کی تیاری میں جی کازیاں کرتارہا مگر دم ِ آخریں اس پر یہ بات واضح ہو گئی کہ دنیا کے آ ئینہ خانے میں مفاد پرستوں نے اُسے تماشا بنا دیاہے ۔ نائکہ تفسہہ کا روّیہ دیکھ کر رمجانی ٹھگ کو اس بات کا شدت سے احسا س تھا کہ مصیبت کی گھڑی میں برسوں کے رشتے پلک جھپکتے میں ٹُوٹ جاتے ہیں ۔ایک تلخ اور واضح حقیقت نے فریب نظر کی صورت اختیار کر لی تھی ۔رمجانی ٹھگ نے اپنے بارے میں جو سوچا تھاوہ درپیش حقائق کے بر عکس تھا اس کا حقیقی چہرہ پریشان حالی اور درماندگی میں سامنے آیا ۔اپنی شادمانیاں اپنی اولاد پر فدا کرنے والے رمجانی ٹھگکوبے بسی کے عالم میںدیکھ کر ضعیف معلم شبیر کردِل برداشتہ ہو کر اُٹھ کھڑا ہوا اور کہا:
’’ میں دکان سے تھرموس قسم کے دو گلاس اور اسی قسم کے دوپیالے لاتا ہوں جن میںشدید بیماری کے عالم میں رمجانی ٹھگ اپناکھانا تو وقار کے ساتھ کھا سکے۔‘‘
نائکہ تفسہہ نے اندر سے دروازہ بند کر لیا ۔ ضعیف معلم شبیر نے یہ محسوس کر لیا کہ یہ عیار نائکہ تفسہہ کوئی سازش کرنے والی ہے ۔وہ چند لمحے وہیں دروازے کے باہر رُک گیا۔
نائکہ تفسہہ نے اپنے شوہر رمجانی ٹھگ سے کہا :
’’ ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ معدے کی کینسر کے باعث اس دنیاسے تمھارا جانااب ٹھہر گیاہے اوراب تم صبح گئے کہ شام گئے ۔سیدھی طرح اپنے دیرینہ دوست ضعیف معلم شبیر سے کہہ دو کہ ہماری بیٹی محافظہ ٔرومان مصبہا بنو نے اپنے لیے کے لیے کافی عرصہ پہلے پڑوس میں مقیم ایک اور دولت مند بزازخاندان کا رشتہ تلاش کر لیاتھا اور اس خاندان کے ایک نوجوان سے خفیہ شادی کر لی تھی ۔ ہمارے پڑوسی یہ بزاز گزشتہ پچیس برس سے ہماری خدمت کر رہے ہیں ۔‘‘
محافظہ ٔرومان مصبہا بنو کی منگنی کے رومانی کھیل کے پس پردہ کام کرنے والا ہدایت کار اور خطر ناک لُٹیرا ر مجانی ٹھگ جو رفتہ رفتہ اپنی زندگی کے انجام کے قریب پہنچ رہا تھازار و قطار رونے لگا اور بولا:
’’ کاسۂ گدائی تھامے بھکاری ہمیشہ بھیک مانگ کر زندگی گزارتے ہیں ، چو ر ،اُچکے نقب زنی اور چوری سے زر ومال اُڑا لیتے ہیں ،اہلِ سیاست جھوٹے نعروں سے عوام کی آ نکھوں میں دُھول جھونکتے ہیں،پیشہ ور قاتل اور ڈاکوقتل و غارت گری دولت کے انبار لگادیتے ہیں ،منشیات کے سمگلر کالا دھن کمانے کی خاطر انسانی زندگی کو داؤ پر لگادیتے ہیں جب کہ طوائف دولت کمانے کے لیے جسم و جاں کی بازی لگانے میںتامل نہیں کرتی ۔یہاں ہر کوئی اعتذار ،تاسف اور ندامت سے بے پروا ہو کر اپنی فضا میںمست پھرتاہے۔میں نے میری بیوی نائکہ تفسہہ اور میری بیٹیوں سمن،شگن،دیپالی،ہر یالی ،محافظہ ٔرومان مصبہا بنو نے حُسن و جمال کے کمال اور رومان پرور خیال سے اپنے پرستاروں کا وہ حال کر دیا ہے کہ انھیں اپنی تباہیوں کا بھی کوئی ملال نہیں۔اِن عورتوں کی جعلی محبت اتنا بڑا فریب ہے کہ اِس کے پروانے اس پر دِل و جان سے فدا ہو جاتے ہیں اور اپنی زندگی بھر کی کمائی اس کے قدموں میں ڈھیر کر دیتے ہیں ۔محبت ایک ایسا فریب ہے کہ اگر عفریت ،چڑیل اور ڈائن بھی یہ بھیس بنالیں تو اِن کے گرویدہ انھیں پر ی چہرہ قرار دیں گے ۔ یہ راز کسی کومعلوم نہ ہو کہ محافظہ ٔرومان مصبہا بنونے ہمارے کھرب پتی پڑوسی بزاز کے بیٹے سے پہلے ہی خفیہ شادی کر رکھی ہے ۔ہم نے مصلحت کے تحت اپنے تمام مقاصد حاصل کر لیے ہیں ۔محافظہ ٔرومان مصبہا بنونے ایسی چا ل چلی ہے کہ ضعیف معلم شبیراب منگنی اور رشتے کی بازی ہار چکا ہے لیکن تقدیر نے میری زندگی کی بازی اُلٹ دی ہے ۔‘‘
شبیر یہ سب باتیں سُن چُکا تھاجب وہ واپس آیا تو رمجانی ٹھگ نے ضعیف معلم شبیر کو اپنے پا س بلایا اور گلو گیر لہجے میں خلوص کی اداکاری کرتے ہوئے کہا:
’’ تم جا نتے ہوکہ اس وقت میرادمِ آخریں بر سرِ راہ ہے اور میں چراغ ِسحر ہوں ۔ اگر میںاس دنیا سے رخصت ہو جاؤں تو پھر بھی تم یہ بات فراموش نہ کرنا کہ میرے بعد میرے پس ماندگان اپنی مرضی کریں گے ۔انھیںخوش رکھنے کے لیے میری وفات ،سوئم ،چہلم ، برسی اور بیوہ نائکہ تفسہہ کی عدت کے سب اخراجات تم خودبرداشت کرنا ۔اس طرح تم پتھروں کو موم کر سکو گے ۔ ‘‘
ضعیف معلم شبیر نے جب رمجانی ٹھگ کی بد نیتی اور بدلتے تیور دیکھے تو اپنے دِل پر ہاتھ رکھ کر اُسے جواب دیا :
’’ تیزی سے بدلتے ہوئے حالات کی سفاکی دیکھنے اور تمھاری باتیں سننے کے بعد میرا دِل کرچیوں میں بٹ گیا ہے اور میرے جذبات و احساسات پر بجلی سی گر پڑی ہے ۔ پرِ زمانہ بلا شبہ پروازِ نُور سے کہیں بڑھ کر تیز ہے اور مجھے اِس بات کا قوی یقین ہے کہ تمھارے اہلِ خانہ جلد اس بات سے آ گاہ ہو جائیں گے کہ سادیت پسندی کے نتیجے میں ستم سہنے والوں پر کیا گزرتی ہے ۔آج مجھے خلوص اور فریب کے فرق کے بارے میں تمام حقائق معلوم ہو گئے ہیں۔ عملی زندگی میں رشتوں ناتوں کے نازک مسائل کو بالعموم سُود و زیان کے اندیشے سے بر تر تصور کیا جاتاہے تہذیب و تمدن ،معاشرت ،ثقافت اور ریاست ہی کو لے لیں ان میں ہر لحظہ نیا طور نئی برقِ تجلی کی کیفیت جلوہ گر دکھائی دیتی ہے۔اخلاقیات اور انسانیت کا معاملہ نہایت توجہ طلب ہے جس کے محور میں اس عالمِ آب و گِل کے تمام معاملات گھومتے ہیں ۔ سیاہی وال کے سائیں سائیں کرتے جنگل میں طویل عرصے سے جنگل کا قانون نافذ ہے ۔تمھاری موجودگی میںیہاں آتش زدگی کی جو بھی واردات ہوئی وہ کسی ساش کا نتیجہ نہیںبل کہ یہ جنگل اپنی ہی آگ کے شعلوں میں سُلگ رہا ہے ۔‘‘
ان دنوں رمجانی ٹھگ کے گھر میں جوشخص بھی اس کینہ پرور ،طفیلی اور سفلہ ٹھگ کی عیادت کے لیے پہنچتا تو وہ وہاں موجود اپنے عزیزوں سے مخاطب ہو کر یہی کہتا:
’’ ضعیف معلم شبیر کے مجھ پر بہت احسان ہیں ۔اس کے ساتھ وفا کرنا اور اس کی خدمات کی قدر کرنا۔ محافظہ ٔرومان مصبہا بنو اورشبیر کے بیٹے احسن کی منگنی میں نے طے کی ہے ۔میں رہوں یانہ رہوںکسی شرط کے بغیر شادی کا یہ ایفائے عہد میری اولا دکی ذمہ داری ہے۔ ضعیف شبیرکے ساتھ میرا نصف صدی کا معتبر ربط ہے اسے زندگی کے ہر مرحلہ پر یاد رکھنا۔‘‘
شام کو نائکہ تفسہہ اپنے شوہر کو تنہا چھوڑ کر اپنے دیرینہ آ شنا صنوبر سے بھاری رقم اورتحفے تحائف وصول کر کے سیاہی وال روانہ ہو گئی۔
چند روز کے لیے رمجانی ٹھگ کو سرگودھا کے ایک بڑے ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ضعیف معلم شبیر اور اس اس کی اہلیہ عزیز سب سے پہلے سیاہی وال پہنچے تو اُنھیں معلوم ہوا کہ محافظہ رومان مصبہا بنو علی الصبح اپنے پڑوسی بزا زکی کار میں بیٹھ کر سرگودھا سے دس میل دُور خوشاب روڈ پر جھال چکیاں روانہ ہو گئی ہے جہاں اُس کی سہیلیاں او رہم جماعت لڑکے پکنک منا رہے ہیں ۔سہ پہر کے وقت عزیز نے اپنے موبائل فون سے محافظۂ رومان مصبہا بنو سے رابطہ کیا اور کہا:
’’ بیٹی !تم اس وقت کہاں ہو ؟تمھارے باپ رمجانی ٹھگ کی طبیعت سخت خراب ہے ۔تم فوراً ہسپتال پہنچو اور اپنے باپ رمجانی ٹھگ کی تیمار داری کرو ہم سب تمھارے منتظر ہیں ۔‘‘
’’ میں اس وقت اپنے ہم جماعت لڑکوں اور لڑکیوں کے ساتھ سیر و تفریح کے سفر پر ہوں ۔اس وقت جھال چکیاں کے مقام پر ہماری دعوت ہے ہمارے لیے دریائے جہلم کی تازہ مچھلی ،سجی ،بٹیر ،بکرے اور دیسی مرغ کھانے تیار ہیں ۔میں ہسپتال کیوں آؤں ؟یہاں طبی عملہ موجود ہے جو تمام طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے ۔میں شام کو سیدھی سرگودھا سے ہو تی ہوئی سیا ہی وال پہنچوں گی ۔میں اپنا قیمتی وقت اس قسم کی بے فائدہ اور بے مقصد تیمارداری میں برباد نہیں کر سکتی ۔مریض کے پاس تیمارداروں کا کوئی ہجوم یاجمگھٹا نہیںہونا چاہیے ۔آپ سب لوگ یہاں سے اُٹھیں اور واپس اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوں ۔‘‘
یہ سنتے ہی عزیز خاموش ہو گئی اور سوچنے لگی کہ محافظہ رومان مصبہا بنوکی اس قدر بے حسی تو اس محسن کُش بیٹی کی درندگی کی علامت ہے ۔چند روز بعد رمجانی ٹھگ چل بسا۔
نائکہ تفسہہ کا شو ہر رمجانی ٹھگ جب ایڈز اور بلڈ کینسرکے مرض کے باعث لقمۂ اجل بنا تو وہ ٹس سے مس نہ ہوئی۔اُس کے قحبہ خانے کی طوائفوںنے بڑی منت سماجت کی کہ وہ چار آ نسو بہا کر رمجانی ٹھگ کو الوداع کہے مگر اس نے کہا یہ میرے بس سے باہر ہے ۔اچانک پڑوسیوں کی دیوار سے ایک پالتوبلی کے پھلانگنے سے میز پر رکھا شیشے کا گلاس فرش پر جا گرا اور ٹُوٹ گیا ۔ یہ گلا س آدھا دُودھ سے بھر ا تھااور باقی آ دھا گلاس دُودھ کسی نے پی لیا تھا۔دودھ جب کمرے کے فرش پر پھیلا تو بلی نے فوراً اپنی زبان سے اُسے چاٹ لیا اور دیکھتے ہی دیکھتے بلی تڑپ تڑپ کر مر گئی ۔یہی وہ دودھ تھا جو تفسہہ نے دوا پلانے کے بہانے رمجانی ٹھگ کو آخری وقت پیش کیا تھا۔بلی کی ہلاکت اور اسے تڑپتے دیکھ کر نائکہ تفسہہ دھاڑیںمار مار کر رونے لگی اور نہایت برق رفتاری سے اُس نے فرش پر گرا دودھ صاف کیا ۔مردہ بلی کا ڈھانچہ مقامی
جاروب کش نے فوراًشہر سے باہر ایک گڑھے میں دبا دیا۔رمجانی ٹھگ کی پُر اسرار حالات میں ہلاکت کے تمام ثبوت نائکہ تفسہ نے غائب کر دئیے ۔اپنی پالتوبلی کو یاد کرتی تو اُس کی آنکھیں نم ہو جاتیں مگر جب کوئی رمجانی ٹھگ کی موت کے بارے میں بات کرتا تو اس رذیل نائکہ تفسہہ کی بھویں تن جاتیں اور وہ کاٹنے کو دوڑتی ۔
پانچ مارچ 2018کی شام کوشہرکے ایک بڑے ہسپتال میں رمجانی ٹھگ نے آخر ی سانس لی۔ خلقِ خداکاحلق کون بندکرسکتا ہے اکثر لوگوں کو یہ کہتے سنا گیا کہ ظالم نائکہ تفسہہ نے اپنے شوہر کواپنی راہ سے ہٹانے کے لیے اسے آہستہ آہستہ اثر کرنے والا زہر دیا۔ہیمکڑوال کی جنازہ گاہ میں رمجانی ٹھگ کاجنازہ پڑھایاگیا ۔رمجانی ٹھگ کی میّت نزدیکی شہر خموشاں میں پہنچی تو پس ماندگان گریہ و زاری کر رہے تھے۔ضعیف معلم شبیر اور سب سوگواروں نے رمجانی ٹھگ کا آخری دیدار کیا۔ لحدتیار تھی جب رمجانی ٹھگکاجسدِ خاکی لحدمیںاُتارا گیا تو ضعیف معلم شبیر بھی وہاں موجود تھا۔سب نے باری باری لحدمیں مٹی ڈالی اس کے بعد گورکن نے قبر کی زمین ہموارکی۔ضعیف معلم شبیرنے بھی رمجانی ٹھگکی قبر پر پھول نچھاور کیے اور دائمی مفارقت دینے والے اپنے دیرینہ رفیق کی روح کو آ نسوؤں اور آ ہوں کا نذرزانہ پیش کیا۔ رمجانی ٹھگ کی تدفین کے بعد سب لوگ اپنے اپنے گھروں کی جانب روانہ ہو گئے ۔ ضعیف معلم شبیر سوچنے لگا قیدِ حیات میں جان لیوا تنہائیوں اورآلام ِ روزگار سے مانوس ہونے میں ابھی بہت وقت لگے گا۔ اس ستم دیدہ سراب میں وہ منزلِ راحت کی جستجو میں نکلا مگر اُسے کوئی اپنا مُونس و ہمدم نظر نہیں آ رہاتھادردِ فراوا ںاور اشک ِ رواں کی لہر میں ضعیف معلم شبیر کوجگہ جگہ رمجانی ٹھگکی موجودگی کا احساس ہوا ۔
ضعیف معلم شبیر بھی دِل گرفتہ اور سوچوں میں گُم لڑ کھڑاتاہوا ان جانی مسافت کی طرف جانے کے بارے میںسوچ رہا تھا۔اچانک ایک اجنبی شخص نے اس ضعیف معلم شبیرکا بازو تھام لیااور اپنے ساتھ لے کر شہر خموشاں کی مغربی سمت روانہ ہو گیا۔ کچھ دُورفضاکی وسعتوں سے چمکتے ہوئے سات ہیولے دکھائی دئیے اور جب زمین پر اُتر ے تووہ انسانی رُوپ دھار چکے تھے۔ان پر اسرار انسانوں نے ایک جیسا لباس پہنا ہوا تھا ۔ ان میں چار مرد اور تین عورتیں تھیں ۔ان میں سے ایک کے سر پر دستار ِ فضیلت تھی جو شکل و صورت اور جاہ و جلال کی وجہ سے اُن کا سردار معلوم ہوتا تھا۔ وہ سب ضعیف معلم شبیر اور اس کے پاس کھڑے شخص کی طرف بڑھے ۔ یہ پر اسرار مہمان جب قریب آ ئے تو وہ ضعیف معلم شبیرکے پاس کھڑے شخص سے عجیب نامانوس سی زبان میں باتیں کرنے لگے ۔جلدہی تکلم کا یہ سلسلہ توڑتے ہوئے ضعیف معلم شبیر کو پریشان حال اور درماندگی میں تھامنے والے بزرگ نے کہا:
’’ میر ے پیارے شبیر! اپنی ساری زندگی خاص طور پر اس ضعیفی کے عالم میںتم نے بہت فریب کھائے ہیں ۔ آج تم اپنے دیرینہ ساتھی رمجانی ٹھگ کو سپردِ خاک کر چکے ہو ۔اب یہ بات اچھی طرح جان لو کہ رمجانی ٹھگ نے تمھارے ساتھ جو عہد و پیمان کیا تھاوہ بھی آج رمجانی ٹھگ کے ساتھ اس کی قبر میں دفن ہو گیاہے ۔‘‘
دوسرا پر اسرار شخص بولا’’ یہ دنیا بہت ظالم ہے یہاں خلوص و مروّت اوروفا کا بدلہ سدا بے وفائی کی صورت میںملتا ہے ۔ ہمیں دھوکا دیا نہیں جاتا بل کہ ہم خود دھوکا کھانے کے لیے پہلے سے تیار بیٹھے ہوتے ہیں۔ جب عزت نفس اور ذاتی وقار کا خیال نہ رکھا جائے توحسن وجمال کے جلوے سرابوں کی بھینٹ چڑھادیتے ہیں ۔ برادران ِیوسف سے فریب کھاکر اندھے کنویں میںگرنے سے بہتر ہے کہ اُن کو جُل دے کر جان بچائی جائے ۔ خلوص ووفاکے پیکر جب محبت میں فریب کھاتے ہیں تو کوئی اُن کاپرسان ِحال نہیںہوتا۔اس ضعیفی میں مزیددھوکا نہ کھاؤ اور سیاہی وال کے ٹھگوں کی اس بستی سے جان بچاکر دبے پاؤں واپس اپنے گھر چلے جاؤ ۔ اب تک تم نے جو حسین خواب دیکھے ہیں وہ محض سراب اورفریب ِ نظر ہیں۔‘‘
’’ تم سب کون ہو ؟ میں پہلے ہی بہت پریشان ہوں اب آپ سب کی باتیں سُن کر میں زندگی سے بیزار ہو گیا ہوں ۔‘‘ ضعیف معلم شبیر کی خود رائی نے ہمیشہ اسے دھوکادیا۔اس مرتبہ بھی اس کی خوشیوں کا انحصار رمجانی ٹھگ کے خاندان کے اَن دیکھے اور اَن جانے لوگوں کی وفا کے مفروضے پر تھا،اس نے روتے ہوئے کہا:
’’آپ عجیب اجنبی ہیں تقدیر کے زخم کھانے کے بعد میں تو سمجھا تھا کہ آ پ مرہم بہ دست آ ئے ہیںمگر آپ کی باتیں سن کر میرا دِل گھبرا گیا ہے ۔ مجھ غریب پر ترس کھاؤ اور مجھے اپنے گھر جانے دو ۔ اجل نے مجھ سے آفتاب و ماہتاب تو چھین لیے ہیں ہجومِ یاس و ہراس ِ سے گھبرا کر ناچارمیں نے اب ایک ٹمٹماتی ہوئی موہوم مشعل سے ساری اُمیدیں وابستہ کر لی ہیں۔ ‘ ‘
’’ تم اپنے رفتگاں کو بُھلاچکے ہومگر ہم تو تمھیںاب بھی یاد کرتے ہیں۔ہمیں پہچانوہم تمھارے اپنے ہیں۔ماضی کے واقعات اور ان سے وابستہ شخصیات کو یاد رکھاکرو ۔اپنے رفتگاں کا ذکر تمھیں ہر قسم کے فکر سے آزاد کر دے گا۔جو دِلوں میںبس جاتے ہیں موت ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔ہمیشہ زندہ رہنے کے لیے کٹھن حالات میں زندگی بسر کرنے کا ڈھب سیکھو۔ پراسرار مہمانوں نے باری باری اپنا تعارف کرایا ۔‘‘
یہ تو ضعیف معلم شبیرکاداداصالح محمد، والد سلطان محمود ،بڑابھائی شیرمحمد ، چھوٹابھائی منیر حسین، بڑا بیٹاسجاد حسین، والدہ اللہ وسائی ، بیٹی کوثر پروین اور بہن عزیز فاطمہ تھیں ۔ سب سے پہلے جس بزرگ نے ضعیف معلم شبیر کا ہاتھ تھاماتھاوہ اس کاباپ سلطان محمود تھا۔جو اپنے الم نصیب جگر فگار لخت ِ جگرکو دیکھ کر آہیں بھررہاتھا۔سجاد حسین اور کوثر پروین اپنے بوڑھے باپ کی حالت دیکھ کر حسرت و غم کی تصویر بن گئے تھے۔ سجاد حسین اور کوثر پروین آگے بڑھے اور اپنے ضعیف باپ سے لپٹ گئے ۔ضعیف معلم شبیر کے دادا صالح محمدنے سب سے مخاطب ہوکر کہا:
’’ میرے فریب خوردہ پوتے شبیر ! زندگی کے واضح حقائق سے شپرانہ چشم پوشی کرنے والے اپنے آپ کو دھوکا دیتے ہیں ۔اب تک تم سرابوں کے عذابوں پھنسے رہے ہو۔ جب تک تم اپنے ذہن و ذکاوت کو اپنی ذاتی مرضی اور خواہشات کے مطابق استعمال کرنے کی استعداد پیدا نہیں کر لیتے اس وقت تک رمجانی ٹھگ قماش کے عیار وں کے خطر ناک کھیل میں کٹھ پتلی بنے رہو گے۔ اب بھی وقت ہے سیاہی وال کے عادی دروغ گواورسفلہ ٹھگوں کے چُنگل سے نکل کر اپنے آبائی شہر جھنگ بھاگ جاؤ ۔اب گزرے ہوئے وقت اور اس دور کی باتوں کو دہرانے سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔برف پوش پہاڑ کی سر بہ فلک چوٹی پر پڑا بہت بڑابرفانی تودہ جب سیلِ زماں کے تھپیڑے کھا کر لڑھکتا ہوا پگھل کر پانی کی شکل میں دریاکا روپ دھارتاہے تو وہ اپنے ماضی کو کب یاد رکھتاہے ؟اب تو اس کی نگاہ میںدریا کی تلاطم خیز موجوں کی روانی اور طغیانی ہوتی ہے ۔وسیع میدانوںسے گزرتا ہوا یہ دریا جب سمندر میں شامل ہوتاہے تو اس کی طویل مسافت کی سب روانی محض ایک کہانی بن کر رہ جاتی ہے ۔ سیاہی وال کے ان شاطر تلنگوں نے کئی گھروں کو بے چراغ کر کے وہاں کے مکینوں کو فاقہ کش فقیروں میں بدل دیا۔مقدرکے ستاروں کے ضو فشاں ہونے سے پہلے دِل کی حسرتوں اورارمانوں کے داغوں کی بہار ہر انسان کو اشک بار کر دیتی ہے ۔ جھوٹ بولنے والے ٹھگوں کے اس عادی دروغ گو گروہ کاطریقۂ واردات یہ ہے کہ ان کے گھر کے سب افراد اپنے تئیں گامن سچیار جیسا راست گو ظاہر کرتے ہیں ۔بہ قول شاعر :
کوئی جھوٹا نہیں ہے اس گھر میں
سارے سچے ہیں کیا تماشاہے ‘‘
عزیزفاطمہ نے روتے ہوئے کہا ’’ میرے بھائی !سیاہی وال کے یہ احسان فراموش درندے تمھیں ٹشو پیپر کی طرح استعمال کرتے رہے ہیں۔ رمجانی ٹھگ کے پس ماندگان ہوا کا رخ دیکھ کر تیزی سے بدل جانے والے لوگ ہیں۔یہ موقع پرست پیمان شکن کبھی بھی رمجانی ٹھگکے عہدوپیمان کا خیال نہیں رکھیں گے۔ انھوں نے ہمیشہ جھوٹ بولامگر تمھاری سادگی پر ر ونا آتاہے کہ تم نے ان کے صر یح جھوٹ کو ہمیشہ بلاچون و چراتسلیم کر لیا ۔طارق ،مشتاق ،سعد، حکیم سارق ،ملک کما ل اور اس کے بیٹے رافع سے پوچھو محافظہ ٔ رومان مصبہا بنو کی آرزو میںان پر کیا گزری ۔ان عیاروں پر اعتماد کر کے در اصل تم نے اپنی ذات کو دھوکا دیاہے ۔اب صبر کے سوا کوئی چارہ ٔ کار نہیں ۔‘‘
’’ بابا! تم اکیلے نہیں جو سیاہی وال کے ان سفاک،عیار اور دغاباز محسن کشوں کے تیرِستم کھا چکے ہیں ۔‘‘ سجاد حسین نے کہا’’ ان ظالموں نے اس شہرکے کئی گھر ویران اور تہس نہس کر دئیے۔میرے ضعیف باپ پر کوہ ِستم توڑنے والے فطرت کی سخت تعزیروں سے غافل نہ رہیں ۔ آزمائش کی اِس گھڑی میںہم سب کی دعائیں اپنے ضعیف باپ شبیر کے ساتھ ہیں ۔ معالج جلال ،کرم دین ،فضل کریم اور رافع کی مثال سامنے رکھو جنھیں ان ظالموں نے زندہ در گور کر دیا ۔محافظہ ٔ رومان مصبہا بنو کے سب پیمان وفا جعلی اور مکر و فریب پر مبنی ہوتے ہیں جنھیں نئے رومان کی تیز ہو اکے بگولے خس و خاشاک کے مانند اُڑا لے جاتے ہیں ۔حرص و ہوس اور جنس و جنوں کی وادیوں میں نیم عریاں لباس پہن کر مستانہ وار گھومنا اور اپنے عشاق سے گلے مِل کر جُھومنااس تیامت کا وتیرہ ہے ۔‘‘
شبیرنے روتے ہوئے کہا ’’ کسی شخص کی زندگی کا بہ نظر غائر جائزہ لیے بغیر اس کے بارے میں کوئی رائے قائم کر لیناایسی خودفریبی ہے جس کا کوئی مداوا نہیں ۔ محبت کے بارے کہا جاتاہے کہ یہ بصارت سے محروم ہوتی ہے اور جہاں تک دوستی کا تعلق ہے اس میں وفا کی آ برو کا تقاضا ہے کہ دوست کی واضح خامیوں سے بھی ارادتاً چشم پوشی کی جائے ۔ میں نے رمجانی ٹھگکو اپنا خیرخواہ سمجھا ، اُس کی اولادمیرے ساتھ دغا و دُزدی کیوںکرے گی؟ صبر ایوب ؑ اور گریہ ٔ یعقوبؑ کو شعار بنا کر میں نے مقدور بھر ان کے ساتھ وفا کی ہے۔ حرفِ صداقت کے سوتے وقت ہی سے پُھوٹتے ہیںاس کے بعد ہمارے ذہن و ذکاوت میں اس کو نمو ملتی ہے ۔‘‘
بر طانوی فوج میں شامل ہو کردوسری عالمی جنگ میں حصہ لینے والے جفاکش فوجی رانا سلطان نے آگے بڑھ کر اپنے بیٹے شبیر کا دلاسا دیا اور عملی زندگی میںجذبۂ انسانیت نوازی پر مبنی اُس کے روّیوں کی تحسین کرتے ہوئے کہا:
’’ میرے بیٹے شبیر نے اپنی زندگی میںہمیشہ بے لوث محبت ،بے باک صداقت ،خلوص ،دردمندی اور انسانی ہمدردی کو شعار بنایا۔ایک ذہین تخلیق کار کی حیثیت سے شبیرنے ہر طرف اپنی فقید المثال کامرانیوں کے جھنڈے گاڑدئیے۔ میرے بیٹے شبیر !تم نے مصلحت وقت کی پروا نہ کرتے ہوئے تیشہ ٔ حرف سے فصیل ِ مکر کو منہدم کرنے کی سعی کی اور اندازی ِ عیاری بدلنے والے سفہا کی دکانوں ،کینہ پروری اور حسدکو وتیرہ بنانے والے اجلاف و ارذال کی چٹانوں ،تفسہہ اور محافظہ ٔ رومان مصبہا بنو جیسی بد زبان ہیچمدانوں کی کمین گاہ کی مچانوں کی پنہاں درزوں میں ایسے نیزے اور بھالے پیوست کیے ہیں کہ ان سب کو اپنی جان کے لالے پڑ گئے ہیں۔ گرگٹ کی طر ح رنگ بدلنے والے طوطا چشم رمجانی ٹھگ جیسے سادیت پسند اور اُس کی اولاد آستین کے سانپ بن گئے اور دغا و دُزدی کے ذریعے تجھے ڈس لیا۔ تیامت اورکالی دیوی کے یہ پجاری بہت جلد فطرت کی تعزیروں کے نتیجے میں اپنے انجام کو پہنچیں گے ۔‘‘
شیر محمد نے کہا’’ میرے عزیزبھائی شبیر ! اپنی حیثیت اور استعداد سے آگا ہ ہونے کے لیے یہ حقیقت پیش نظر رکھا ضروری ہے کہ ہم خود بھی اپنی منفعت اور نقصان کے بارے میں غور و فکر کو شعاربنائیں ۔ تم بہت سادہ لوح ہو ،میری بات یاد رکھو کہ رمجانی ٹھگ کی وفات کے بعد اس کے گھر کے حالات بدل گئے ہیں ۔ نائکہ تفسہہ کی بیٹی محافظہ ٔ رومان مصبہا بنو کے ظاہری حسن و جمال اور جعلی عقیدت نے تمھیں دھوکے میں مبتلا کر دیا۔ محافظہ ٔ رومان مصبہا بنو جس جعل سازی سے سعادت مندی کی اداکاری کرتی رہی تم اس سے دھوکا کھا گئے ۔ ابن الوقتی کی اسا س پر استوار ہونے والی اس قسم کی جعلی عقیدت تو نفرت سے بھی اذیت ناک ثابت ہوتی ہے ۔نائکہ تفسہہ کے قحبہ خانے کی جن مکار حسیناؤں کی جعلی مسکراہٹوں ،چاہتوں اور گل افشانیٔ گفتار کے تم گرویدہ ہو گئے تمھاری عدم موجودگی میںوہ سب ناک بھوں چڑھا کر تمھارے خلوص ،وفا اور ایثار کا مذاق اُڑاتے تھے ۔ تم رمجانی ٹھگ کو بھائی کہہ رہے ہو مگر اس کی اولاد تمھیں اپنا بزرگ یا چچاتسلیم نہیں کرتی ۔ میں تو یہی کہوں گا:
بھاگ اِن بردہ فروشوں سے کہاں کے بھائی
بیچ ڈالیں گے گے جو یوسفؑ سا برادر ہووے ‘‘
منافقت کی سونامی نے ضعیف معلم شبیر کو منہدم کر دیااس کے باوجود وہ وفا کا متلاشی تھا اور ایثار کے لیے اس کی تشنہ کامی نے اسے مضطرب کر دیاتھا۔ دعائے نیم شب سے فارغ ہوکر ضعیف معلم شبیر نے حسبِ معمول فغاں صبح گاہی میں امان کی تلاش شروع کر دی ۔ہمیشہ کی طر ح وہ فلک پر ٹمٹمانے والے ستارے گن کر رات گزارنے کی کوشش کر رہا تھا۔ سُوکھے ہوئے پیمانے زبان حال سے یہ کہہ رہے تھے کہ آب ِ رواں کے قحط نے یہاں کے مکینوں کی اُمیدوں کی فصل کو تاراج کر کے وقفِ خزاں کر دیا ہے ۔ رمجانی ٹھگ کے لواحقین نے بغض و نفرت کی جوخلیج پیدا کی اُسے پاٹنا اب بہت مشکل مر حلہ تھا۔ ضعیف معلم شبیر کا اب اپنے دل سے معاملہ تھاوہ حیرت واستعجاب کے عالم میں خودکلامی کرنے لگا :
’’ زندگی کے جان لیواصدمات جو گزشتہ سات عشروں میں مجھ ناتواں کو برداشت کرنے پڑے سیلِ زماں کے تھپیڑوں نے انھیں وقت بُرد کردیا۔ میرا ہنستا ،مسکراتااور گل افشانیٔ گفتارسے رنگ بکھیرتا چمن اجل کے بے رحم ہاتھوں سے دائمی سکوت اور مہیب سناٹوں کی بھینٹ چڑھ گیا۔جنھیں میں دیکھ دیکھ کر جیتا تھاوہ احباب کیا گئے کہ موسمِ بہار بھی مجھ سے رُوٹھ گیا۔میں نے مشیتِ ایزدی کے سامنے سر تسلیم خم کرتے ہوئے دل کے ٹکڑے چاند چہروں کو اپنے ہاتھوں سے لحد میں اُتارا۔ یہ آفتاب و ماہتاب جب سے تہہ ظلمات نہاں ہوئے اس کے بعد مقدر کی بھیانک تاریک رات میں گھر کے اُداس، بام کُھلے در اورویران آنگن سائیں سائیں کرنے لگا۔صوفیاکاکہناہے کہ دائمی مفارقت دینے والے حشر تلک خاموش رہتے ہیں لیکن میرے رفتگاں تو میری مسیحائی کی خاطرآج مر ہم بہ دست میر ے سامنے موجودہیں اور اُن سے تکلم کا سلسلہ جاری ہے ۔شہر خموشاں میں اپنی آخری آرام گاہ کو چھوڑ کر میرے یہ سب مُونس یہاں کیسے پہنچے ۔انھیں محو التفات دیکھ کر زمین دِل کے مانند کیوں دھڑک ر ہی ہے ؟دائمی مفارقت دینے والے یہی کہتے ہیںکہ اب ملاقات قیامت کے دن ہو گی ۔کیا قیامت برپا ہونے والی ہے ؟‘‘
نزدیکی مسجدکے موذن نے صبح کی پہلی اذان دی تو شبیرجوں ہی فجر کی نمازکی تیاری کے لیے اُٹھاسب غم گسار جنت کی جانب سدھا ر گئے ۔ ضعیف معلم شبیرنے اپنے رفتگاں سے ہونے والی اس ملاقات کے بارے میں کسی سے کوئی بات نہ کی ۔کچھ صدمات ،سانحات ،تجربات اور مشاہدات ایسے بھی ہوتے ہیںجو گویائی سلب کر لیتے ہیں اور ہاتھوں سے قلم چھین لیتے ہیں ۔
طوطاتواپنی نگاہیں بدلنے میں بلاوجہ بدنام ہے ۔اس طالبہ محافظہ ٔ رومان مصبہا بنو نے تواحسان فراموشی اور محسن کشی میں بروٹس کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ۔ عالمِ خواب میں ضعیف معلم شبیر کے اندیشے حقیقت میں بدل گئے۔ ضعیف معلم شبیر کوٹشو پیپر کی طرح استعمال کیااور مقالہ ملنے کے بعدکبھی اس بوڑھے اُستادکے دِلِ شکستہ کا حال تک نہ پُوچھا۔ ضعیف معلم شبیرکوبہت بعد میں رمجانی ٹھگ کے خاندانی حالات معلوم ہوئے ۔یہاں توآوے کاآوا ہی خراب تھاکردارکے اعتبارسے سب مفلس وقلاش یہاں جمع ہوگئے تھے۔ ضعیف معلم شبیر کے لکھے ہوئے مقالے کو شعبۂ امتحانات میںجمع کرانے کے دو ماہ کے بعد نتیجہ آیا اورمحافظہ ٔ رومان مصبہا بنو کو ڈگری مِل گئی ۔ مکر کی چالوں سے ڈگری ہتھیا لینے کے بعد اب یہ پِدی بڑی ڈھٹائی سے شاہین صفت معلم شبیر کوہیچ قرار دیتی ۔ نائکہ تفسہہ نے اپنی بیٹی محافظہ ٔ رومان مصبہا بنو کی کامیابی کی خوشی کے اس موقع پربھی ضعیف معلم شبیرسے اپنی بیٹی کے لیے تحفے تحائف ،مٹھائی ، قیمتی ملبوسات اور دو لاکھ روپے بٹورلیے ۔ ہر عید ،شب برات ،ملاقات ،خوشی و غم اورنائکہ تفسہہ کی شادی شدہ بیٹیوں کے ہاں اولاد کے جنم کے موقع پر بھی ضعیف معلم شبیر کی جیب کاٹ لی جاتی ۔ لُوٹ مار کاسلسلہ جاری تھامگر حالات کا زخم خوردہ ضعف معلم شبیرسرابوں کے صحرامیں بھٹک رہا تھا۔ ضعیف معلم شبیر کی کوئی امید بر نہ آتی اور نہ ہی مکر و فریب اور ٹھگی کے اس کھیل سے بچ نکلنے کی کوئی صورت نظر آتی تھی۔ ضعیف معلم شبیر کی ایک عزیزہ کلثوم بی بی نے تیزی سے بدلتے ہوئے حالات اور روّیو ںکو دیکھ کر محافظہ ٔ رومان مصبہا بنو سے کہا:
’’ مجھے اب معلوم ہوا ہے کہ میرے بھتیجے سجادکی دائمی مفارقت کے وقت تم نے اُس کے کمرے کی الماری سے اُس کا سارا سامان جس میں دو قیمتی لیپ ٹاپ ،ایپل کمپنی کے دو بیش قیمت موبائل فون، یوایس بی ،ڈیجیٹل کیمرے ،ویب کیم ، انعامی بانڈ ،سیونگ سر ٹیفکٹ ،گھڑی ،نقدی اور اُس کی ماں اور بہن کے زیورات شامل تھے لُوٹ لیے ۔ مصیبت کی اس گھڑی میں تم نے جو چوری کی وہ تمھاری بے حسی ،بے ضمیری ،بے غیرتی اور سفاکی کا منھ بولتا ثبوت ہے ۔ یہ سب اشیا میرے فطین بھتیجے نے بڑی محنت سے ٹیوشنیں پڑھا کر خریدے تھے ۔سجاد نے ان میں اپنے باپ کے وہ تمام مقالات کو کمپوز کرکے محفوظ کیاتھا جو ’’قدیم دکنی اور موجودہ اُردو زبان کے افعا ل کے تقابلی جائزہ ‘‘کے موضوع پر تھے ۔تم نے ایک ضعیف معلم کی علمی تحقیق کا سرقہ کیا تمھیں تو چُلّو بھر پانی میں ڈُوب مرنا چاہیے ۔ اوج ِ کمال تک پہنچنے کے لیے جعل ساز ی کرنے سے بہتر ہے کہ تم ارذال کے پاتال میں گرکر اپنی اصلیت کا اعتراف کر لو۔ تم فطرت کی تعزیروں اور مکافاتِ عمل سے غافل نہ رہوتم جیسی بے حس ڈائن اپنے گھناونے جرائم اور لُوٹ مار سے اپنے گھر میں دولت کے انبار تو لگا سکتی ہے مگرمعاشرتی زندگی میںرُو سیاہی اور ذلت ہمیشہ تمھارا تعاقب کرے گی۔تم جیسے جعلی لوگوں سے خلوص کی توقع رکھنا تباہ کن خودفریبی ہے ۔ پورا تحقیقی مقالہ چُرا کر لے جانا تمھاری کاہلی ،تن آسانی اور بد دیانتی کا قابل نفرت انداز سامنے لایا ہے ۔چربہ سازی ،سرقہ اور جعل سازی سے حاصل کی گئی ڈگری تمھارے لیے رسوائی اور ذلت کا ایسا طوق ثابت ہو گی جس سے گلو خلاصی کی کوئی صورت نہ ہو گی۔تم نے بے مقصد نمود ونمائش ،بے کار تصنع اور بے حیائی کی مظہر رعونت کا جو روّیہ اپنا رکھاہے اُسے دیکھ کر ہر باضمیر شخص تم سے بر ملا نفرت کا اظہار کرتاہے ۔ وقت کی ہر بات پر نظر ہے اور یہ تمھاری لُوٹ کھسوٹ کو دیکھ رہاہے تمھیں اس کا خمیازہ اُٹھانا پڑے گا۔ ‘‘
حرص ،ہوس اورجنسی جنون کے نتیجے میں محافظہ ٔ رومان مصبہا بنوکا کردار اس قدر مسخ ہو چکا تھاکہ اُس کی پوری شخصیت ہی مکمل طور پر منہدم ہو گئی ۔خیر اور شر میں تمیز کرنے کے بجائے وہ سب انسانوں کو سونے کے ترازو میں تولنے کی عادی تھی۔خلوص ،مروّت ،وفا ،ایثار اور دیانت داری کو وہ ہمیشہ نفرت کی نگاہ سے دیکھتی اور انسانیت کی توہین،تذلیل اور تضحیک میں دلچسپی لیتی تھی ۔زندگی کے نشیب و فراز کے بارے میں اُس کا زاویۂ نگاہ اُس کی جہالت کے کریہہ رُوپ سامنے لاتاتھا۔اُس کی شخصیت جنس و جنون کے پیچ و خم میں کھو گئی ۔اس متلون مزاج حسینہ نے اپنا مطلب نکالنے کے لیے نوجوان لڑکوں اور اُن کے ضعیف والدین کو بڑ ی بے دردی سے لُوٹا۔
سیاہی وال کی عورتیں جونائکہ تفسہہ کی محرم رازتھیں وہ یہ بات بر ملا کہتیں کہ اپنے شوہر رمجانی ٹھگ کی موت کے بعد نائکہ تفسہہ نے بیوگی کی چادر اوڑھ لی اور نو سو چوہے نگل کر یہ صحرائی چڑیل گربہ مسکین بن کر عدت میں بیٹھ گئی ہے ۔عدت کے سوگ کے دنوں میں بھی نائکہ تفسہہ نے چڑیل کا رُوپ دھار لیا اور ضعیف معلم شبیرکے خون پسینے کی کمائی پر ہاتھ صاف کرتی رہی ۔ آندھیوں،گردباد اور بگولو ںسے بچنے کے لیے نائکہ تفسہہ کے گھر میں رمزی ٹھگ کی صورت میں جوخام سی دیوار موجودتھی اجل کے ہاتھوں اس کے گرتے ہی ہرایلاخیلا،بھانڈ ،بھڑوے ،مسخرے ،لچے ،شہدے اور تلنگے نے ان کے صحن میںرستے بنا لیے ۔ نائکہ تفسہہ کی ہم پیشہ ،ہم مشرب و ہم راز قحبہ خانے کی مکین طوائفیں یہ بھی کہتیں کہ رمزی ٹھگ کے راہیٔ ملک عدم ہوتے ہی نائکہ تفسہہ کے گھر سے شرم و حیا ،احترام انسانیت ،وضع داری اوراخلاق نے بھی رختِ سفر باندھ لیا۔عدت کے دنوں میں بھی نائکہ تفسہہ کی عیاشی کم نہ ہوئی بل کہ اس میں اضافہ ہو گیا۔ اپنے شوہر رمزی ٹھگ کی موت کے بعد نائکہ تفسہہ کی بڑھتی ہوئی انسان دشمنی ،کینہ پروری اورسادیت پسندی کی وجہ سے مکڑوال کی عورتیں اُسے چڑیل اور ڈائن کہہ کر پکارتی تھیں۔بصیرت سے متمتع صاحب الرائے لوگوں اور شہر کی بزرگ خواتین کاخیال تھا کہ نائکہ تفسہہ کی سار ی اولاد منشیات،بداخلاقی،عریانی اور فحاشی کے محیط میں تھی ۔کالی دیوی کی پرستار اورکالی زبان والی سبز قدم نائکہ تفسہہ کوکالے جادو ،ٹونے اور سفلی علوم میں مہارت حاصل تھی ۔اپنے شکار کوجھوٹے وعدوں ،جعلی ترغیب و تحریص ،حسن و جمال کی جھلکی اور جنس و جنوں کی تحریک سے اپنے چنگل میں پھنسانااس کٹنی کے بائیں ہاتھ کا کھیل تھا۔سو پشت سے نائکہ تفسہہ کے خاندان کا پیشہ ٹھگی تھا ۔قحبہ خانے کی طوائفوں کے جنسی جنوں کے بارے میں کوئی بات پوشیدہ نہیں مگر نائکہ تفسہہ کی چا ل جداگانہ تھی معلمہ کی حیثیت سے ملازمت کے باوجود اُس نے اپنے آبائی پیشے سے تعلق بر قرار رکھا اور ٹھگی میں کوئی کسر اُٹھا نہ رکھی ۔قحبہ خانے میں خرچی کی کمائی سے اُس نے اُٹھا ن کوٹ ،کالاباغ اور شہر کے بڑے شہروں میں وسیع جائیدادبنالی تھی ۔باپ کے مرنے کے بعد جنس وجنوں ،حرص و ہوس ،موقع پرستی ،اور طوطاچشمی نے محافظہ ٔ روما ن مصبہا بنو کے علم ونسوانیت پر دبیز پردہ ڈال دیااور اس کا دامن تمام اخلاقی محاسن سے تہی ہو گیا ۔ اپنے گھونگھٹ کا پٹ کھول کر یہ عیار اور منشیات کی عادی حسینہ سدا کسی نہ کسی پیا کے ملنے کی منتظررہتی ۔وہ اس مقام پر پہنچ گئی تھی جہاںاس کے پرستار اس کے ذوق کی تسکین کے لیے ہمہ وقت موجودرہتے تھے۔اس کا بھائی گنوار انتھک تو ہمیشہ کی طرح آہن گروں کے ہاں قیام کرتا ،نائکہ تفسہ نے کالا باغ میں اپنے دیرینہ آشنا ؤں اور بیٹی سمن اور شگن کے شہر کالاباغ میں ڈیر ے ڈال لیے۔ محافظہ ٔ روما ن مصبہا بنو کی حفاظت کے لیے اس کا بچپن کا ہم جماعت اور پڑوسی بزاز کا نو جوان بیٹاموجود تھاجس کے ساتھ اُس نے خفیہ پیمان وفاباندھ رکھا تھا۔
زندگی کے مختلف مراحل سے وابستہ یادوں کو بھی بُور لدے چھتنار سے تعبیر کیا جاتاہے ۔ آلام ِ روزگار کے مہیب بگولوں اور سیل ِزماں کے تھپیڑوں کی زد میں رہنے والے زندگی کے مہ و سال کے یہ بانکے
پہرے دار لوحِ دِل پر انمٹ نقوش چھوڑ جاتے ہیں ۔یادو ںکے یہ اشجار انسان کو سمے کے سم کے ثمرکی زہر ناکی اور مسموم ماحول کی سفاکی سے محفوظ رکھتے ہیں ۔مصائب و آلام کی تمازت سے بچنے کی خاطر اکثر لوگوں یادوںکے شامیانے میں پناہ لیتے ہیں۔زندگی کی پیچیدہ راہوں اور سرابوں کے عذابوں میںمتعدد عطر بیز جھونکے ،شیریں اثمار اور گل ہائے رنگ رنگ رزقِ خا ک ہو جاتے ہیں ۔کئی بار ایسا بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ سرو و صنو بر کی وہ ڈالیاں جن پر طائرانِ خوش نوا زمزمہ پرداز رہتے تھے جب اُنھیں طوفان اُڑا لے گئے تو روح اور قلب کی دنیا میںزلزلہ بر پا ہو گیااور خانۂ دِل منہدم ہو گیا ۔ ممتاز مفکر ،مورخ اور دانش ورضیاالدین برنی ( 1285-1357)نے اپنی تصنیف تاریخ فیروزشاہی (1356)میںبر صغیر میں ٹھگی کی جن لرزہ خیز وارداتوں اور ان کے پس پردہ کارفرمامحرکات کاذکر کیاہے۔متعدد روایات سے معلوم ہوتاہے کہ نائکہ تفسہہ اور رمجانی ٹھگ کاخاندان ان ٹھگوں کا سر غنہ رہا۔نو آبادیاتی دور میں بر صغیر میںبر طانوی وائسرائے ولیم بینٹنک ( William Bentinck) نے اپنے عہدحکومت (1833-1835) میںان جلاد منش پیشہ ور ٹھگوں کی سرکوبی کافیصلہ کیا۔ ولیم بینٹنک نے جن چار سو بارہ (412) ٹھگوں کو دار پر کھنچوایا ان میں زیادہ تر تفسہہ کے آباو اجداد تھے ۔اپنے اس خاندانی پس منظر کے باعث یہ رذیل نائکہ ہر عورت کو کاٹنے کے لیے دوڑتی اور ہر عمر کی شادی شدہ عورت کو بد دعاکرتی اور غراتے ہوئے کہتی :
’’ تقدیر نے مجھے بیوگی کی چادر اوڑھنے پر مجبور کر دیاہے اور میں نے اپنے دل میں شادی کی یادوں کو بچابچا کے اور سجا سجا کے رکھا ہوا ہے ۔جس شادی شدہ عورت نے میری بات نہ مانی اور میرے ڈھب پر نہ آ ئی میں اس کے شوہر کا دھڑن تختہ کر دوں گی اور اسے بھی میری طرح بیوگی کی چادرسنبھال سنبھال کر رکھنی پڑے گی۔ ‘‘
رمجانی ٹھگ کی وفات کے اگلے روزشبیر علی الصبح بیدار ہوا اور مسجد میں نمازفجر با جماعت ادا کی ۔نماز فجر کے بعد شبیر نے قرآن حکیم کی تلاوت کی اور دعا کی ۔اس کے بعد وہ بیوہ نائکہ تفسہہ کے گھر کے بیرونی دروازے پر پہنچا اور دستک دی ۔سمن نے درواز ہ کھولا توشبیر کو ایسا محسوس ہوا کہ اس گھر کے آ نگن سے موت کا لشکر کیا گزرا کہ شرم و حیا کا سب اسباب اور غیرت و حمیت کی متاع بھی لُٹ گئی۔ شبیر نے دیکھاکہ محافظہ ٔرومان مصبہا بنو نیم عریاں لباس پہنے ننگے سر گھر کے صحن میںٹہل رہی تھی۔ بر آمدے کے سامنے والے کمرے میں نائکہ تفسہہ چار پائی پر لیٹی مُردو ںسے شرط باندھ کر خراٹے لے رہی تھی۔اس کے پاس ہی اس کی بیٹی کا سسر بھی آرام کر رہا تھا۔
ضعیف معلم شبیر کو دیکھ کر محافظہ ٔ رومان مصبہا بنونے چونک کر کہا:
’’کیا بات ہے ؟اتنی جلدی یہاں آنے کی کیا ضرورت ہے ؟
ضعیف معلم شبیر نے کہا:
’’صبح کی نماز پڑھو اور مہمانوں کے لیے صبح کے ناشتے کا انتظام کرو۔‘‘
محافظہ ٔ رومان مصبہا بنونے غراتے ہوئے کہا:
’’ہم نے عبادت کسی کے کہنے پر نہیں کرنی ۔یہ خالق اور مخلوق کا معاملہ ہے جس میں دخل اندازی کی ضرورت نہیں ۔جہاں تک ناشتے کا تعلق ہے تو سُن لو کہ اس و قت ہمارے گھر میں نہ تو دودھ ہے ،نہ چائے کی پتی ،نہ چینی،نہ بسکٹ اور نہ ہی ایندھن ۔ میرے باپ کے جانے کے بعدکچھ بھی نہیں بچا سب کچھ ختم ہو گیا ۔گھر اور دیوار و در کی صورت ہی بدل گئی ہے ۔ مہمان نوازی کرنے والا تو چل بسا اب ہم یتیموں کے معاملات میںدخل اندازی کرنے والے آ پہنچے ہیں ۔‘‘
ضعیف معلم شبیر نے پریشانی کے عالم میں کہا:
’’ تمھاراباپ رمجانی ٹھگ اس دنیا سے خالی ہاتھ گیا ہے اور یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ اس کا عہد و پیمان اور خلوص سب جعلی تھا مگر اس کی دائمی مفارقت نے مجھے حقیقی کرب میں مبتلا کر دیا ہے ۔تمھاری باتوں سے یہ تاثر ملتاہے کہ تمھارا باپ رمجانی ٹھگ گھر کا ساراسامان ساتھ لے کر شہر خموشا ںکی جانب چل دیا اور ردائے خاک اوڑھ کر سو گیا۔بادی النظر میں کرب اور صدمہ دو مختلف الفاظ ہیں مگررو ح اور قلب پر ان کا اثر ایک جیسا ہوتاہے ۔یہ دونوں الفاظ انسان کے سوئے عدم روانگی کے بعد نہ صرف مکان بل کہ مکینوں کو بھی مکمل طور پر منہدم کر دیتے ہیں جبھی تو اِس خرابے میں خاک اُڑتی نظر آ تی ہے ۔‘‘
محافظہ ٔ رومان مصبہا بنونے مگر مچھ کے آ نسو بہاتے ہوئے کہا:
’’ رات کا کھانا میرے ماموں نے دیاتھا۔دو پہر کا کھانامیرے بہنوئی دینے والے ہیں ۔آج صبح کاناشتہ کس کے ذمے ہے مجھے کچھ معلوم نہیں ۔اگر اپنے ہم جماعت کی وفات کے موقع پر تعزیت کے لیے آنے والے مہمانوں کا اتنا ہی احساس ہے تو کر دو ناشتے کا انتظام ۔ میری ماں عدت میں ہے اس لیے وہ کسی غیر محرم سے انتظامات کے سلسلے میںبات نہیں کر سکتی ۔‘ ‘
ضعیف معلم شبیر نے کہا:
’ ’ اندر کچھ اجنبی مرد تو موجود ہیں جو تمھاری ماںنائکہ تفسہہ سے گفتگو کر رہے ہیں ۔‘‘
محافظہ ٔ رومان مصبہا بنونے غراتے ہوئے کہا :
’’ یہ سب میری بہنوں کے سسرالی رشتہ دار ہیں اور یہ سب میریں ماں تفسہہ ،میرے اور میرے خاندان کی سب خواتین کے محرم ہیں ۔‘‘
اسی اثنا میں محافظہ ٔ رومان کا بچپن کا ساتھی پڑوسی بزاز کا نوجوان بیٹااندر داخل ہوا اور محافظہ ٔ رومان مصبہا بنوکو گلے لگاکر اُس کی ڈھارس بندھائی اورمگر مچھ کے آ نسو بہانے لگا۔
مہمانوں کے ناشتے کے لیے درکار تمام ضرور ی سامان خریدنے کی غرض سے ضعیف معلم شبیر شہر کی جانب روانہ ہوا ۔کچھ دیر کے بعد جب وہ واپس پہنچا تو اس نے یہ سامانمحافظہ ٔ رومان مصبہا بنوکے حوالے کردیا۔اس کے ساتھ ہی ایک وقت کی روٹی کے اخراجات کے لیے پچاس ہزار روپے بھی اس ہتھیلی پر رکھ د ئیے ۔ محافظہ ٔ رومان مصبہا بنو یہ سب کچھ تھام کر اندر چلی گئی جہاں پڑوسی نوجوان اپنے گھر سے اس کا ناشتہ لایا تھا۔دونوں نے مِل کر ناشتہ کیا اور ماضی کی یادوں کی اساس پر حال کو پیش نظر رکھ کرمستقبل کے منصوبے بنانے لگے ۔
محافظہ ٔ رومان مصبہا بنو نے اپنے دیرینہ آشنا اور پڑوسی بزاز کے بیٹے سے لپٹ کر کہا:
’’زندگی کی کچھ یادیں ایسی بھی ہوتی ہیں جو سوہانِ روح بن جاتی ہیں ۔میری منگنی کے بارے میں جو کچھ ہوا وہ ہماری فریب کاری کے سوا کچھ نہیں ۔میر ے باپ نے ایسی چال چلی کہ ضعیف معلم شبیر اس میں بُری طرح مات کھا گیا۔تم مجھ پر بھروسا کرو میں بچپن کی محبت کی حفاظت کرو ںگی ۔ صرف تم ہی تنہا میری الفت کا دم نہیں بھرتے بل کہ اس ملک کے ہزاروں نوجوان میرے ساتھ پیمان وفا باندھ کر اپنے والدین کی زندگی بھر کی کمائی سے محروم ہو چکے ہیں۔ ‘‘
محافظہ ٔ رومان مصبہا بنو کے دیرینہ آشنا نے آگے بڑھ کر اپنی محبوبہ کو گلے لگایا اور کہا:
’’ اپنے نئے شکار کے بارے میں تو کچھ بتاؤوہ کیساہے ؟‘‘
محافظہ ٔ رومان مصبہا بنو نے ناز و ادا سے کہا:
’’ ہائے میں کیسے بتاؤں کہ ضعیف معلم شبیر نے مجھے اپنی بہو بنانے کے لیے کتنی قربانیاں دیں۔اِس کا بیٹا جسے میرا منگیتر بنایا گیامیں اُس سے کبھی نہیں مِلی۔اپنے باپ رمجانی ٹھگ کے اشارے پر میں نے طے شدہ منصوبے کے مطابق اپنے تمام اہداف حاصل کر لیے ہیں ۔ایم ۔فل ( اردو ) کا مقالہ جن دو نئے لیپ ٹاپس میں تھا وہ میں نے چُرا لیے ہیں،ایپل کے دونئے موبائل فون،انعامی بانڈ ،سیونگ سر ٹیفکٹ اور زیورات میں نے اپنے باپ رمجانی ٹھگ کی ہدایت کے مطابق اُس وقت لُوٹے جب ضعیف معلم شبیر کا پورا خاندان نوجوان بیٹے سجاد کی اچانک وفات کے باعث غرقابِ غم اور نڈھال تھا۔ بوڑھے معلم شبیر کو جی پی فنڈ کی ساٹھ لاکھ روپے کی جو رقم ملی تھی وہ بھی میں نے اپنے باپ رمجانی ٹھگ کے بتائے ہوئے طریقوں پر عمل کر کے مختلف حیلے بہانوں سے اپنے سسرال والوں سے بٹور لی ہے ۔اب تو ضعیف معلم شبیر کا صرف پنشن پر گزاراہے اور اُس کے پاس اپنے علاج کے لیے بھی کچھ نہیں بچا ۔ میں نے طارق،نور دین ،کمال خان ،جلال،نصیر ،ظہیر ،طفیل ، طبیب جلال کے بیٹے عبدالرافع کو بھی اسی طرح لُوٹا ہے ۔مجھے کار ،عالی شان فارم ہاؤس اور اعلا ملازمت کی تمنا تھی وہ سب پوری ہو چکی ہیں ۔ پہلے بھی میں نے اپنی زندگی کے بتیس سال تمھارے گھر میں گزارے ہیں اب میری باقی زندگی تمھارے نام ہو چکی ہے ۔تم نے بھی بے تحاشا رقم مجھ پر وار دی ہے ۔ ‘‘
محافظہ ٔ رومان مصبہا بنو کے آشنا نے اُسے گلے لگالیا اور کہا:
’’ تمھارا باپ رمجانی ٹھگ ایک خطرنا ک ٹھگ تھا جس نے بڑی سفاکی سے لوگو ںکو لُوٹاہے ۔مگر میں نے بھی اُس کی بیٹیوں اور اُس کے خاندان کی تمام دوشیزاؤں کو زرومال کی چمک دکھا کر جی بھر کر لُوٹاہے ۔ میں نے کسی شرط کے بغیر اپنے والدین کی دولت اور عزت کو داؤ پر لگایا اور تم سے پیمانِ وفا باندھا۔ تمھاری پیمان شکنی ،ٹھگی اور لُوٹ مار کے افسانے پورے شہر میں مشہور ہیں ۔ تمھارے ریشے ریشے میں حرص و ہوس اور جنس و جنون کی تپش سرایت کر گئی ہے ۔میں چاہتاہوں کہ اب تم سادہ لوح نوجوانوں اور ان کے ضعیف والدین کو فریب دینے سے باز آجاؤ اور میرے گھر میںملکہ بن کر راج کرو۔اب تک تم نے کتنے نوجوانوں کوشادی کا جھانسہ دے کر منگنی کی آڑ میں لُوٹاہے ؟ ‘‘
محافظہ ٔ رومان مصبہا بنو نے ہنہناتے ہوئے کہا:
’’ تم کہاں تک سنو گے اور میں کہاں تک بتاؤں میرے ہزاروں معاشقے ہیں کِس کِس کا حال سناؤں؟سب سے پہلے تو تم میرے شکار بنے جب میں چھے سال کی تھی اور تم دس سال کے تھے ۔اس کے بعد یہ سلسلہ جاری رہا اور اب میں بتیس سال کی ہو چکی ہوں اور اپنے باپ رمجانی ٹھگ کی منصوبہ سازی سے قریباًدو ہزار نوجوان اب تک اپنے والدین کی زندگی بھر کی کمائی میرے عشق میں لُٹوا چُکے ہیں ۔ نوجوان لڑکے اپنے والدین کی زندگی بھر کی کمائی میر ے قدموں میں اس لیے ڈھیر کر دیتے ہیں کہ میں نائکہ تفسہہ اور رمجانی ٹھگ کی تربیت سے بہو کی اداکاری کر کے اپنے جسم و جاں کو اُن نوجوانوںکے حوالے کر دیتی ہوں جو ہر قیمت پر مجھے اپنی شریک حیات بنانے کے لیے بے چین ہوتے ہیں ۔سیاہی وال،اُٹھان کوٹ کے تجارتی پلاٹ ،لاہور ،اسلام آباد ،سرگودھا اور فیصل آباد کے بڑے بڑے فار م ہاؤس سب کچھ میری اداکاری، رمجانی ٹھگ کی شاطرانہ چالوں، میری ماں تفسہہ اور میری بہنوںکی خرچی کی کمائی ہے ۔‘‘
ضعیف معلم شبیر نے یہ سب باتیں سُن لی تھیںوہ خاموشی سے وہاں سے نکل آیا اور اپنے دل سے مشورہ کرنے کے بعد اس نتیجے پر پہنچا کہ یادیں محبتوں میں ہوس کی اسیری سے نجات دلاتی ہیں اور ایک شانِ استغنا کے ساتھ حالات کا خندہ پیشانی سے مقابل کرنے پر مائل کرتی ہیں ۔خارزارِ حیات کے آبلہ پا مسافر بالعموم یادوں کی مشعل تھام کر منزلوں کی جستجو جاری رکھتے ہیں۔ کوئی تلخ یادوں کو لاکھ بھلانا چاہے مگر ان سے گلو خلاصی ممکن ہی نہیں ۔اپنے عزیزوں کی یادیں در اصل چاہت ،خلوص اورایثار کی تمازت سے لبریز ایک ایسا معد ن ہیں جہاں وفا کے بیش بہا موتیوں کی فراوانی ہے ۔
عزیز نے جب اپنے شوہر کو پریشان دیکھا تو بولی :
’’ سیاہی وال کے دروبام پر کسی آسیب یاعفریت کا سایہ ہے ۔جسے دیکھوفریب اور ٹھگی کی چالوں سے لُوٹ مار کرنے پر تُلاہے ۔ رمجانی ٹھگ کی بیٹی محافظہ ٔ رومان مصبہا بنو کے چہرے پر ذلت اور تخریب برستی نظر آتی ہے ۔اِس عیار محسن کُش طوائف کی پیشانی کی رگوں میں رواں جنس و جنوں اور ہوس سے آ لودہ سیاہ خون نے اِس کی رُو سیاہی میں اضافہ کر دیا ہے ۔دِن کی روشنی میں بھی اس ڈائن کو دیکھ کر اس کے باطن کی تاریکی اور نحوست سے دل دہل جاتاہے ۔اس کی کرگسی آ نکھوں میں عریانی ،فحاشی اور سادیت پسندی کا نشہ گُھلاہوا ہے ۔ردائے بے حسی اوڑھ کر اپنے قحبہ خانے سے نکلنے والی یہ عیار طوائف اس طرح باہر جاتی ہے جیسے کوئی ماہر شکاری اپنے شکار کی تلاش میں نکلتاہے ۔ ‘‘
شبیر نے آہ بھر کر کہا:
’’ تم سچ کہتی ہو وفور ِجنس و جنوں اور حرص و ہوس کے بڑھتے ہوئے افسوں نے اخلاق اور کردار سے عاری اس طوائف کو سفاکی ،شقاوت ،بے حسی ،بے غیرتی اور بے ضمیری کی بھینٹ چڑھا دیا ہے ۔نجوم فلک خورشید جہاں تاب کی رفاقت میں پیہم سرگرم ِ سفر ہیں ۔انجم وماہتاب کا غروب ہونا اصولِ فطرت ہے ،رمجانی ٹھگ کا قحبہ عبرت کی تصویر بن جائے گا۔رمجانی ٹھگ تو آستین کا سانپ تھا ہی اس کے پس ماندگان نے بھی لُوٹ مار میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔ مگر اب تک معاملات جوں کے توں ہیں ۔اب تو ماضی کی یادوں کے سوا کچھ سجھائی نہیں دیتا۔دائمی مفارقت دینے والوں سے وابستہ یادوں کو من و عن پیش کرنا
اور الفاظ کے رباب پر منفرد آ ہنگ میں ان کو الاپنا کسی کے بس کی بات نہیں ۔‘‘
رمجانی ٹھگ کے ہاتھوں لُٹے پٹے لو گ کاسۂ انصاف تھا پلٹ پلٹ کر اس عادی دروغ گو اور رذیل ٹھگ کے لیے بد دعا کرتے تھے ۔فطرت کی تعزیریں نہایت سخت ہیں وہاں دیر کا اامکان تو ہے مگر اندھیر کا کوئی تصور ہی نہیں۔ نائکہ تفسہہ کا دامن ہوش و خر د سے خالی تھا ۔رمجانی ٹھگ کی ہلاکت کے بعد بتیس سالہ رذیل طوائف محافظہ ٔ رومان مصبہا بنو کی شادی کیہند سندھ میں منادی ہو گئی۔رمجانی ٹھگ کے ترکش کا آخری تیر بھی چل گیا اور نائکہ تفسہہ ایام گزشتہ کی کتاب کی ور ق گردانی اور کسی نئے ماڈل کی تلاش میں ہے ۔سیاہی وال میں رمجانی ٹھگ اور تفسہہ کا قحبہ خانہ جہاںہر وقت عیاش تماشائیوں کاتانتا بندھا رہتاتھا،اب وہاں اُلّو بولتے ۔ اگرچہ نائکہ تفسہہ کا دامن ہوش و خر د سے خالی تھا مگر اُس نے اپنے قحبہ خانے کے لیے آ ہن گرو ںکی بستی سے ایسی بہو تلاش کر لی جس نے جنس میںمندے کے رجحان کو قدرے کم کر دیا۔ شادی کے بعدسرِ شام ہر روز چند گھنٹوں کے لیے محافظۂ رومان مصبہا بنو بھی اپنی رازدار سہیلیوں کو ساتھ لے کر اپنی ماں نائکہ تفسہہ کاآموختہ دہرانے اپنے آبائی قحبہ خانے میں آتی ہے اور بندِ قبا سے بے نیاز ہو کر پرانے آ شناچہروں کو دیکھ کر اور ان سے مِل کر تسکین حاصل کرتی ہے ۔
چند ماہ قبل نائکہ تفسہہ نے اپنے قحبہ خانے میں کام کرنے والی ایک لڑکی کے ایک عاشق سے بھاری رقم اینٹھ لی اور فیصلہ کیا کہ اپنے آنجہانی شوہر رمجانی ٹھگ کی قبر کو پختہ کرا کے وہاں لوح ِ مزار نصب کرادے ۔ نائکہ تفسہہ جب اپنی بیٹیوں ،رشتہ داروں ، محافظہ ٔ رومان مصبہا بنو ،مزدور اور مستری رمجانی ٹھگ کی قبر پر پہنچے تو وہاں ایک گہرا گڑھا موجود تھاجس میں کئی کتے لیٹے غرا رہے تھے۔شہر خموشاں کے تین بوڑھے گور کن وہاں پہنچے اور کہا:
’’ جس رات رمجانی ٹھگ کویہاں دفن کرنے کے بعداس کے پس ماندگان اپنے اپنے گھروں کو چلے گئے ۔ خرگوش کی جسامت کے سیکڑوں فربہ بِجو نہ جانے کس سمت سے نمودار ہوئے جنھوں نے رمجانی ٹھگ کی قبر کو اپنے نو کیلے پنجوں سے کھود ڈالا ۔اس کے بعد رمجانی ٹھگ کا ڈھانچہ نوچ لیااور ہڈیاں شہرخموشاں میں بکھر گئیں ۔اگلی صبح زاغ و زغن اور کر گس غول در غول وہاں آ گئے اور ہڈیوں کو اپنی نوکیلی چونچوں میں پکڑکر دریاکے کنارے گھنے جنگل میں واقع شمشان گھاٹ کی جانب پرواز کر گئے اور یہ ہڈیاں وہا ںبکھر گئیں۔ چند روز کے بعد جنگل میں پُر اسرار آتش زدگی کے نتیجے میں سب کچھ راکھ ہو گیا۔وہ دیکھو رمجانی ٹھگ کی قبر کے گڑھے میں خارش زدہ سگان ِراہ نے بسیرا کر لیا ہے ۔ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ ہلاکت کے بعدرمجانی ٹھگ کی جون بدل گئی ہے اور وہ سامنے اس کی قبر کے گڑھے میں لیٹاخضاب آلودہ سگ در اصل رمجانی ٹھگ ہی ہے ۔کبھی کبھی ایک کاتک کی کتیابھی اپنی کتیاؤں کے ساتھ اس طرف آ نکلتی ہے ،باطنِ ایام کو سمجھنے والے اکثر لوگوں کا گمان ہے کہ ہو نہ ہو یہ نائکہ تفسہ ہے جو تیامت کے مانند رُوپ بدل کر چڑیل کی صورت میں آفت نا گہانی بن جاتی ہے ۔ ‘‘
ایک جہاں دیدہ بوڑھے گورکن نے آ ہ بھر کر کہا:
’’ فریب ِ خواب ہستی کی حقیقت اس کے سوا کیا ہے کہ ماضی میں دہشت کی علامت رمجانی ٹھگ کی دو آ نکھیں مُندنے کے بعداُس کی آخری آرام گاہ بھی اُس کے ساتھ ہی اب ا فسانہ اور عبرت کا تازیانہ بن چُکی ہے ۔‘‘